دنیا بھر میں بسنے والے تمام مسلمانوں کے لئے رمضان المبارک کا مہینہ انتہائی مقدس اور خوشگوار ہوتا ہے، رحمتوں اور برکتوں بھرے اس مہینے کی خوشی کو ہر طرح سے منایا جاتا ہے اور ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ رمضان المبارک کی نعمتوں برکتوں اور رحمتوں سے بھر پور فیض حاصل کرے۔ اس ماہِ مقدس میں خوشی، عبادات اور مزے دار کھانوں کے ذائقوں سے پورا مہینہ لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ اگرچہ اس مہینے کو بھوک اور پیاس کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ سارا دن روزے کی حالت میں گزرتا ہے اور شام کو مغرب کے وقت روزہ کھولنے کے عمل کو افطاری کرنا کہا جاتا ہے۔ اس ماہِ مقدس مین افطاری کا بڑا اہم کردار ہے۔ لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ افطاری میں روز مرہ کے کھانوں سے ہٹ کر کچھ خاص اور کوئی انفرادی کھانا کھایا جائے تاکہ افطاری کو خوشگوار، یادگار اور مزے دار بنایا جاسکے۔ تاہم بازار سے مہنگی اور مزے دار چیزیں خریدتے وقت آپ کو اپنے بجٹ کا بھی خیال رکھنا ہوتا ہے۔ اس لئے بہتر ہو گا کہ باہر کے یعنی بازار کے کھانے ور گھر پر بنائی گئی افطاری کے درمیان توازن رکھیں، آپ کے بجٹ کو متوازن رکھنے اور افطاری کو مزے دار بنانے کے لئے ہم نے ان چند پکوانوں کی فہرست تیار کی ہے جنہیں آپ نہایت آسانی سے اور کم بجٹ میں اپنے گھر پر بنا سکتی ہیں۔
کریم فروٹ چاٹ:
صحت بخش پھلوں اور کریم کے بہترین امتزاج سے بنی کریم فروٹ چاٹ کو نمک مرچ اور مسالے کا امتزاج نہ صرف مزے دار بناتا ہے بلکہ سارا دن روزے کے ساتھ گزارنے کے بعد آپ کے بدن کو درکار توانائی کی ضروریات بھی پوری ہوجاتی ہیں۔ میٹھے اور تیکھے ذائقوں کی حامل کریم فروٹ چاٹ بنانا بہت آسان ہے اور اس کے لئے آپ کو صرف پھل کاٹنے کا طریقہ آنا چاہئے۔ ااس سے زیادہ محنت کی اس میں ضرورت نہیں ہے۔ آپ نے کرنا یہ ہے کہ اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے چند پھل لے لیں انہیں دھو کر، چھیل کر، کاٹ کر ایک پیالے میں ڈالیں اور اپنے ذوق کے مطابق اس میں نمک، مرچ، مسالے اور چینی شامل کرلیں۔
نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ آسان اور مزے دار کریم فروٹ چاٹ بنانے کی ترکیب سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔
کٹھے آلو:
اپنے تیکھے اور مرچیلے ذائقے کی بنا پر کٹھے آلو جنوبی ایشیائی گھرانوں میں انتہائی مقبول ترین پکوان ہے۔ اس کا منفرد اور انوکھا مزہ آپ کی افطاری کو انتہائی خوشگوار بنا سکتا ہے۔ سارا دن روزے کی حالت میں رہنے کے دوران عبادات اور روز مرہ امور کی انجام دہی سے انسان تھک جاتا ہے اور اس کی تمنا ہوتی ہے کہ افطاری میں قوت بخش اور مزے دار پکوان کھانے کو ملیں اور ظاہر ہے کہ ہر شیف کی بھی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایسا کھانا پکائے جو کھانے والے کو بہترین ذائقہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو توانائی بھی دے۔ کھٹے آلو بھی ایک ایسی ہی ڈش ہے، کم وقت میں آسانی سے تیار ہونے والے کٹھے آلو لاجواب مزے کے ساتھ ساتھ آپ کے جسم کو ضروری توانائی بھی فراہم کرتے ہیں۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ اس مزے دار پکوان کو بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں۔
دہی پھلکیاں:
