فالسہ: گرمیوں کی ایک کھٹی میٹھی سوغات
ہندوستانی شربت بیری کے نام سے جانا جانے والا فالسہ یا پھلسا برصغیر کے موسم گرما میں ذوق و شوق سے کھایا جانے والا ایک کھٹا میٹھا اور فرحت انگیز پھل ہے۔
گرم موسم کی آمد کے ساتھ ہی فالسے کی بھی آمد ہوتی ہے جو اس گرم موسم کا مقابلہ کرنے اور دل و جگر کو راحت پہنچانے کا کام کرتا ہے۔
گرمیوں کی طویل دوپہر میں اس پھل کا تازہ دم احساس بچوں اور بڑوں میں یکساں طور پر پسندیدہ ہے۔
فالسہ گرمیوں کے موسم کا خاص تحفہ ہے۔ یہ پھل تھوڑے عرصے کے لیے ہی دستیاب ہوتا ہے اور گرم ملکوں میں پیدا ہوتا ہے۔ اس کی دو اقسام ہیں چھوٹے جھاڑی نما پودوں پر لگنے والے فالسے اور دوسرے بیس پچیس فٹ اونچے درخت سے حاصل ہونے والے فالسے۔ پہلی قسم کے فالسے بہت میٹھے ہوتے ہیں اسے شربتی فالسہ کہتے ہیں۔ دوسری قسم میں مٹھاس کے ساتھ مزے دار ترشی کا ذائقہ بھی پایا جاتا ہے جو اسے منفرد بناتا ہے۔ دونوں قسم کا پھل ابتداء میں سبز رنگ کا ہوتا ہے اور ذائقہ کسیلا۔ اس کے بعد یہ سرخی مائل رنگت اختیار کرتے ہیں اور پھر پک کر سیاہی مائل کاسنی ہوجاتے ہیں۔ فالسے میں نشاستہ‘ لحمیات‘ فولاد‘ پوٹاشیم‘ کیرٹین‘ آیوڈین اور چونے کے اجزاء پائے جاتے ہیں۔ اس میں وٹامن اے‘ بی اور سی بھی موجود ہوتے ہیں۔ ایک پاؤ فالسے میں ایک روٹی کے برابر غذائیت ہوتی ہے۔
اس کے ذائقے کی وجہ سے خواتین اور بچے اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ مزیدار ہونے کے ساتھ یہ بہت مفید بھی ہیں۔ موسم گرما میں فرحت دیتا ہے۔ یہ چڑچڑاپن بھی دور کرتا ہے اور پیاس کی شدت میں کمی کرتا ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فالسے بہت مفید ہیں۔ اسے کھانے سے جلد کی چمک اور تازگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
خود کو ہائیڈریٹڈ رکھنے کے لیے مزیدار فالسے کا لطف اٹھائیں اور مندرجہ ذیل میں سے کسی بھی آپشن کے ساتھ کٹھے میٹھے فالسوں کا لطف اٹھائیں۔
فالسے کا شربت:
کسی بھی گرم دن میں ٹھنڈے میٹھے شربت سے بہتر بھلا کیا چیز ہوسکتی ہے؟
فالسے کا جوس یا شربت بنانا بہت آسان ہے اور اس کا کٹھامیٹھا ذائقہ آسمانی محسوس ہوتا ہے۔ اسے بنانے کے لیے آپ کو صرف مٹھی بھر فالسہ، چینی کا شیرہ، آدھا گلاس پانی اور بہت ساری برف کی کیوبز کی ضرورت ہے۔
ہر چیز کو ایک ساتھ بلینڈر میں ڈال دیں اور اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ بیجوں کو ہٹانے کے لئے جوس کو چھلنی یا کسی سوتی کپڑے کی مدد سے چھان لیں اور اوپر ایک چٹکی کالا نمک چھڑک دیں۔ پھر دیکھیں اس مزیدار ٹھنڈے ٹھار شربت کو پی کر آپ کو اس گرم موسم میں کیسی راحت ملتی ہے۔
اسے بنانے کی آسان ترکیب جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں۔
