پانی پینا زندہ رہنے کے لئے انتہائی ضروری ہے خاص طور پر موسمِ گرما میں جسم میں پانی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے کیونکہ گرمی کے موسم میں پسینہ زیادہ آتا ہے اور جسم میں موجود نمکیات پسینے کے ساتھ بہہ جاتے ہیں۔ جسم کو پانی کی کمی کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے اس موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے۔ گرمیوں کے موسم میں خاص طور پر ہر شخص کو دو لیٹر تک یعنی کم از کم آٹھ گلاس پانی پینا چاہیے۔ اس موسم میں لوگ کافی، سوڈا، شربت اور دیگر مشروبات کو بھی ترجیح دیتے ہیں مگر پانی کی اہمیت اپنی جگہ محکم ہے اس لئے زیادہ پانی پینے کو ترجیح دینی چاہیے۔ پانی زندگی کی بنیاد ہے اور اس میں صحت کے حوالے سے بھی بہت سے فوائد چھپے ہوئے ہیں، زیادہ پانی پینے سے آپ کا بدن پانی کی کمی کا شکار نہیں ہوتا، پانی آپ کو وزن میں کمی کرنے میں مدد دیتا ہے، خواتین کے لئے خاص طور پر حمل کے دنوں میں زیادہ پانی کا استعمال زچگی کی پیچیدگیوں سے بچاتا ہے۔ زیادہ پانی پینے سے انسان گردوں کے امراض سے محفوظ رہتا ہے۔ زیادہ پانی پینے سے جسم میں توانائی کی مقدار برقرار رہتی ہے اور چہرہ شاداب رہتا ہے۔
ذیل میں ہم کچھ ایسے طریقے بتا رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ اپنی یومیہ پانی پینے کی مقدار بڑھا سکتے ہیں۔
کھانا کھانے سے قبل پانی پئیں:
کھانا کھانے سے قبل ایک گلاس پانی پینا صحت کے لئے نہایت فائدہ مند ہے۔ کھانے سے پہلے پانی پینا ایک طرح سے آپ کے لئے ایپیٹائزر کا کام کرتا ہے جس کے نتیجے میں آپ کا وزن بڑھنے سے رک جاتا ہے۔
اپنے پانی میں ذائقوں کی آمیزش کریں:
اپنے روز مرہ پانی پینے کی مقدار میں اضافے کے لئے اس میں کینو یا لیموں کے باریک قتلے ڈال لیں یا پودینے کی چند پتیاں شامل کرلیں اس سے آپ کا پانی ذائقہ دار ہو جائے گا اور آپ معمول سے زیادہ پانی پئیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عمل آپ کے بدن میں پید اہونے والی کثافتوں کو صاف کرے گا، آپ کو مختلف بیماریوں سے بچائے گا اور آپ کے وزن میں کمی کرے گا۔ آپ اپنے یومیہ پینے والے پانی میں مختلف ذائقے شامل کرسکتے ہیں اس سے فقط چند ہی روز میں یہ سادہ پانی ہی آپ کا پسندیدہ مشروب بن جائے گا۔
پانی پینے کے لئے ایک اچھی اور نفیس بوتل خرید لیں:
یہ سننے میں تھوڑا عجیب سا لگتا ہے مگر آپ کو چاہئے کہ پانی پینے کے لئے ایک اچھی اور خوبصورت سی بوتل ہر وقت آپ کے ساتھ ہونی چاہئے کیونکہ پانی سے بھری بوتل ساتھ رہے گی تو آپ تھوڑی تھوڑی دیر بعد اس میں سے کچھ گھونٹ لیتے رہیں گے جس سے آپ کا جسم پانی کی کمی کا شکار نہیں ہوگا۔ اس چھوٹی سی بوتل کو آپ باآسانی ہر وقت اور ہر جگہ اپنے ساتھ لے جا سکیں گے، چاہے آپ بازار میں خریداری کے لئے جارہے ہوں یا کام کے اوقات میں اسے اپنے ساتھ رکھیں اور تھوری تھوڑی دیر بعد پانی پیتے رہیں۔
اپنے پانی کو کھائیں:
اس سے پہلے کہ آپ ہمارے مشورے پر اعتراض کرتے ہوئے یہ کہیں کہ پانی تو پینے کے لئے ہوتا ہے اسے کھایا کیسے جا سکتا ہے، تو ہم آپ کو بتا دیں کہ آپ کچھ پھلوں اور سبزیوں کو ملا کر یہ کام کر سکتے ہیں، مثلاً خوبانی، کھیرا، کینو، سنگترا، انناس، خربوزہ اور آڑو وغیرہ اپنے اندر 80 فیصد سے زائد پانی رکھتے ہیں ان کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے کسی پیالے میں ڈال لیں اور کام کے دوران یا ٹی وی دیکھتے وقت انہیں کھاتے جائیں، اگر آپ ڈائیٹ پر ہیں تو پھلوں اور سبزیوں کی سلاد بنا کر اسے مرکزی کھانے کے طور پر کھائیں، پانی سے بھرے ان پھلوں کو آپ صبح صبح ناشتے کے طور پر بھی کھا سکتے ہیں اور دوپہر کا کھانا اگر سلاد یا پھلوں پر مشتمل ہو تو آپ کے بدن کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کو کافی ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کے استعمال سے آپ کا بدن پانی کی کمی کا شکار ہونے سے بچا رہتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں پر مشتمل ایک پیالہ یومیہ کھائیں اور ڈی ہائیڈریشن سے دور رہیں۔
پانی کو اپنی ورزش گاہ کا ساتھی بنائیں:
ہم سب یہ بات جانتے ہیں کہ ورزش کرنے کا مطلب پسینہ بہانا ہے۔ جب آپ مسلسل ورزش کر رہے ہوں اور آپ کا بدن کثیر مقدار میں پسینہ خارج کر رہا ہو تو اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کا جسم پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو جاتا ہے اس لئے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ورزش کے دوران روزانہ کم از کم ایک بوتل پانی آپ کو پینا چاہئے۔ اس لئے ورزش گاہ کا رخ کریں تو ساتھ میں پانی سے بھری ایک بوتل بھی رکھ لیں کیونکہ جب یہ آپ کی عادت بن جائے گی تو آپ کو اس کے فوائد سے آگاہی ہوگی۔
پانی کی بوتل ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں:
اگر آپ شاپنگ پر جارہے ہیں، یا پارک میں معمول کی چہل قدمی کرنی ہے تو پانی سے بھری ایک بوتل ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں خاص طور پر جب آپ گھر یا دفتر سے باہر ہوں کیونکہ گھر کے کاموں میں یا دفتری امور میں مصروف رہنے کے باعث آپ کو کئی کئی گھنٹے تک پانی پینے کا خیال نہیں آتا مگر جب پانی سے بھری بوتل آپ کے سامنے ہوگی تو آپ تھوڑی تھوڑی دیر بعد اس میں سے گھونٹ گھونٹ پانی پیتے رہیں گے۔
اپنی ڈائیٹ میں مسالے دار کھانے شامل کریں:
آپ کے کھانے میں لال مرچیں شامل ہوں تو ہر نوالے کے بعد آپ پانی پینا چاہتے ہیں دوسری جانب تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مرچوں کی تمام اقسام آپ کے نظامِ ہضم کو تیز کرتی ہیں جس سے کھانا جلدی ہضم ہو کر جزوِ بدن بن جاتا ہے۔
اب آپ بخوبی جان چکے ہیں کہ پانی کی آپ کی زندگی میں کیا اہمیت ہے لہٰذا آج سے ہی روزانہ کے معمولات میں زیادہ سے زیادہ پانی پینے کو اپنی عادت بنا لیں تاکہ آپ کا جسم پانی کی کمی کا شکار ہونے سے بچا رہے اور آپ کا چہرہ تازہ اور شگفتہ پھول کی طرح کھِلا رہے۔
اپنی رائے دیں