ایک اور لاجواب اور مزے دار ڈش جس کا نام سنتے ہیں منہ میں پانی بھر جاتا ہے۔ کٹھی میٹھی مزے دار دہی پھلکیاں عام طور پر بازار سے خریدنے کو ترجیح دی جاتی ہے مگر ہم آپ کو بتادیں کہ انہیں گھر پر نہایت آسانی سے بنایا جاسکتا ہے اس کے لئے آپ کو بہت زیادہ وقت اور محنت کی ضرورت نہیں ہے۔ میدے اور آٹے کو ملا کر اس میں نمک اور چینی ملالیں ساتھ میں تھوڑا سا کھانے کا سوڈا ملالیں جب اچھا سا آمیزہ بن جائے تو کڑاھی میں تیل گرم کریں اور چھوٹی چھوٹی پھٹکیوں کی شکل میں آمیزہ اس میں ٹپکاتے جائیں، اس کی گرم گرم پھلکیاں بن جائیں گی۔ انہیں تل کر نکال لیں اور تھوڑی دیر کو پانی میں بھگونے کے بعد دہی میں ڈال کر مزے دار دہی پھلکیاں بنالیں۔ اگر آپ نے گھر پر افطار پارٹی رکھی ہے تو آپ کے مہمانوں کو آپ کی بنائی ہوئی یہی ڈش سب سے زیادہ پسند آئے گی۔ اسے بنانے کی مکمل اور آسان ترکیب کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کریں اور گھر پر بنائیں آسان اور مزے دار دہی پھلکیاں۔
مِنٹ لیمونیڈ:
اس غضب کی گرمی میں روزے کے اختتام پر ہر انسان یہ چاہتا کہ یہ کوئی ایسی چیز ہو جو پورے دن کی تھکن دور کر کے اسے تازہ دم کردے۔ بازار سے ملنے والی مصنوعی ذائقوں سے لبریز اشیا آپ کو فقط منہ کا مزہ تو دیتی ہیں مگر حقیقی توانائی تو ظاہر ہے قدرتی اجزا پر مشتمل چیزوں کو کھانے پینے سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ ہم آج آپ کو ایسی ایک چیز بتا رہے ہیں جو آپ کو نہ صرف لذت اور راحت پہنچاتی ہے بلکہ دن بھر کے تھکے ہارے جسم کو ضرورت کے مطابق توانائی فراہم کر کے آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر چست اور توانا کر دیتی ہے۔ جی ہاں یہ ہے مِنٹ لیمونیڈ، گھر پر آسانی سے بنائیں خود بھی پئیں اور اپنے پیاروں کو بھی پلائیں۔ اس کے لئے آپ کو درکار ہیں پودینے کے صرف چند تازہ پتے، لیموں، چینی اور کالا نمک۔ ان چار چیزوں کے امتزاج سے جو بہترین مشروب تیار ہوگا وہ آپ کو حیران کُن حد تک توانائی اور راحت کا احساس فراہم کرے گا۔ نیچے دیئے گئے لنک پر جا کر آپ مزے دار مِنٹ لیمونیڈ بنانے کی آسان ترکیب جان سکتے ہیں،اس ماہِ رمضان میں اسے ضرور ٹرائی کریں۔
پیاز پکوڑے:
اور اب رمضان المبارک کی سب سے اہم چیز، جی ہاں آپ کے جانے پہچانے روایتی پکوڑے جو ہم سب بچپن سے کھاتے آ رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پکوڑوں کے بغیر افطاری مکمل ہی نہیں ہوسکتی۔ آپ پاکستان میں ہوں یا دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں، پکوڑے ایک ایسی چیز ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران آپ ان کے بغیر رہ ہی نہیں سکتے۔ اور کیوں نہ ہو اپنے ذائقے، روایت اور معیار کی بدولت پکوڑوں کو افطاری کا اہم رکن ہونے کا اعزاز حاصل ہے کسی بھی مسلمان گھرانے میں افطاری کا دستر خوان پکڑوں کو بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ ان کو بنانا بھی نہایت آسان ہے، گرم گرم پکوڑوں کو گھریلو ساختہ چٹنی یا کیچپ کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے۔ لہٰذا گھر پر افطاری بنائیں تو پکوڑے ضرور بنائیں۔
ہمیں امید ہے کہ رمضان المبارک کے دوران آپ ہماری بتائی گئی ڈشز کو ضرور بنائیں گے، اس سے آپ کا وقت بھی بچے اور پیسے بھی، او ریہی پیسے آپ کے عید پر کام آئیں گے۔
اپنی رائے دیں