اس موسم میں بہت سے افراد چکر آنے، متلی، تھکاوٹ، بد ہضمی اور گھبراہٹ کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ ان تمام علامات کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی زندگی میں کام، نیند،خوراک اور آرام کا توازن بگڑ چکا ہے اور آپ کو اس بارے میں بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اوپر بتائی گئی علامات میں سے بیشتر کا تعلق بدن میں پانی کی کمی کے ساتھ ہوتا ہے کیونکہ گرمی کے موسم میں بدن سے پسینہ خارج ہو رہا ہوتا ہے جس کے باعث جسم میں نمکیات، منرلز اور پانی کی کمی ہو جاتی ہے جو دیگر بیماریوں اور پریشانیوں کا باعث بنتی ہے۔ اس موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پی کر آپ بہت سارے طبی مسائل سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ تپتی دھوپ میں بعض اوقات سادہ پانی پینا بھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا کیونکہ شدید گرمی اور کڑی دھوپ آپ کی توانائی چوس رہی ہوتی ہے لہذا ایسے عالم میں دھوپ اور گرمی سے نمٹنے کا بہترین حل یہ ہے کہ پھلوں کا تازہ رس یا کوئی ٹھندا میٹھا اور مزے دار مشروب پیا جائے۔
ذیل میں ہم آپ کو ایسے چار حیرت انگیز مشروبات کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کو پیتے ہی نہ صرف آپ کے دل و جگر کو فوری طور پر راحت ملے گی بلکہ آپ کے بدن کی کھوئی ہوئی توانائی بھی فوراً بحال ہو جائے گی۔
تربوز کا شربت:
راحت بخش اور توانائی سے بھرپور ٹھنڈا میٹھا مزے دار تربوز کا شربت اپنے بے پناہ فوائد کے باعث برصغیر میں نہایت مقبول ہے، بدن میں پانی کی کمی دور کرکے راحت پہنچانے والا تربوز کا شربت گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے ایک انتہائی بہترین چیز ہے، اسے دن میں کم از کم ایک بار ضرور پینا چاہئے۔ گرمی کے موسم میں تربوز کا شربت پینے سے نہ صرف دن بھر کی تھکن دور ہو جاتی ہے بلکہ صحت سے جُڑے بیشتر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ تربوز میں وٹامن بی 6 کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس سے اعصابی اور ذہنی تنائو میں کمی آتی ہے، خون کی روانی میں بہتری آتی ہے اور بدن کو خون فراہم کرنے والی رگوں کو سکون ملتا ہے۔ بے پناہ فوائد کا حامل تربوز کا شربت گھر پر بنانا بھی بہت آسان ہے تربوز کی کٹی ہوئی قاشوں کے ساتھ تھوڑے سے پانی کو بلینڈر میں ڈال کر مزے دار جوس بنالیں ساتھ میں تھوڑا سا روح افزا بھی ملا لیں تو اس کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔
آئس کریم سوڈا:
گرمی کی شدت سے نمٹنے اور دل کو راحت پہنچانے والا ٹھنڈا میٹھا مزے دار جھاگ بھرا آئس کریم سوڈا بنانے میں بھی بہت آسان ہے، دودھ، سوڈا واٹر، آئس کریم سیرپ اور بھنے ہوئے باداموں کو ملا کر بنایا جانے والا شاندار مشروب آپ کی دن بھر کی تھکن کو دور کر کے پل بھر میں آپ کو فرحت اور توانائی بخشتا ہے۔ اس کا سنسناتا ہوا جھاگ بھرا مزہ آپ کو گرمی کے باعث آنے والے چکروں سے نجات دلا کر دل کو راحت اور سکون سے بھر دیتا ہے۔ اسے تازہ تازہ پینا زیادہ بہتر ہے۔ گرمیوں کے دنوں میں روزانہ پینے کے لئے یہ ایک بہترین مشروب ہے۔
:مِنٹ لیمونیڈ
گرمیوں کے لمبے اور سخت دنوں میں راحت اور تازگی پانے کے لئے پودینے اور لیموں کا بہترین ذائقہ لئے ٹھنڈا میٹھا مزے دار مِنٹ لیمونیڈ بہترین مشروب ہے۔ اسے معدے اور جگر کی گرمی کے خاتمے کے لئے بھی نوش کیا جاتا ہے۔ اس میں شامل پودینہ دمے کی شکایت میں افاقہ پہنچاتا ہے اور الرجی کی کئی اقسام کا بہترین علاج ہے۔ وزن گھٹانے اور معدے کے افعال درست کرنے کے لئے بھی بہترین ہے۔ وزن کم کرنے کے خواہش مند خواتین و حضرات کو خاص طور پر یہ مشروب ضرور پینا چاہئے، اسے بنانا بھی نہایت آسان ہے جبکہ اس میں فقط چار اجزا ڈالے جاتے ہیں جن میں لیموں، پودینہ، چینی اور پانی شامل ہیں، ایک بار ضرور چکھ کر دیکھیں۔
فالسے کا شربت:
گرمی گھٹانے، راحت پہنچانے اور پیاس بجھانے کے لئے فالسے کا ٹھنڈا ٹھار، مزے دار شربت ہمارے ملک میں نہایت مقبول ہے۔ اس کا ایک گلاس ہی آپ کے دل و جگر کو انتہائی گہری فرحت اور تازگی بخشتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صحت سے جُڑے بیشتر فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ فالسے میں قدرتی طور پر ایسے اجزا شامل ہوتے ہیں جو گرمی کی شدت کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، قدرت کا یہ چھوٹا سا انمول تحفہ نہ صرف خون کی صفائی کرتا ہے، دل کی دھڑکن کو اعتدال میں رکھتا ہے، فشار خون کو متوازن کرتا ہے، کولیسٹرول کو گھٹاتا ہے، بخار میں آرام دیتا ہے، اور خون کی روانی کو متعدل بناتا ہے۔ اس کے علاوہ فالسے کے استعمال سے چہرے پر نمودار ہونے والے ان چاہے دانے اور کیل مہاسوں سے چھٹکارہ ملتا ہے، جلد کی خشکی ختم ہوتی ہے اور بدن میں خون کی کمی کو دور کرتا ہے۔ ٹھنڈا میٹھا مزے دار فالسے کا شربت بنانا نہایت آسان ہے ایک گلاس شربت بنانے کے لئے صرف تین اجزا ڈالے جاتے ہیں جس میں فالسہ، کالا نمک اور چینی شامل ہیں۔ گرمی کے موسم میں دن میں ایک بار ضرور پینا چاہئے۔
اپنی رائے دیں