وزن کو قابو میں رکھنے والے 10 کم کیلوری پر مبنی پکوان

وزن کو قابو میں رکھنے والے 10 کم کیلوری پر مبنی پکوان

وزن کو قابو میں رکھنے والے 10 کم کیلوری پر مبنی پکوان


 بہت زیادہ پیٹو اور چٹورے ہونے کے اپنے کچھ نقصانات ہیں، چٹورے پن کا محور و مرکز بھوک اور ذاتی اطمینان پر مبنی ہوتا ہے مگر اس سے ہونے والے نقصانات کا ایک ہی مرکزہ ہوتا ہے اور وہ ہے آپ کی صحت۔ 
بہت زیادہ کھانا اور غیر صحت مند کھانے تناول کرنا آپ کے کولیسٹرول میں اضافے کا باعث بنتا ہے، آپ کے دل کی صحت پر اثر ڈالتا ہے اور آپ کے وزن کو بڑھانے کی بنیادی وجہ بنتا ہے۔
اگر کوئی شخص بھاری جثے کا حامل ہے تو اسے وزن قابو میں رکھنے کے لئے جسمانی مشقت اور ورزش کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ تاہم ایسے شخص کو اپنی روز مرہ کی خوراک پر بھی دھیان دینے کی ضرورت ہے تاکہ غذائی ضرورت بھی پوری ہوجائے اور مناسب مقدار میں کیلوریز بھی حاصل ہوں۔ 
جب ہم مناسب کھانے یا ڈائیٹ کی بات کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب قطعی نہیں ہوتا کہ آپ بالکل ہی کھانا چھوڑ دیں اور بھوکے رہنے لگیں۔ اس بات کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آپ اپنی روز مرہ غذا میں کم کیلوریز پر مشتمل ایسے پکوان شامل کریں جس سے آپ کے جسم کی یومیہ خوراک کی ضرورت بھی پوری ہو اور آپ کا وزن بھی قابو میں رہے تاکہ آپ تندرست، چست اور توانا نظر آئیں۔ 
ذیل میں ہم کم کیلوریز پر مشتمل 10 ایسے دیسی، روایتی اور مزیدار پکوانوں کی فہرست دے رہے ہیں جن کو کھانے سے آپ کی لذتِ کام و دہن کی تمنا بھی پوری ہوگی اور آپ کا بدن بھی توانا، سڈول اور چست رہے گا۔ 
تو آئیے ایک صحت مند طرزِ زندگی کی طرف سفر آغاز کرتے ہیں۔ 


بھنڈی فرائی
ہری سبزیوں میں شامل بھنڈی قدرت کا ایک حیرت انگیز تحفہ ہے، چھوٹی سی بھنڈی اپنے اندر صحت کے حوالے سے بے پناہ اور کثیر الجہت فوائد رکھتی ہے خاص طور پر وزن کو اس کی حد میں رکھنے کے لئے بھنڈی کھانا بے حد فائدہ مند ہے۔ آپ کی مرضی اور پسند پر منحصر ہے کہ اسے تل کر کھائیں یا مسالہ جات کے ساتھ سالن کی شکل میں پکا کر کھائیں۔ بھنڈی سے بنے پکوانوں کو آپ برائون بریڈ یا چاولوں کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں۔ 
بھنڈی فرائی ایک روایتی اور مزیدار ڈش ہے جو پاکستان اور بھارت سمیت پورے برِصغیر میں مقبول ہے۔ جو لوگ صحت مند کھانے کھانے کے شوقین ہیں وہ ہمیشہ سے بھنڈی فرائی کو اپنے دستر خوان کی زینت بناتے آئے ہیں۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ بھنڈی فرائی بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔
 

                         لوکی پالک
ہزار خوبیوں سے بھری لوکی اور بے شمار صفات کی حامل پالک جب ایک ہی خوان میں سماتی ہیں تو ان کے امتزاج سے ایک بہترین اور صحت مند پکوان تیار ہوتا ہے جسے ہم نے لوکی پالک کا نام دیا ہے۔ ایک صحت مند ظہرانے یا عشائیے کے لئے لوکی پالک ایک شاندار انتخاب ہے اسے تندوری نان وغیرہ کے ساتھ کھانے کے بجائے برائون بریڈ کے ساتھ کھائیں تاکہ آپ کے وزن پر اثر نہ پڑے۔ اس پکوان میں فائبر اور آئرن کی کثیر مقدار آپ کے بدن کو مطلوبہ تقویت اور توانائی فراہم کرتی ہے۔
ہری سبزیوں میں شامل پالک اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتی ہے اسے کھانے سے سرطان کے امکانات میں کمی آتی ہے، دمہ کی تکلیف سے بچاتی ہے اور ذیابطیس کو قابو کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ مزیدار لوکی پالک بنانے کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھاسکتےہیں۔

                            
دیگی روسٹ
عام طور پر عشائیے پر مشتمل تقریبات جنہیں ہم عام زبان میں ڈنر پارٹیز بھی کہتے ہیں اپنے صحت مند اور کیلوریز سے بھرپور کھانوں کے لئے جانی جاتی ہیں تاہم آپ کم کیلوریز والے مگر تقویت بخش کھانوں سے اس تصور کو بدل سکتے ہیں۔ اگر آپ نے اپنے گھر پر عشائیہ رکھا ہے تو اس میں پوری مرغی کو روایتی مسالے لگا کر دیگی روسٹ بنائیں جس میں کیلوریز تو کم ہیں مگر لذت اور ذائقہ ایسا بھرپور ہے کہ کھانے والے اپنی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں۔ دیسی اور روایتی کھانوں میں شامل دیگی روسٹ کو نوابی چرغہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اگر آپ کو اسے پکانے میں دلچسپی ہے تو  دیگی روسٹ کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھاسکتےہیں 
                            
گارڈن سلاد کپ
جب آپ اپنے بڑھتے ہوئے وزن کے حوالے سے فکرمند ہوں اور وزن کو قابو میں رکھنے کے لئے لگے بندھے اور بدمزہ کھانے کھا رہے ہوں تو ایسے عالم میں آپ کو ضرورت ہوتی ہے ہلکی پھلکی اشتہا انگیز غذائوں کی جنہیں آپ مرکزی کھانے سے قبل کھا سکیں۔ خاص طور پر اُس وقت جب آپ اپنے گھر میں کسی عشائیے کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہوں۔ بند گوبھی کے بنے بنائے قدرتی پیالوں میں گارڈن سلاد کی پیشکش نہ صرف آنکھوں کو بھلی لگتی ہے بلکہ کھانے والوں کو بھی مزہ آتا ہےاور اسے کھانے کے بعد ہاتھ تیزی سے دستر خوان پر چُںے گئے مرکزی کھانے کی طرف بڑھتا ہے۔ توانائی اور قدرتی اجزا سے بھرے گارڈن سلاد کپ آپ کے دستر خوان اور مزاج کو انتہائی خوشگوار بنا دیتے ہیں۔ اس خوبصورت اور منفرد سلاد کو گھر پر بنانے کے لئے آسان ترکیب سے فائدہ اٹھائیں۔ 

                             
اچاری دال
اگر آپ کو یہ لگے کہ آپ کے ڈائیٹ پر مبنی معمولات بے مزہ ہیں اور آپ کو بور کررہے ہیں تو قبل اس کے کہ آپ ڈائیٹنگ کو خیرباد کہہ دیں ہم آپ کو مزید کچھ ایسے لذیذ اور مزیدار کھانوں کی صلاح دیں گے جنہیں کھانے سے آپ کے بدن کی توانائی کی ضروریات بھی پوری ہوں گی اور آپ کی زندگی میں کچھ اور مزیدار کھانے بھی شامل ہو جائیں گے۔ اسی سلسلے میں ہم آپ کے لئے لے کر آئے ہیں مزیدار اچاری دال جو معمول کے دال پر مبنی پکوانوں سے بہت ہٹ کر ہے کیونکہ اس میں شامل اچار کا تیکھا اور چٹخارے دار مزہ آپ کے کھانے کو لذت اور ذائقے سے بھردے گا اور آپ کھانا کھانے کے بعد انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے۔۔ آپ مزیدار اچاری دال بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں لہذا آج سے ہی اپنی ڈائیٹ میں اچاری دال کو بھی شامل کرلیں۔ 

                          
دال بھرے کریلے
قیمہ بھرے کریلے تو آپ نے کھائے ہی ہونگے مگر اس میں شامل لحمیات آپ کے وزن کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں اس لئے ہم نے آپ کے لئے یہ مزیدار دال بھرے کریلے تیار کئے ہیں جو مزیداری میں کسی سے کم نہیں اور کم کیلوریز کے باعث آپ کے وزن میں اضافے کا باعث بھی نہیں بنتے۔
کریلے کے بارے میں تو آپ جانتے ہی ہیں اپنے کڑوے اور کسیلے ذائقے کی بنا پر یہ منفرد سبزی ہر دستر خوان کی زینت نہیں بنتی اور نہ ہر کسی کو پسند ہے۔ تاہم اگر اچھے سے صفائی ستھرائی کے بعد نمک لگا کر کریلوں کو پکایا جائے تو اس کی کڑواہٹ دور ہوجاتی ہے اور ان کا اصل مزہ بحال ہو جاتا ہے۔ دال بھرے کریلے خاص طور پر ان خواتین و حضرات کے لئے بہترین ہیں جو وِیگن ڈائیٹ پر عمل پیرا ہیں۔ اس منفرد پکوان کا ذائقہ بڑھانے کے لئے اسے رائتے کے ساتھ کھائیں یا زیرے والے دہی کے ساتھ اور ان کے ساتھ تندوری نان کے بجائے برائون بریڈ کھائیں تو زیادہ بہتر ہے۔ 

                       
حمس
یہ مزیدار اور صحت مند پکوان بنیادی طور پر مشرق وسطیٰ کے روایتی کھانوں سے تعلق رکھتا ہے۔ اس میں شامل دالیں، زیتون کا تیل اور لیموں کا رس اس کے لاجواب مزے کو دوبالا کرتا ہے، اس پکوان کا آغاز 13 ویں صدی عیسوی میں ہوا۔ اپنے منفرد اور بے مثال ذائقے کی بنا پر یہ پکوان دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مقبول ہوگیا۔ اسے خشک ڈبل روٹی یا خمیری روٹی کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ یہ آپ کی طبیعت میں بھاری پن پیدا نہیں کرتا اور اسے بنانا بھی بہت آسان ہے۔ آپ اس منفرد پکوان کو بنانے کی ترکیب جان سکتے ہیں۔
                   
پالک دال
ابھی ہم نے آپ کو بتایا کہ ہری سبزیوں میں شامل پالک بے پناہ خواص کی حامل ہے جو نہ صرف کئی طرح کی بیماریوں سے آپ کو بچاتی ہے بلکہ اس میں موجود آئرن اور فائبر کی کثیر مقدار آپ کے جسم کو صحت و توانائی فراہم کر کے آپ کی ہڈیوں کو بھی مضبوط اور توانا بناتی ہے۔ پالک کو اگر دال کے ساتھ ملا کر پکایا جائے تو نہ صرف اس کی لذت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی اس کے فوائد بڑھ جاتے ہیں۔ اسے پکاتے وقت مسالوں کی مقدار آپ کی پسند اور ذوق پر منحصر ہے کہ آپ کرارا کھانا کھانا چاہتے ہیں یا کم مسالے والا کھانا آپ کے لئے مناسب رہے گا۔
اسے برائون رائس کے ساتھ کھائیں یا برائون بریڈ کے ساتھ یہ ہر طرح سے آپ کے بدن کی توانائی کی ضروریات پورے کرے گا اور آپ کے چٹورے پن کے اطمینان کا باعث بھی بنے گا۔ آپ پالک دال بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔ ہماری مانیں تو آج ہی اس مزیدار پکوان کو اپنے دستر خوان کی زینت بنائیں۔
 
                          
ہریسہ چکن روسٹ
پسے ہوئے تیکھے مسالے لگا کر میرینیٹ کئے ہوئے چکن کی بوٹیوں کو اچھی طرح تلنے کے بعد اپنے دستر خوان کی زینت بنائیں اور اپنے پیاروں کے چہرے پر رونق لائیں کیونکہ یہ ایک لاجواب پکوان ہے جو مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ توانائی بخش بھی ہے اور کھانے کے بعد آپ کے معدے پر بوجھ بھی نہیں بنتا۔ اسے پودینے یا املی کی چٹنی کے ساتھ کھائیں تو اسکا مزہ دو بالا ہو جاتا ہے۔ ڈائیٹ کرنے والے خواتین و حضرات برائون رائس یا بریڈ کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔ آپ مزیدار ہریسہ چکن روسٹ بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔  
                                
چنا چاٹ
ڈائیٹ پر ہونے کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ دن کے درمیان میں کوئی چیز نہیں کھا سکتے۔ آپ بالکل یہ کر سکتے ہیں اور آپ کو کرنا بھی چاہئے تاہم اس بارے میں اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ دن کے درمیانی حصے میں کھایا جانے والا کھانا کم کیلوریز کا حامل ہو اور آپ کو لذتِ کام و دہن دینے کے ساتھ آپ کے جسم کو توانائی بھی فراہم کرے۔ چنا چاٹ ایسی ہی ایک مزیدار ڈش ہے جسے عموماً بازاری کھانا سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ گلی کوچوں میں ٹھیلوں اور خوانچوں پر فروخت ہوتی ہے۔ چنے اور تیکھے مسالوں کی آمیزش سے بنی یہ چٹخارے دار ڈش اپنے مزے میں بے مثال ہے اس کے اوپر سے چُور کر ڈالی گئی خستہ پاپڑی اس کے مزے کو دوبالا کرتی ہے۔ اگر آپ گھر پر چنا چاٹ بنانا چاہیں تو لنک پر کلک کریں اور مزیدار چنا چاٹ گھر پر بنائیں۔
 
                             

اپنی روزہ مرہ کھانے کی فہرست میں ان پکوانون کو بھی شامل کریں اور ایک صحت مند طرزِ زندگی کی طرف قدم بڑھائیں۔
 

null

بطور پاکستانی، اچھا کھانا میرے لیے ہمیشہ سے تسلی بخش رہا ہے۔ کیا یہ میں ہی ہوں جو اچھا کھانا کھا کے خوش ہوتی ہوں یا میرے ابو جو خود مجھے اسکول جانے پر ٹوفی کی آفر کرتے تھے۔۔۔کھانے کا تعلق ہم لوگوں کے لیے کچھ اور ہی ہے۔اس سے ہمارے جذبات بھی جڑے ہوئے ہیں ۔یہ لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔میں نے فوڈ ٹریبیون کیلئے لکھنا ہی کھانے کی محبت میں شروع کیا۔

 

اپنی رائے دیں

 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں