ہزاروں سال سے ٹماٹر کو سبزی اور پھل کے زمرے میں رکھا جاتا ہے،
ہزاروں سال سے ٹماٹر کو سبزی اور پھل کے زمرے میں رکھا جاتا ہے، قدرت نے اس چھوٹی سی چیز میں بہت سارے خواص رکھ چھوڑے ہیں جس کی بنا پر ٹماٹر کو پھل اور سبزی یعنی دونوں زمرہ جات میں سلیقگی سے پیش کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں عام طو ر پر ہر گھر میں پکائے جانے والے ہر پکوان میں ہی ٹماٹر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹماٹروں کو پھلوں اور سبزیوں کی سلاد میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس لئے بجا طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ ٹماٹر کے علاوہ کوئی دوسری ایسی سبزی نہیں ہے جو گرمیوں کے موسم میں اس قدر افادیت فراہم کرتی ہو۔ صحت کے حوالےسے بھی ٹماٹر میں ایسے خواص پائے جاتے ہیں جو انسان کے لئے بہت ضروری ہیں۔ ٹماٹر میں قدرتی طور پر کینسر کے خلاف مدافعت فراہم کرنے والے اجزا پائے جاتے ہیں۔ جِلدی امراض سے بچنے کے لئے ٹماٹر کا استعمال بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جبکہ دل کو صحت مند رکھنے کے لئے بھی ٹماٹر اہم کردار اد کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمباکونوشی سے پیدا ہونے والے اثرات کے خلاف بھی ٹماٹر بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ ذیابطیس کے مرض میں ٹماٹر کا استعمال اکسیر سمجھا جاتا ہے جبکہ بینائی اور نظام ہضم کی بہتری میں بھی ٹماٹر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
خریداری
رس بھرے تازہ ٹماٹر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں۔ ٹماٹر خریدتے وقت دو باتوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے ایک تو یہ کہ ٹماٹر کچے نہ ہوں اور دوسرے بہت زیادہ پکے ہوئے اور پلپلے نہ ہوں۔ اس لئے ہمیشہ تازہ، سرخ، چمکدار اور پکے ہوئے ٹماٹر خریدنے کو ترجیح دیں۔ تازہ اور پکے ہوئے ٹماٹروں میں سے بہت خوشگوار اور بھینی بھینی خوشبو آتی ہے جبکہ باسی ہونے پر ان میں سے کٹھاس بھری ناگوار بو آنے لگتی ہے اس لئے ہمیشہ ٹماٹر کو ہاتھ میں لے کر ہلکا سا دبا کر دیکھیں کہ نہ تو بالکل کچے ہوں اور نہ بہت زیادہ پکے ہوئے ہوں۔ تازہ ٹماٹروں کی سوندھی خوشبو ہی آپ کو بتادے گی کہ یہ کھانے اور پکانے کے لئے بہترین ہیں۔
محفوظ کرنا
ٹماٹروں کو ہمیشہ متعدل درجہ حرارت میں رکھیں، براہ راست دھوپ میں رکھنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ نازک اندام سبزی دھوپ یا زیادہ درجہ حرارت میں رکھنے سے جلدی خراب ہوسکتی ہے۔ گرمیوں کے موسم میں انہیں ہمیشہ ریفریجریٹر میں رکھیں کیونکہ سرد اور خشک جگہ پر رکھنے سے یہ زیادہ عرصہ تک قابلِ استعمال رہتے ہیں۔ اگر ٹماٹر زیادہ پکے ہوئے ہوں تو آپ انہیں فریز بھی کرسکتی ہیں۔ ٹماٹر کا گودا نکال کر بھی کسی منہ بند ڈبے میں فریز کیا جاسکتا ہے۔ ٹماٹروں کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے خشک، کھلی اور ہوادار جگہ پر رکھنا بھی بہتر ہے اگر ٹماٹر فریج میں رکھے ہیں تو استعمال سے دو گھنٹے پہلے انہیں نکال کر باہر رکھ لیں۔
ٹماٹروں کو کیسے کاٹا جائے۔
ذیل میں ہم آپ کو مرحلہ وار ٹماٹر کاٹنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ اس طریقے پر عمل کرکے آپ بہترین انداز میں ٹماٹر کاٹ سکتی ہیں۔
پہلا قدم
ایک برتن میں پانی لیں
دوسرا قدم
اس پانی کو ابالنے کے لئے برتن کو چولہے پر رکھ دیں
تیسرا قدم
اب ٹماٹروں کو اس پانی میں ڈال دیں
چوتھا قدم
بیس منٹ تک ٹماٹروں کو اس پانی میں ابلنے دیں
پانچواں قدم
اب ٹماٹروں کو باہر نکال کر انہیں چھیل لیں
چھٹا قدم
اب اس کے سر کو کاٹ لیں
ساتواں قدم
ٹماٹر کو درمیان سے کاٹ لیں
آٹھواں قدم
اب اسے چوکور ٹکڑوں کی شکل میں کاٹ لیں
نواں قدم
اب اس کے بیج نکال دیں
دسواں قدم
اب اسے لمبے لمبے قتلوں کی شکل میں کاٹ لیں
گیارہواں قدم
اب ان سارے ٹماٹروں کی ایک گٹھی بنائیں اور انہیں موٹا موٹا کاٹ لیں
بارہواں قدم
اب ان ٹماٹروں کو باریکی اور نفاست سے کاٹیں
لیجئے اب یہ ٹماٹر بہت اچھے سے کٹ گئے ہیں اور آپ کو یہ کرنا آگیا ہے۔ اس حوالے سے مشق کرتی رہیں ایک دن آپ ضرور ٹماٹر کاٹنے کی ماہر ہو جائیں گی۔