کسی بھی کھانے پر ایک سجی سجائی طشتری کو دیکھ کر خیال آتا کہ یہ لوگ کیسے اسے سجاتے ہیں، ایک شیف کی حیثیت سے جب میں نے کھانے پکانے شروع کئے تو مجھے یہ احساس رہا کہ مزے دار کھانا بنانے کے ساتھ اسے بہترین طریقے سے پیش کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کھانا پکانے کا عمل۔ کیونکہ کوئی بھی شخص کھانا کھانے سے پہلے اسے دیکھتا ہے۔ ہم چونکہ اسمارٹ فون اور ٹیکنالوجی کے عہد میں زندہ ہیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر کھانے پینے کے شوقین افراد مختلف کھانوں کے بارے میں تصاویر اور اپنے خیالات شیئر کرتے رہتے ہیں۔
آج کل ہر کوئی یہ چاہتا ہے کہ کھانے کو بہترین انداز میں سجا کر پیش کیا جائے، تا کہ خاص مواقع پر یا فیملی گیدرنگ کے دوران کھانے والے آپ کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکیں۔ سوشل میڈیا پر یا کسی نفیس ریسٹورانٹ میں کھانوں کی پیشکش کا انداز ہمیشہ دل کو لبھاتا ہے۔ کھانے کو پیش کرنے کا ہر کسی کا اپنا انداز اور طریقہ ہے یہاں یہ کہاوت سچ ہوتی نظر آتی ہے کہ پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے اچھی طرح سجے ہوئے کھانے کو دیکھ کر کھانے کو دل چاہتا ہے اس لیے اس عمل کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتارہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ کھانے کو بہترین انداز میں پیش کرسکتی ہیں۔
سب سے پہلے تو کاغذ پر ایک خاکہ بنالیں اور ان تمام اشیا کے نام لکھ لیں جنہیں طشتری یا تھالی میں سجانا ہے تاکہ آپ کوئی چیز بھول نہ جائیں۔ یہ سمجھیں کہ یہ کاغذ آپ کا اسٹوری بورڈ ہے۔ تھالی میں پیش کئے جانے والے تمام اجزا اور اہم نقاط کو لکھ لیں تاکہ تھالی کو سجاتے وقت آپ کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
تھالی سجانے کا عمل ایک ہی مرحلے میں مکمل کیا جانے والا کام ہے کیونکہ آپ بار بارچیزوں کو اٹھا کر اِدھر اُدھر نہیں کرسکتے۔ تھالی سجانے سے قبل اس بات کا یقین کرلیں کہ پلیٹ ہمیشہ صاف ستھری، دھلی ہوئی، سفید اور گول ہونی چاہیے اور اس میں اتنی گنجائش ہونی چاہیے کہ اس میں مختلف اقسام کی چیزوں کو سجا کر رکھا جا سکے۔ اگر آپ اپنی مہارت کو آزمانا چاہیں تو تھالی سجانے کے لیے چوکور پلیٹ کا استعمال بھی کر سکتی ہیں۔ آپ چاہیں تو بیضوی یا کسی اور ساخت کی پلیٹ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ پلیٹ ہمیشہ سفید لیں تاکہ اس میں رکھی ہوئی اشیا واضح طور پر نظر آئیں اور دیکھنے والے میں دلچسپی کا عنصر برقرار رہے۔
اپنی پلیٹ میں اشیا کا ڈھیر لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے پیشکش کی نفاست متاثر ہوگی اور بھدے پن کا عنصر اجاگر ہوگا۔
جیسا کہ آپ نے شروع میں ایک خاکہ بنایا تھا اس کے عین مطابق چیزوں کو پلیٹ میں سجانا شروع کریں۔ سب سے پہلے پلیٹ کے ایک طرف برش کے ذریعے اوپر سے نیچے ٹماٹر کی چٹنی کی ایک لکیر کھینچ دیں، اس کے بعد پہلے سے سوچی گئی اشیا یعنی پروٹین، ڈیزرٹ، اچھے سے پکی ہوئی دیگر اشیا کو اچھے سے پلیٹ میں سجالیں، کھانے پر چھڑکنے کے لیے کاٹی گئی چیزوں کو ایک طرف رکھیں اور دیکھیں کہ پلیٹ کیسی دلکش دکھائی دے رہی ہے۔
اسے بنانا اور پلیٹ میں سجانا بہت آسان ہے۔ سب سے پہلے ایک فرائنگ پین میں تیل ڈال کر اسے گرم کریں، پاپڑی کا آمیزہ جو آپ نے پہلے سے میدے اور پانی کے مرکب سے بنا رکھا ہے اسے فرائنگ پین میں ڈال کر تل لیں، بنی بنائی مزےدار پاپڑی تیار ہے۔
ہر ڈش کی ایک سائیڈ لائن ہوتی ہے جو اس کھانے کو مکمل کرتی ہے۔ اس جگہ پر سلاد اور کٹی ہوئی سبزیوں کو سجایا جاسکتا ہے۔ سبزیاں کاٹنے کے متعدد طریقے رائج ہیں جن میں فرنچ اسٹائل سرِ فہرست ہے جس میں سبزیوں کو کسی بھی انداز میں کاٹا جاسکتا ہے، لمبے قتلے، گول قاشیں، انتہائی باریک اور لمبی ہوائیاں، ماچس کی تیلیوں کے انداز میں، چوکور، مربع، گول، مثلث یا ہیرے کی شکل میں بھی سبزیوں کو کاٹ کر پلیٹ میں سجایا جاسکتا ہے۔
ٹماٹر کی چٹنی یا ساس تھالی میں سجائی جانے والی آخری چیز ہے، گاڑھی اور خوش رنگ چٹنی کو پلیٹ کے ایک طرف رکھیں اس کے ساتھ بکرے یا مرغی کے گوشت کی بوٹی، قتلے یا سمندری کھانے بھی پیش کیے جاسکتے ہیں
آخر میں آپ دیکھیں گی کہ سجی ہوئی پلیٹ ایک تصویر کی شکل اختیار کرگئی ہے جسے آپ نے ان تمام اشیا کے ملاپ سے پینٹ کیا ہے۔
کھانا پکانے اور پیش کرنے کی مشق سے متعلق سب سے بہترین چیز آپ کا تجربہ ہے جو آپ کھانے پکانے اور اسے پیش کرنے کے حوالے سے کرچکی ہیں۔ اس مشق پر عمل کر کے آپ بہترین نتائج حاصل کر سکتی ہیں۔
اب جبکہ آپ یہ سب کچھ جان چکی ہیں تو پھر دیر کس بات کی ہے، آج سے ہی مشق شروع کردیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ مشق ہی وہ چیز ہے جو کسی فرد کو کسی بھی شعبے میں کامل بنا سکتی ہے۔