لاہوریوں کے بارے میں مشہور ہے کہ لاہور کے شہری کھانے پینے کے بہت شوقین ہیں۔ اگر آپ کا کبھی لاہور جانا ہوا ہے یا کوئی لاہوری آپ کا دوست ہے تو آپ کو پتہ چلے گا کہ لاہور میں رہنے والے نت نئے اور لذیذ کھانوں کے کس قدر شوقین ہیں۔ چٹورے اور پیٹو لاہوری شہری ہر طرح کے کھانوں کا بھر پور مزہ لیتے ہیں۔ یہاں دعوتوں کا چلن عام ہے۔ پاکستان میں اگر کسی شہر کو نت نئے اور لاجواب کھانوں کا مرکز کہا جائے تو وہ لاہور کے سوا کوئی او رنہیں ہوسکتا یہاں کے رہنے والے مزے دار کھانے کھانے کے بھی شوقین ہیں اور کھلانے کے بھی۔ کھانا پینا اور کھانے سے بھرپور لطف لینا لاہوریوں کی ثقافت بھی ہے اور روایت بھی۔ لاہور کے شہری اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ وہ کھاتے پیتے شہر کے رہائشی ہیں۔ یہاں کئی ایسے مقامی کھانے بھی ملتے ہیں جو خاص طور پر لاہور کی پہچان ہیں۔ یہ کھانے آپ کو ملک کے کسی دوسرے حصے میں نہیں ملیں گے۔ بہت سے مشہور لاہوری کھابے اس شہر سے نکل کر ملک کے دیگر شہروں تک بھی پہنچ چکے ہیں اور وہاں بھی یکساں مقبول ہیں۔
ذیل میں چند مشہور لاہوری کھابوں کی فہرست دی جا رہی ہے جنہیں آپ با آسانی گھر پر بھی تیار کر سکتے ہیں۔
لاہوری ریڈ چکن:
یہ گاڑھا کریمی مسالے دار پکوان چکن، ٹماٹر اور مسالا جات کے امتزاج سے بنتا ہے۔ اس کا دلکش رنگ اور انوکھا ذائقہ اسے چکن کے دیگر پکوانوں سے یکسر جدا کرتا ہے۔ یہ لاہور کے مخصوص اور منفرد کھانوں میں شامل ایک انتہائی مزیدار اور لاجواب پکوان ہے۔ اسے نان، ہلکی چپاتی یا اُبلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
لاہوری فرائیڈ فش:
لاہور کی فوڈ اسٹریٹس پر ملنے والا یہ مزیدار پکوان بھی لاہور کے خاص کھانوں میں شامل ہے۔ لاہور میں سمندر نہ ہونے کے باعث یہاں صرف دریائی اور نہری مچھلی کے نت نئے اور منفرد پکوان بنائے جاتے ہیں۔ لاہوری فرائیڈ فش کو گھر پر بنانا بہت آسان ہے، مچھلی کو بیسن اور مسالے لگا کر تل لیں تو انتہائی خستہ اور لذیذ پکوان وجود میں آئے گا۔ اسے پودینے کی چٹنی کے ساتھ کھائیں یا ایسے ہی گرما گرم روکھی مچھلی کے مزے اڑائیں۔
مرغ چھولے:
مرغ چھولے پنجاب کی ایک خاص ڈش ہے جو ہر خاص و عام میں یکساں مقبول ہے۔ اس میں سفید چھولوں کو مرغی کے گوشت اور تیکھے مسالوں کے ساتھ آمیزے کی صورت میں پکایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک انتہائی لذیذ پکوان وجود میں آتا ہے۔ لاہوری شہری اس روایتی پکوان کو صبح کے ناشتے میں کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں تاہم اسے دوپہر یا رات کے کھانے میں بھی تناول کیا جاتا ہے۔ اس کا مہکتا ہوا لذیذ مزہ آپ کے منہ میں پانی لے آئے گا۔ گرما گرم مرغ چھولے روغنی یا تندوری نان کے ساتھ کھائے جاتے ہیں تاہم اسے سادہ روٹی کے ساتھ بھی کھایا جاسکتا ہے۔
دیگی روسٹ:
یہ بھی لاہور کی ایک شاندار اور لذیذ ڈش ہے جسے ہر کوئی مزے لے لے کر کھانا پسند کرتا ہے۔ اسے گھر پر بہت آسانی کے ساتھ بنایا جاسکتا ہے۔ اس میں سالم مرغی کو تیکھے مسالوں میں میرینیٹ کر کے اچھے سے تلا جاتا ہے۔ اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے مسالوں اور اس کے منفرد ذائقے کی بنا پر اسے نوابی چرغہ بھی کہا جاتا ہے۔ اسے گرم گرم نان یا چاولوں کے ساتھ کھائیں تو اس کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
ہرا مسالا چھولے:
ہرے مسالے اور تیکھے مسالا جات کو بلینڈ کرکے چھولوں کے ساتھ پکانے پر جو منفرد اور مزے دار پکوان وجود میں آتا ہے وہ ہرا مسالا چھولے کہلاتا ہے، یہ بھی لاہور کا ایک شاندار روایتی پکوان ہے جو ہر خاص و عام میں یکساں مقبول ہے۔ کرارے اور مزے دار ہرا مسالا چھولے دوپہر یا رات کے کھانے میں کھانے کے لیے شاندار انتخاب ہے۔ اسے چپاتی، پوری یا زیرے والے چاولوں کے ساتھ کھائیں تو اس کا لطف دوبالا ہوجاتاہے۔
لاہور کے باورچی خانوں سے آپ کے لیے چند منتخب پکوان حاضرِ خدمت ہیں۔ لاہور میں کھانوں کی اس قدر متنوع اقسام موجود ہیں کہ کسی بھی چٹورے شخص کا ان کھانوں کے تنوع میں گم ہوجانا یقینی ہے۔ اگر آپ کا لاہور جانا ہو تو ان پکوانوں کو ضرور ٹرائی کریں، لاہور جا کر ان کھانوں کو چکھنے کا تجربہ یقیناً آپ کے لیے بہترین اور یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔
اپنی رائے دیں