کراچی کے ذائقوں کی انوکھی دنیا

کراچی کے ذائقوں کی انوکھی دنیا

کراچی کے ذائقوں کی انوکھی دنیا

کراچی کو دنیا کے دیگر شہروں سے جو چیز منفرد بناتی ہے وہ اس کے انوکھے، لاجواب اور بہترین کھانے ہیں۔ تقسیم کے بعد سے کراچی میں آکر آباد ہونے والی مختلف تہذیبوں کے بہترین کھانے اور ذائقے آج بھی اس شہر کی شان و شوکت مں اضافہ کرتے ہیں۔ اس شہر میں گھر سے باہر کھانا کھانے اور دوست احباب کی دعوت کرنے کے لیے ان گنت ہوٹل، ریسٹورانٹس اور مہنگے سستے ڈھابے موجود ہیں جہاں طرح طرح کے مزیدار اور لذیذ کھانے آپ کے منتظر ہیں۔ 
اگر آپ نے نیا نیا کھانا پکانا سیکھا ہے یا آپ ابھی اس فن میں پوری مہارت حاصل نہیں کر سکی ہیں اور آپ نت نئے کھانے پکانے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو ہم آپ کے لیے لے کر آئے ہیں کراچی کے مشہور ذائقوں کی ایک انوکھی اور لا محدود دنیا سے چند منتخب پکوان جنہیں گھر پر بنانا بہت آسان ہے تو جلدی سے اپیرن پہنیں، اپنی پسندیدہ موسیقی لگائیں اور کھانا پکانا شروع کردیں۔


چکن تکہ:
نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ مزیدار چکن تکہ بنانے کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

کراچی صرف تکہ بوٹی کا ہی مرکز نہیں ہے بلکہ یہاں کوئلوں پر بھنے ہوئے درجنوں پکوان دستیاب ہیں، یہاں متعدد ایسے ریسٹورانٹس موجود ہیں جن کی کمائی انحصار صرف باربی کیو یعنی کوئلوں پر بھنے ہوئے کھانوں پر ہے۔ چکن تکہ میں مرغی کی ٹانگوں یا سینے کے گوشت کو تیکھے مسالے لگا کر کوئلوں پر بھونا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایک گرما گرم اور شاندار پکوان وجود میں آتا ہے جسے چکن تکہ کہا جاتا ہے۔ برِ صغیر پاک و ہند میں چکن تکہ ایک مقبول ترین اور قدیم پکوان ہے۔ اگر آپ برصغیر پاک و ہند کے روایتی اور کلاسیکی ذائقوں سے آشنائی چاہتے ہیں تو چکن تکہ ضرور چکھیں۔ اسے پراٹھے، چپاتی یا گرم گرم نان کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ دوپہر یا رات کے کھانے میں کھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

چکن کوفتے

نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ مزیدار چکن کوفتہ بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔
 

اس پکوان کا نام سن کر لگتا ہے کہ گھر پر بننے والے روایتی کوفتوں کا ذکر ہورہا ہے مگر حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ کراچی والوں نے اس روایتی پکوان کو مزید انوکھا اور لاجواب بنانے کے لیے اس کی ترکیب میں تھوڑی سی ترمیم کی ہے جس سے روایتی کوفتے کا پکوان زیادہ لذیذ اور لاجواب بن گیا ہے۔ مزیدار چکن کوفتے مرغی کے گوشت کے قیمے اور مسالوں کے بہترین امتزاج سے بنائے جاتے ہیں۔ اس کا گاڑھا شوربے دار سالن اسے اور بھی زیادہ اشتہا انگیز بناتا ہے۔ یہ بھی برصغیر کا ایک مشہور روایتی پکوان ہے جسے چاول یا چپاتی کے ساتھ دوپہر یا رات کے کھانے میں کھایا جاتا ہے۔


سیخ کباب:
مزیدار سیخ کباب بنانے کی آسان ترکیب جاننے کے لیے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کریں۔

کراچی کے منفرد ذائقوں میں شامل ایک اور بے مثال پکوان سیخ کباب ہے جس میں کباب بنانے کے لیے قیمے کو پپیتہ لگا کر نرم کیا جاتا ہے پھر اس میں تیکھے مسالے ڈال کر قیمے کو اچھی طرح گوندھ لیا جاتا ہے۔ پھر اس قیمے کو سیخوں پر چڑھا کر کوئلوں پر بھونا جاتا ہے۔ سیخ کباب مختلف حجم کے بنتے ہیں آپ اپنی پسند اور ذوق کے مطابق انہیں چھوٹا یا بڑا بناسکتے ہیں۔ پوری پراٹھے اور چٹنی کے ساتھ کھائیں تو ان کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ 