فالسے کا منجمد شربت:
فالسے کے منجمد شربت کا یہ خاص نسخہ آپ میں سے ان لوگوں کے لیے ہے جو گرمیوں کے موسم میں ٹھنڈی ٹھار چیزوں سے لطف اندوز ہونا پسند کرتے ہیں۔
اس مزیدار شربت کو بنانے کا عمل صرف اجزا کو ملانے اور منجمد کرنے یعنی صرف دو مراحل پر مبنی ہے۔ سب سے پہلے، ایک گھنٹہ کے لیے فالسے کو منجمد کردیں۔
اسموتھ پیسٹ بنانے کے لیے اسے پانی کی مناسب مقدار میں بلینڈ کریں۔ پھر اسے ایک پیالے میں نکالیں اور مزید 4 گھنٹوں کے لیے منجمد کردیں۔
لیجیے جناب آپ کا مزیدار فالسے کا منجمد شربت تیار ہے۔ ٹھنڈے ٹھار، کھٹے میٹھے شربت سے لطف اٹھائیں۔
فالسہ فِز:
فالسا فِز آپ کے روایتی فالسے کے جوس کی ایک غیر روایتی جھاگ دار شکل ہے۔
چینی کے شیرے اور تھوڑے سے کالے نمک کے ساتھ منجمد فالسے میں ملا کر اسے اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔
جب اس کا گاڑھا پیسٹ بن جائے تو اس پیسٹ کے دو کھانے کے چمچ ایک گلاس میں ڈالیں اور اس میں اپنی پسند کا کوئی سوڈا شامل کرلیں (ترجیحاً سفید)۔
جھاگ ختم ہونے سے پہلے اسے پئیں اور کٹھے میٹھے، لذیذ اور جھاگ دار فالسہ فِز کا مزہ اڑائیں۔
فالسہ چٹنی:
کیا آپ نے اس سے پہلے فالسہ کی چٹنی کے بارے میں نہیں سنا؟
ہمیں یقین ہے کہ اس کا انوکھا مزہ چکھتے ہی آپ کو اس سے پیار ہوجائے گا۔
فالسہ کی چٹنی تیار کرنا انتہائی آسان ہے اور اسے صرف چار اجزاء کے ساتھ 17 منٹ میں تیار کیا جا سکتا ہے۔
ایک برتن میں فالسہ اور چینی ڈال کر اسے رات بھر کے لیے چھوڑ دیں اور اگلے دن چولہے پر پکائیں۔ اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ ڈالیں اور اچھی طرح ابال لیں۔
اسے زیادہ سے زیادہ دو سے تین منٹ تک پکائیں اور آنچ بند کردیں۔ جار صاف کرنے سے پہلے چٹنی کو ٹھنڈا ہونے دیں اور ٹھنڈا ہونے پر اسے منہ بند جار میں بھر کر فریج میں ایک ماہ تک ذخیرہ کرلیں۔
مزیدار فالسہ آج کل بازار میں جگہ جگہ دستیاب ہے اور موسم گرما کے سب سے تازہ دم پھلوں میں سے ایک ہے۔
گرمی کے ان شدید دنوں میں اپنے آپ کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے قدرت کے اس شاندار تحفے کا بہترین استعمال کریں
نمک کے ساتھ مزہ لیں:
اگر آپ فالسے کے عاشق ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ آپ انہیں کالے نمک کے ساتھ کھانا پسند کرتے ہیں۔
اگرچہ بہت سے لوگ پھلوں میں کوئی مسالا شامل کرنا پسند نہیں کرتے، مگر فالسہ ایک ایسا منفرد پھل ہے جسے ہر کوئی نمک چھڑک کر کھانا پسند کرتا ہے۔
کالے نمک کا کھٹا اور دھواں دار ذائقہ اس ہندوستانی شربت بیری کے ذائقے کو بڑھاتا ہے۔ ہمارا مشورہ ہے کہ آج ہی اس کی کوشش کریں اور دیکھیں کہ آپ اب تک کیسے انوکھے مزے سے محروم رہے ہیں۔
اپنی رائے دیں