جھینگے کو چھیلنا، صاف کرنا

(20891 وِیوز)

جھینگے کا کوئی بھی پکوان بنانے سے پہلے اس کی صفائی اور چھلائی کا معاملہ ہے جس کے بارے میں بہت سے لوگ نہیں جانتے کہ جھینگوں کی اچھی طرح صفائی کیسے کی جائے۔ اسی وجہ سے لوگ بازار سے بنے بنائے جھینگے خرید لیتے ہیں اور یقیناً وہ یہ کرکے بڑی غلطی کرتے ہیں کیونکہ اسٹور سے خریدے گئے جھینگے باسی ہوسکتے ہیں اور ان کی صفائی بھی اچھی طرح سے نہیں کی گئی ہوتی۔ دوسرا مسئلہ ذائقے کا ہے کیونکہ اسٹور سے خریدے گئے جھینگوں کے مقابلے میں مچھلی بازار سے خریدے گئے تازہ جھینگے زیادہ مزےدار ہوتے ہیں۔

ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں


مچھلی بازار سے ملنے والے تازہ جھینگے مختلف اقسام اور ذائقہ رکھتے ہیں، تاہم انہیں چھیلنا اور ان کی صفائی کرنا ایک محنت طلب کام ہے، اور اس میں وقت بھی خاصا لگتا ہے۔ ایک بار اگر آپ سیکھ جائیں کہ یہ سب کیسے کرنا ہے تو آپ دوبارہ کبھی بازار سے چھلے ہوئے جھینگے نہیں لیں گی۔
کیا آپ کو پتہ ہے؟


دنیا بھر میں جھینگوں کی 2000 سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں، جھینگے ریڑھ کی ہڈی سے محروم جاندار ہیں تاہم ان کے اوپر ایک سخت، بے رنگ اور شفاف خول ہوتا ہے جو ان کی بقا کے لیے قدرت نے بنایا ہے اس خول کے باعث یہ دیگر شکاری مچھلیوں اور جانداروں سے محفوظ رہتے ہیں۔
 خریداری:
 سی فوڈ کی خریداری کرتے ہوئے یہ دھیان رکھنا بہت ضروری ہے کہ اس میں باسی، خراب اور مضر صحت چیز شامل نہ ہوجائے، اسی طرح جھینگوں کی خریداری میں خاص طور پر اس بات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے ہمیشہ تازہ اور معیاری جھینگے خریدے جائیں۔ جھینگے کے خول کو دیکھ کر ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنا تازہ یا باسی ہے۔ اگر اس کا خول شفاف، ہلکا بھورا یا ہلکا گلابی ہو تو یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ جھینگے تازہ ہیں۔ اگر اس پر سیاہ دھبے یا داغ پڑے ہوں تو یہ ہمیں بتاتے ہیں کہ جھینگے اچھے معیار کے نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ جھینگے کی مہک سے بھی اس کے تازہ یا باسی ہونے کا پتہ چل جاتا ہے۔ اگر جھینگے میں سے مچھلی کی طرح کی باس آرہی ہو تو اسے خریدنے سے گریز کریں کیونکہ وہ خراب ہوسکتے ہیں۔
جھینگوں کے مختلف سائز:
جھینگے عموماً 3 طرح کے سائز میں پائے جاتے ہیں یعنی چھوٹے، درمیانے اور بہت بڑے، اپنے سائز کے لحاظ سے انہیں مختلف ناموں سے بھی جانا جاتا ہے جیسے جائنٹ ٹائیگر پران، کاراموٹ پران، وائٹ لیگ شرمپ، انڈین پران وغیرہ۔  آپ اپنے پکوان کی نوعیت کے حساب سے جھینگے خرید سکتی ہیں۔
جھینگوں کو کاٹنا:
ذیل میں کچھ تصاویر کے ذریعے ہم آپ کو جھینگوں کی صفائی ستھرائی اور کاٹنے کے درست طریقے سے آگاہ کریں گے۔ جھینگوں کی صفائی میں سب سے اہم چیز ان کی دُم اور آنت کی صفائی ہے۔ سب سے پہلے تو جھینگے کی کھال اور ٹانگوں کو الگ کردیں۔ پھر اسے سیدھا کرکے رکھیں اور چھری کی نوک یا ٹوتھ پک کے

زریعے سیاہ آنت کو نکال دیں۔ 
بٹرفلائی کٹ:
جھینگے کو بالکل درمیان سے کاٹنے کو بٹر فلائی کٹ کہا جاتا ہے اس کی ضرورت گارلک پران، چیزی پران اور تلے ہوئے جھینگوں کے لیے پیش آتی ہے۔  


آنت کا اخراج:
جھینگے میں موجود سیاہ رنگ کی آنت کو نکالنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ آنت آپ کے کھانے کو بد مزہ کرسکتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ پکانے سے قبل جھینگے کی اچھی طرح صفائی کی جائے اور چھری سے کاٹ کر اس کے اندر موجود سیاہ آنت کو نکال دیا جائے۔ بغیر آنت کے ان جھینگوں کو آپ چلی پران، مسالے دار پکوان، کوکونٹ پران کری، پلائو اور دیگر کھانوں میں استعمال کرسکتی ہیں۔

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں