چاہے بچے ہوں یا بڑے، عورت ہو یا مرد چاکلیٹ ایک ایسی مزیدار چیز ہے جسے سبھی پسند کرتے ہیں۔ چاکلیٹ کھانے سے کوئی بھی انکار نہیں کرتا۔ اس دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو چاکلیٹ کے خواب نہ دیکھتا ہو۔ چاکلیٹ ٹھنڈی ہو یا گرم اسے کھانا ہمیشہ ایک لذت بھرا تجربہ رہا ہے۔ چاکلیٹ کو خام حالت میں کھائیں یا اس سے کوئی مزیدار سا میٹھا بنائیں یہ ہر طرح سے آپ کی میٹھا کھانے کی اشتہا کو پورا کر کے آپ کا مزاج خوشگوار بناتی ہے۔ چاکلیٹ میں موجود غذائی اجزا آپ کے جسم کو توانائی فراہم کرنے کا بھی بڑا ذریعہ ہے۔ ذیل میں ہم آپ کے لیے چاکلیٹ سے بنے 5 ایسے میٹھے پکوانوں کی فہرست دے رہے ہیں جنہیں ایک بار کھا کر آپ بار بار انہیں کھانے کی تمنا کریں گے۔
:چاکلیٹ برائونیز
آپ کے اسکول کے دنوں کی محبوب ترین چیز چاکلیٹ برائونی کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ چاکلیٹ سے محبت کرنے والا شاید ہی کوئی شخص ہو جس نے اپنے بچپن سے لے کر بڑھاپے تک اپنے دل میں چاکلیٹ برائونی کی کشش محسوس نہ کی ہو۔
مزیدار چاکلیٹ سے بھری برائونیز کا ذائقہ ایسا لاجواب ہے کہ کھانے کے بعد بھی آپ اس کے شاندار ذائقے کو اپنی زبان پر محسوس کرتے ہیں۔ چاکلیٹ برائونی کو کسی بھی وقت کھانا ایک پُرلطف عمل ہے مگر گرما گرم کافی سے بھرے کپ کے ساتھ اگر مزیدار چاکلیٹ برائونیز مل جائیں تو پھر کیا ہی کہنے ہیں۔ چاکلیٹ برائونی اور گرم کافی جیسا حسین اور بے مثال امتزاج کم کم ہی دیکھنے میں آتا ہے تو کیا خیال ہے آج کی شام ہوجائے گرم گرم کافی کے ساتھ مزیدار چاکلیٹ برائونی کا ایک دَور۔
چاکلیٹ ٹریس لیچیز کیک:
جب بھی کبھی کہیں مزے دار میٹھے کیک کا ذکر ہو تو آپ کو چاکلیٹ ٹریس لیچیز کیک کا خیال آئے گا کیونکہ نکارا گوا کا مشہورِ زمانہ چاکلیٹ ٹریس لیچیز کیک اپنے آپ میں ایک منفرد اور لاجواب میٹھا ہے۔ اس کیک کے سب سے خاص بات اس میں استعمال ہونے والی تین طرح کی لیچیز ہیں، نکاراگوا کی مقامی زبان میں لیچی دودھ کو کہتے ہیں یعنی اس شاندار کیک میں چاکلیٹ کے ساتھ ساتھ دودھ کا بھی بھر پور استعمال کیا جاتا ہے جس سے اس کی لذتت، ذائقے اور افادیت میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس کا نرم ملائم اور مہکتا ہوا رسیلا مزہ اسے میٹھے کی دنیا میں ایک اہم مقام عطا کرتا ہے۔ چاکلیٹ، کیک اور میٹھے پکوانوں سے محبت کرنے والے افراد کے لیے یہ شاندار چاکلیٹ ٹریس لیچیز کیک کسی نعمت سے کم نہیں۔
چاکلیٹ سوفل:
فرانس میں سب سے زیادہ کھائے جانے والے والے میٹھوں میں شامل سوفل ایک مقبول ترین اور پسندیدہ ترین میٹھا ہے۔ اس میں شامل انڈے کی زردی اور سفیدی کے خاص امتزاج سے ایک انوکھا ذائقہ پیدا کیا جاتا ہے جسے چاکلیٹ کی آمیزش سے مزید لذیذ اور بے مثال بنایا جاتا ہے۔ یہ مزیدار چاکلیٹ سوفل واقعی ایک لاجواب میٹھا ہے جس کو کھانے کے بعد آپ مدتوں تک اس کا میٹھا۔ رسیلا اور مزیدار ذائقہ بھلا نہیں سکیں گے۔ میٹھے پکوان کھانے کا آپ کا تجربہ یقیناً وسیع ہوگا لیکن اس میں اگر چاکلیٹ سوفل شامل نہیں ہے تو یقین کریں کہ آپ کا میٹھے پکوانون کا تجربہ ابھی نامکمل ہ
چاکلیٹ چِپ کوکیز:
روایتی چاکلیٹ چِپ کوکیز تو آپ یقیناً اپنے بچپن سے ہی کھا رہے ہوں گے مگر اس میں ونیلا کی آمیزش سے پیدا ہونے والا منفرد ذائقہ تا حال آپ کی توجہ کا منتظر ہے۔ زرد سنہری اور کتھئی رنگ کی ان مزیدار کوکیز کو منہ میں رکھتے ہی آپ مزے کی ایک انوکھی دنیا میں پہنچ جائیں گے اور برسوں تک اس کے بے مثال ذائقے کو بھلا نہیں سکیں گے۔ عام طور پر ان شاندار چاکلیٹ چِپ کوکیز کو ٹھنڈے دودھ کے ساتھ کھایا جاتا ہے جس سے ان کے ذائقے اور لذت میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ اگر صبح کا ناشتہ مزیدار چاکلیٹ چِپ کوکیز اور ایک گلاس دودھ کے ساتھ ہو تو آپ کا دن نہ صرف خوشگوار گزرے گا بلکہ آپ خود کو چست اور توانا بھی محسوس کریں گے۔
چاکلیٹ مائوز:
دنیا بھر میں چاکلیٹ سے بنے مشہور ترین میٹھوں میں شامل چاکلیٹ مائوز کو اپنے منفرد اور انوکھے ذائقے کی بنا پر ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ چاکلیٹ سے بنے اس انوکھے پکوان میں پھینٹی ہوئی بالائی کی آمیزش اسے لذیذ، رسیلا اور منہ میں گھل جانے والا نرم بناتی ہے۔ اسے دنیا بھر میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ یہ بہترین میٹھا بچوں، بڑوں، بوڑھوں سمیت ہر عمر کے مرد و خواتین میں مقبول ہے، اگرچہ اسے بناتے پر خوب محنت ہوتی ہے مگر محنت سے حاْصل ہونے والا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔ آپ کی میٹھا کھانے کی اشتہا کو تسکین دینے کے لیے چاکلیٹ مائوز ایک بہترین انتخاب ہے۔ اسے شادی یا سالگرہ کی تقریبات میں بھی اعتماد سے پیش کیا جاتا ہے کیونکہ میٹھے کا شوق رکھنے والا کوئی بھی شخص اسے کھانے سے انکار نہیں کرسکتا۔ اسے ٹھنڈا اور گرم دونوں حالتوں میں پیش کیا اور کھایا جاتا ہے۔ اس کے اوپر چھڑکے گئے چاکلیٹ کے ریزے۔ پھینٹی ہوئی بالائی اور پھلوں کے قتلے نہ صرف اس کی لذت انگیزی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ اس کی ظاہری خوبصورتی اور سجاوٹ کو بھی چار چاند لگادیتے ہیں۔
چاکلیٹ کھانے کے شوقین افراد کو ان پانچوں لاجواب میٹھوں کو کم از کم ایک بار تو ضرور چکھنا چاہیے اگر آپ اپنے آپ کو ان شاندار میٹھوں میں سے کوئی ایک یا باری باری سبھی تحفے دیتے ہیں تو یقیناً آپ مایوس نہیں ہوں گے۔ آپ کی میٹھا کھانے کی لگن کو پورا کرنے کے لیے یہ تمام میٹھے ایک شاندار انتخاب ہیں۔
اپنی رائے دیں