کسی بھی تقریب کی سب سے اہم چیز اس میں پیش کیا جانے والا کھانا ہوتا ہے۔ مگر اپنے مہمانوں کے لئے بہترین کھانا پکانا نہایت محنت طلب کام ہے۔ جب آپ کسی تقریب کی میزبان ہوں تو یہ بھی نہیں چاہیں گی کہ سارا وقت کچن میں ہی صرف کردیا جائے۔ اور مہمانوں کے لیے وقت ہی نہ بچے۔
اس لیے اس سلسلے میں مناسب ترین کام یہی ہے کہ اپنے مہمانوں کے ذوق و شوق کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پہلے سے ہی سارے کام کی منصوبہ بندی کرلی جائے۔ اس طرح آپ نہ صرف اپنے مہمانوں کی بہترین کھانے سے تواضع کر سکیں گی بلکہ اپنے امورِ میزبانی کی داد بھی پائیں گی۔ یہاں ہم آپ کو عشائیے کی تقریب کو شاندار اور یادگار بنانے کی کچھ تراکیب بتارہے ہیں جو آپ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوں گی۔
دعوتِ طعام میں پیش کئے جانے والے کھانوں کی تفصیلات پہلے سے ہی طے کرلینا آپ کی ذہانت اور معاملہ فہمی کا پتہ دیتا ہے۔ کم وقت میں آسانی کے ساتھ تیار ہونے والے ایسے کھانوں کی فہرست بنالیں جن میں بہت زیادہ لوازمات نہ پڑتے ہوں۔ بہتر ہوگا کہ عشایئے کے لیے دو یا تین بنیادی کھانوں کی تیاری کرلی جائے اور ساتھ میں کچھ چھوٹی موٹی چیزیں بنالی جائیں تاکہ کھانے کی میز زیادہ پرکشش نظر آئے اور مہمانوں کی دلچسپی بنی رہے۔
جب آپ یہ طے کرلیں کہ اپ نے کیا پکانا ہے تو اس سے آگے کا مرحلہ بہت آسان ہوجاتا ہے، کیونکہ اس میں آپ کو کھانوں میں استعمال کرنے کے لیے صرف چنیدہ غذائی اجزا ہی خریدنے ہوتے ہیں، اس طرح آپ بار بار بازار کے چکر لگانے سے بھی بچ جاتی ہیں۔
اب جبکہ آپ نے عشایئے میں شامل کھانوں کی تمام تفصیلات طے کر لی ہیں تو ایک فہرست بنائیں جس میں سودا سلف اور دیگر ضروری اجزا شامل ہوں اس سے آپ کا وقت بھی بچے گا اور محنت بھی کم ہوگی۔ سودا سلف کی فہرست بنانے کے بعد ایک بار اپنے کپ بورڈ کا جائزہ لے لیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ساری چیزیں خرید کر گھر آنے کے بعد پتہ چلے کہ نمک تو رہ ہی گیا اور پھر آپ کو الٹے پائوں بازار کی طرف دوڑ لگانی پڑے۔
جب آپ تمام ضروری اجزا کی خریداری کرچکیں تو ان تمام چیزوں کو کھانوں کے حساب سے ترتیب دے لیں کہ کون سے کھانے میں کون سے اجزا ڈالنے ہیں۔ اس سے آپ کا بہت سارا وقت بچے گا جسے آپ پکوانوں کی تیاری میں صرف کرسکیں گی۔
پکوان بنانے کی مشق:
یہ تو آپ کو پتہ ہی ہے کہ کسی چیز کی بار بار مشق آپ کو اُس کام کا ماہر بنا دیتی ہے، اس لئے جن چیزوں کو بنانے میں آپ مہارت رکھتی ہیں ان میں سے کچھ تیار کرلیں اس کے ساتھ اگر آپ کچھ نیا کرنا چاہتی ہیں تو تقریب سے ایک دو روز قبل اسے بھی تیار کر لیں اس سے آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ کسی نئے کھانے کی تیاری میں آپ کو کتنا وقت لگتا ہے۔ اس سے آپ کو نہ صرف اپنی کھانا پکانے کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا بلکہ کسی اگلے موقع پر دعوت کے لیے کھانا بناتے وقت بھی آپ کو اعتماد ہوگا کہ کتنے کم وقت میں آپ یہ سب کر سکتی ہیں۔
یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی چیزیں بتا رہے ہیں جنہیں آپ دعوت سے قبل تیار کرکے فریز کرسکتی ہیں تاکہ اصل دعوت کے موقع پر انہیں کام میں لایا جاسکے۔ مثال کے طور پر آپ یخنی اور چٹنیاں بنا سکتی ہیں یا سبزیاں کاٹ کر رکھ سکتی ہیں جنہیں ریفریجریٹر یا کسی منہ بند ڈبے میں محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ ان کٹی ہوئی سبزیوں کو سلاد میں یا پکوانوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دعوت میں جو کھانے بنائے جائیں گے ان کے لوازمات کو پہلے سے ہی تیار کر کے رکھ لیں تاکہ دعوت کے روز آپ کو چھوٹی چھوٹی چیزوں کی تلاش میں اِدھر اُدھر نہ بھٹکنا پڑے۔ کچھ پکوانوں کو ادھ پکا بنا کر رکھ لیں تاکہ دعوت کے روز انہیں حتمی شکل دینے میں آپ کا زیادہ وقت صرف نہ ہو اور بروقت مہمانوں کے سامنے پیش کی جاسکیں۔
امید ہے کہ ان ٹوٹکوں پر عمل کر کے آپ نہ صرف اپنا وقت بچا سکتی ہیں بلکہ تقریب کے لیے تمام کھانے بروقت تیار بھی کرسکتی ہیں، اس طرح آپ کا جو قیمتی وقت بچے گا اسے آپ کھانے کی میز کو سجانے، خود کو دعوت کے لیے تیار کرنے اور مہمانوں کے ساتھ خوش گپیوں میں گزار سکتی ہیں۔
اپنی رائے دیں