شیف کمالے کے نام سے جانے پہچانے جانے والے اطالوی طباخ وِٹوریو کاسٹیلانی کو اطالوی کھانے پکانے میں جو مہارت حاصل ہے وہ کسی اور کے پاس نہیں حال ہی میں شیف کمالے نے انٹرنیشنل پکوانوں میں اپنی دلچسپی کو بڑھایا ہے اور مختلف ممالک کے مقامی پکوانوں کے بارے میں جاننے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کا سفر شروع کیا ہے۔ شیف کمالے کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کے مشہور مقامی پکوانوں کو اٹلی کے لوگوں میں متعارف کرائیں گے اور اس سلسلے میں حاصل ہونے والی معلومات کو اٹلی کے مقامی افراد کے ساتھ شیئر کریں گے غیر ممالک کے سفر کے سلسلے میں شیف کمالے نے نومبر کے مہینے میں پاکستان کا سفر اختیار کیا اور کراچی آ کر یہاں کے مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے یہاں کی تاریخ اور کلچر کو جاننے کے لیے خوب سیرسپاٹا کیا اور کراچی میں واقع قدیم مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کراچی کے قدیم مسالا بازار کا بھی دورہ کیا اور یہاں کے منفرد پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ کراچی میں مختلف مقامات کے دورے کے دوران انہوں نے اپنی کھانے پکانے کی مہارت کا بھی مظاہرہ کیا اور کراچی کے لوگوں کو مشہور اطالوی کھانوں سمیت دنیا کے مختلف ذائقوں سے روشناس کرایا۔