جھینگا پکوڑے:
مزیدار جھینگا پکوڑے بنانے کی آسان ترکیب جاننے کے لیے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کریں۔

بحیرہ عرب کے دل میں واقع ساحلی شہر کراچی کے کھانوں کی بات ہو اور اس میں جھینگوں کا ذکر نہ آئے تو یہ ممکن نہیں۔ کراچی میں ہوٹلوں، پتھاروں اور ڈھابوں کے کھانوں کے ساتھ ساتھ سمندری ذائقوں کی بھی ایک طویل فہرست  ہے۔ جس میں شامل جھینگا پکوڑے اپنے انوکھے ذائقے کی بنا پر ہر خاص و عام میں مقبول ہیں۔ اگر آپ نے اپنے گھر پر ہائی ٹی کا اہتمام کیا ہے تو اس میں شامل کرنے کے لیے جھینگا پکوڑے ایک بہترین انتخاب ہیں۔ انہیں بنانا بھی بہت آسان ہے۔ تازہ جھینگوں کو صاف کرکے اور  بیسن لگا کر پکوڑوں کی طرح تل لیں مزیدار جھینگا پکوڑے تیار ہیں۔ انہیں پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں یقیناً آپ کے مہمان اور اہل خانہ آپ کے انتخاب کی داد دیئے بغیر نہ رہیں گے۔


جھینگا کڑاھی:
نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر مزیدار جھینگا کڑاھی بنانے کی آسان ترکیب سے فائدہ اٹھائیں۔ 

اب جبکہ ہم کراچی کے سمندری ذائقوں کی ہی بات کررہے ہیں تو بھلا جھینگا کڑاھی کو کیسے بھول سکتے ہیں۔ یہ کراچی والوں کی نت نئے کھانوں سے محبت کا ایک خوبصورت اظہار ہے۔ چکن کڑاھی مٹن کڑاھی اور بیف کڑاھی تو آپ نے کھائی ہوگی اسی کی طرز پر جھینگا کڑاھی بنائی جاتی ہے جو اپنے ذائقے میں بے مثال ہوتی ہے۔ اس کا مہکتا ہوا اشتہا انگیز مزہ آپ کی بھوک کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ اسے آپ چاہیں تو گاڑھا مسالے دار بھی بناسکتے ہیں۔ اگر آپ کھانوں میں تجربات کے حامی ہیں تو دستیاب سمندری غذائوں کو جھینگا کڑاھی کی طرز پر پکا سکتے ہیں۔


چکن سموسہ: 
نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر مزیدار چکن سموسیہ بنانے کی آسان ترکیب جانیں۔ 

کراچی صرف اپنے بھاری بھرکم اور مرغن کھانوں کی وجہ سے ہی مشہور نہیں ہے بلکہ یہاں کی ہلکی پھلکی غذائیں اور ٹھیلے خوانچے پر بکنے والے بازاری کھانے بھی چٹورے افراد میں بہت مقبول ہیں۔ یہاں کے سموسے، پکوڑے، چنا چاٹ، دہی بڑے اور پاپڑی چھولے بھی بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ عام سموسوں کی تیاری میں ذرا سی جدت کی آمیزش کرکے چکن سموسہ تیار کیا گیا ہے جو شام کی چائے کے ساتھ کھانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ مرغی کے گوشت کے قیمے اور مسالوں کے بہترین امتزاج سے بنے یہ زردی مائل سنہری اور تکونے سموسے چٹنی یا ساس کے ساتھ کھائیں تو ان کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔


ہمیں امید ہے کہ فوڈ ٹریبیون کی بتائی گئی آسان کھانوں کی تراکیب پر آپ اپنے گھر میں بھی عمل کریں گی اور نت نئے کھانے بنا کر اپنے پیاروں کا دل جیتیں گی۔ کراچی میں کھانوں کے ہزاروں ذائقے پائے جاتے ہیں جن میں سے بہت سارے آپ نے ابھی تک نہیں چکھے ہوں گے۔ فوڈ ٹریبیون آپ کے لیے نئے سے نئے ذائقے متعارف کرانے کا عزم رکھتا ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ آپ ہر ہفتے کوئی نیا پکوان بنائیں۔ 

null

 

اپنی رائے دیں

 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں