آم کو پکانا

آم کو پکانا

آم کو پکانا

جی ہاں ہمیں معلوم ہے کہ ہم سب اپنے پسندیدہ پھل کو کھانے کے لیے پورا سال بے چینی سے آموں کے سیزن کا انتظار کرتے ہیں مگر اس وقت ہمیں بڑی خراب صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب بازار سے آم خرید کر لائیں اور وہ اندر سے کچے نکلیں تو سارا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے۔ اگر آموں کو قدرتی طور پر پکنے کے لیے چھوڑ دیا جائے تو اس میں خاصا وقت لگ جاتا ہے، چونکہ آم کھانے کی اشتہا سبھی میں یکساں اور شدید ہوتی ہے اس لئے ان کے پکنے کا انتظار کرنا بڑا مشکل مرحلہ ہوتا ہے تو ایسے میں ایسا کیا کیا جائے کہ آم جلدی پک جائیں اور ہم ان کے بھرپور میٹھے اور مزے دار ذائقے سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ظاہر ہے آم جتنا پکا ہوا ہوگا اس کا ذائقہ اتنا ہی شیریں اور لذیذ ہوگا۔ ذیل میں ہم آپ کو کچھ ایسی تراکیب بتا رہے ہیں جن کے ذریعے آموں کو جلدی پکایا جاسکتا ہے، 

کچے چاولوں کا کمال:


آموں میں سے قدرتی طور پر ایک گیس خارج ہوتی ہے جسے ایتھلین کہا جاتا ہے یہ گیس آموں کو پکانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، آپ نے کرنا یہ ہے کہ آم کو اچھی طرح کچے چاولوں میں دبادیں تاکہ آم سے خارج ہونے والی ایتھلین گیس اسے اندر ہی اندر اچھی طرح پکا دے۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آم کو کچے چاولوں میں دبانے کے بعد رات بھر کے لیے چھوڑ دیں اگلی صبح آپ دیکھیں گے کہ آم بہت اچھی طرح پک چکے ہیں اگر رات بھر چاولوں میں دبائے رکھنے سے آم نہیں پکتے تو انہیں مزید کچھ وقت کے لیے چھوڑ دیں درمیان میں چیک کرتے رہیں کہ آم پک گئے ہیں یا نہیں۔


کاغذ کا تھیلا:


آموں کو پکانے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ انہیں اچھی طرح کاغذ کے تھیلے میں لپیٹ دیں تاکہ آم سے خارج ہونے والی ایتھلین گیس باہر نہ نکلے، اس کام کے لیے آپ اخبار سے بھی کام لے سکتے ہیں۔ آم کو اچھی طرح لپیٹنے کے بعد ایک یا دو دن کے لیے کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھ دیں، یہ ایک پرانا طریقہ ہے جسے آموں کو جلدی پکانے کے لیے برسوں سے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اس میں تھوڑا وقت تو لگتا ہے مگر آموں کو پکانے کا یہ ایک بہترین اور آزمودہ نسخہ ہے۔


مائیکرو ویو:


اگر آپ آموں کو فٹافٹ پکانا چاہتے ہیں تو یہ طریقہ بہت مناسب اور بروقت ہے کہ آموں کو کچھ دیر کے لیے مائیکروویو میں رکھ دیں۔ اگرچہ اس میں ایک قباحت ہے کہ آم کی قدرتی لذت اور مٹھاس متاثر ہوتی ہے تاہم یہ بھی ایک آزمودہ ترکیب ہے جس کے ذریعے آموں کو جلدی پکایا جاسکتا ہے۔ آپ نے کرنا یہ ہے کہ چھری یا چاقو سے آم میں کٹ لگالیں اور اسے ٹشوپیپر میں لپیٹ کر مائیکروویو میں 10 سیکنڈ کے لیے رکھ دیں، 10 سیکنڈ بعد اسے احتیاط سے باہر نکال لیں اور ہلکے ہاتھ سے دبا کر دیکھیں کہ اس میں نرمی پیدا ہوئی ہے یا نہیں۔ اگر آپ کو چھونے سے احساس ہو کہ آم پک چکا ہے تو سمجھیں کہ کھانے کے لیے تیار ہے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو اسے مزید 10 سیکنڈ کے لیے دوبارہ مائیکروویو میں رکھ دیں، اگرچہ آم کو پکانے کا یہ بہت مناسب طریقہ نہیں ہے مگر جو لوگ آموں کے پکنے کا انتظار نہیں کرسکتے ان کے لیے یہ بہترین اور آزمودہ نسخہ ہے۔


یاد رکھیں جب آم پک جاتے ہیں تو انہیں فریج میں 5 دن یا اس سے بھی زیادہ دنوں تک محفوظ کیا جاسکتا ہے اور اگر آپ اسے آم کا سیزن ختم ہونے کے بعد تک محفوظ رکھنا چاہتی ہیں تو اسے چھوٹےچھوٹے ٹکڑوں میٰں کاٹ لیں اور کسی منہ بند جار میں بند کرکے فریز کردیں اس طرح آپ 6 ماہ سے بھی زیادہ عرصے تک ام کو محفوظ کرسکتی ہیں۔ 

null

 

اپنی رائے دیں

 

رائے (2)

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں