بینگن کاٹنے کا طریقہ

(18518 وِیوز)

بینگن ایک مزے دار سبزی ہے جسے مختلف اقسام کے کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے بیشتر گھرانوں میں بینگن کو نمکین پانی میں ابال کر، بھرتہ بنا کر یا تل کر کھایا جاتا ہے، دیگر ممالک میں اسے چولہے پر بھون کر، ڈبل روٹی میں لپیٹ کر یا تندور میں بھون کر کھایا جاتا ہے۔

ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں

اطالوی پکوانوں میں اسے میرنیٹ کرکے یا نمکین پانی میں ابال کر کھایا جاتا ہے تاکہ اس کا کسیلا پن دور کیا جاسکے۔


چمکدار کاسنی رنگت والے بینگن کسی بھی کھانے کو مزےدار اور جاذبِ نظر بنادیتے ہیں، یہاں ہم آپ کو بینگن خریدنے، کاٹنے اور اسے محفوظ کرنے کے کچھ طریقے بتارہے ہیں جو آپ کے لیے بہت کار آمد ثابت ہوں گے۔
بینگن کی خریداری: بینگن سارا سال آسانی سے بازار میں ملنے والی سبزی ہے تاہم اس کی بہترین پیداوار اگست اور ستمبر کے مہینوں میں ہوتی ہے۔ چھوٹے اور سستے بازاروں کے علاوہ بینگن بڑے اسٹورز پر بھی دستیاب ہوتے ہیں، بینگن خریدتے وقت اچھی طرح دیکھ بھال لیں کہ اس کی رنگت اور جلد چمکتی ہوئی ہو اور اس پر کسی قسم کے داغ دھبے نہ ہوں، انگلی سے دبا کر دیکھنے پر بھی اس کی تازگی کا اندازہ ہوجاتا ہے، بینگن پر پڑے داغ دھبوں، جھریوں اور نرم جلد کا مطلب یہ ہوگا کہ یہ سبزی تازہ نہیں ہے۔


بینگن کو کیسے محفوظ کیا جائے:

بینگن ایک ایسی سبزی ہے جو بہت جلد خراب ہوجاتی ہے اور اس کی جلد سیاہ پڑجاتی ہے۔ بینگن کو کاٹ کر محفوظ کرنا زرا سا مشکل ہے تاہم اسے سالم حالت میں ریفریجریٹر میں رکھیں تو 3 سے 4 دن تک ان کی تازگی برقرار رہتی ہے۔
بینگن کو ہمیشہ احتیاط سے رکھیں کیونکہ اس پر بہت جلد داغ پڑجاتے ہیں، بازار سے خریدنے کے بعد اسے ہمیشہ پلاسٹک میں لپیٹ کر رکھیں۔ دم پخت کئے ہوئے یا موٹے قتلوں کی شکل میں پکے ہوئے بینگن 2 دن تک تازہ رہ سکتے ہیں تاہم انہیں کھانے کی غرض سے دوبارہ گرم کرنے پر تھوڑے نرم پڑجاتے ہیں۔  

بینگن کو کیسے کاٹا جائے:

یہاں ہم آپ کو تصاویر کے ذریعے مرحلہ وار بتائیں گے کہ بینگن کو کیسے کاٹا جانا چاہئے۔


پہلا مرحلہ: 

بینگن کا سر کاٹ کر علیحدہ کردیں اور گول گول گول قتلوں کی شکل میں کاٹ لیں۔


  
چھوٹے ٹکڑے بنانا: 

بینگن کے چھوٹے ٹکڑے بنانے کے لیے اس کا سر کاٹ کر علیحدہ کردیں پھر اسے بالکل درمیان سے کاٹ کر دو یکساں حصوں میں تقسیم کرلیں۔ اس کے بعد ان کٹے ہوئے حصوں کو سیدھا رکھیں اور درمیان سے کاٹ کر مزید ٹکڑوں میں تقسیم کردیں۔ اسی طرح کٹے ہوئے ٹکڑوں کو درمیان سے یکساں کاٹ کر مزید چھوٹے ٹکڑے بنالیں۔  

بڑے ٹکڑے بنانا:

اگر آپ بینگن کے معمول سے بڑے ٹکڑے بنانا چاہتی ہیں تو پہلے طریقے پر عمل کرتے ہوئے اسے بالکل درمیان سے کاٹ کر دو حصوں میں تقسیم کرلیں، اسی طرز پر اس کے مزید ٹکڑے بنا لیں اور محفوظ کرلیں۔ 


اب آپ بینگن کے بارے میں بہت کچھ جان چکی ہیں، سو اپنے کچن میں موجود چیزوں کو بینگن کے مزے دار اور طرح طرح کے کھانے بنانے کے لیے تیار کرلیں۔ 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں