جب نوڈل بار فوڈ ٹریبیون پر چھا گیا۔ 

جب نوڈل بار فوڈ ٹریبیون پر چھا گیا۔ 

جب نوڈل بار فوڈ ٹریبیون پر چھا گیا۔ 

فوڈ ٹریبیون یہاں ان دوستوں کے خیالات شیئر کرنے کے لیے موجود ہے جنہوں نے نوڈل بار کے نام سے شہر میں ایک نیا ریسٹورانٹ کھولا ہے۔ کھانے پکانے میں مہارت اور سرٹیفکیٹ رکھنے والی یہ دو شیفس دعا ساجد اور حبہ عارف ہیں جو آپس میں بہترین دوست ہیں۔
یہ خواتین اپنے خاندان کی مدد کرنے اور روایتی میمنی پکوان کھائوسے کو کراچی بھر میں متعارف کرانے کی لگن لے کر فوڈ انڈسٹری میں آئی ہیں۔ ان خواتین نے اپنے نوڈل بار میں نوڈلز سے بننے والی متعدد ڈشز متعارف کرائی ہیں۔ ہم چاہیں گے کہ آپ ان کے ریسٹورانٹ میں جائیں اور نوڈلز سے بنے مختلف اقسام کے لذیذ اور مزیدار کھانوں سے لطف اٹھائیں۔  

 
چکن کھائوسے:
یہ سارا سلسلہ چکن کھائوسے سے شروع ہوا جو یہاں کی مشہور ڈش ہے۔ نوڈل بار کا چکن کھائوسے گوشت، نوڈلز اور مزے کا بہترین امتزاج ہے۔ اس لذیذ ڈش میں کوکونٹ کری اور کھائوسے میں ڈالی جانے والی روایتی چٹنی، مسالے، اچار اور نمک مرچ مل کر اس کے ذائقے کو نہایت پُرلطف بناتے ہیں۔     یہ مزیدار چکن کھائوسے تین افراد کے کھانے کے لیے کافی ہوتا ہے جسے نوڈل بار کی اونرز اپنے گھر پر تیار کرتی ہیں۔ اس کی تیاری کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ 
عام طور پر شہر میں ملنے والے کھائوسے کے مقابلے میں نوڈل بار کے کھائوسے کی کری کو بہت زیادہ تیکھا اور مرچیلا نہیں بنایا جاتا اس لیے اسے ہر کوئی ذوق و شوق سے کھا سکتا ہے۔ 
فوڈ ٹریبیون کو نوڈل بار کا چکن کھائوسے بہت پسند آیا ہے اور اسے دوسروں کو بھی چکھنے کا مشورہ دیں گے۔ 
اس کی قیمت صرف 500 روپے ہے اور یہ تین افراد کے لیے کافی ہے۔ فوڈ ٹریبیون نے اسے 10 میں سے ساڑھے 7 نمبر دیئے ہیں۔



پیزا پاستہ:
فوڈ ٹریبیون کو نوڈل بار کا پیزا پاستہ بے حد پسند آیا۔ یہ پیزا اور پاستہ کا بہترین امتزاج ہے جس میں چیز اور مسالوں کا تناسب بھی بہت لاجواب ہے۔ اسے انتہائی عمدہ طریقے سے بیک کیا گیا اور اس میں ڈالے گئے مرچیلے ریڈ ساس، مشروم، زیتون، لذیذ نباتات اور بھنی ہوئی چکن نے اس کا مزہ دوبالا کردیا۔ اس کے اوپری حصے پر پھیلائی گئی چیز کی بھرپور مقدار نے نہ صرف اسے دیکھنے میں پُرکشش بنایا بلکہ ذائقے میں بھی بے مثال کردیا۔ 
اس کی قیمت صرف 400 روپے ہے اور اسے دو لوگ آسانی سے کھاسکتے ہیں۔ فوڈ ٹریبیون نے اسے 10 میں سے 9 نمبر دیئے ہیں۔

ساسی باربی کیو رائس ود نوڈلز:
یہ نوڈل بار کی اپنی اختراع کردہ ڈش ہے جو چاولوں، نوڈلز اور چکن پر مشتمل ہے اور کھانے پینے کے شوقین افراد میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ اس میں شامل چاولوں کو پکانے کے بجائے بھون کر ڈالا جاتا ہے جبکہ چٹنی میں لتھڑے نوڈلز اور باربی کیو کی ہوئی چکن کی ٹاپنگ اسے منہ میں پانی لانے والی ڈش بنا دیتی ہے۔ اس پر ڈالی جانے والی گاڑھی کریمی ساس اسے اور بھی مزیدار بناتی ہے۔ اس میں شامل مختلف ذائقے مل کر ایک ہوجاتے ہیں اور آپ کو ایک انوکھے مزے سے روشناس کراتے ہیں۔ اس کی مہک دور سے ہی آپ کے منہ میں پانی لے آتی ہے اور آپ اس کے کریمی اور اسپائسی ذائقے سے لطف اندوز ہونے کو بے تاب ہوجاتے ہیں۔
اس کی قیمت صرف 520 روپے ہے اور یہ دو افراد کے لیے کافی ہے۔ فوڈ ٹریبیون نے اسے 10 میں سے ساڑھے 8 نمبر دیئے ہیں۔

مکس چائومین: 
اگر آپ نوڈلز کے بہت بڑے فین ہیں اور ایک روایتی چائومین سے ہٹ کر کچھ کھانے کے خواہش مند ہیں تو ہم آپ کو مشورہ دیں گے کہ نوڈلز بار کا بنایا ہوا مکس چائومین ضرور چکھیں کیونکہ اس میں مزیدار اسپائسی چکن کی بھر پور مقدار، بیف اور بھنے ہوئے جھینگوں کے ساتھ ساتھ صحت بخش سبزیوں کی بھی بڑی مقدار شامل ہے جو سب مل کر اس ڈش کو انتہائی لذیذ اور بے مثال بناتے ہیں۔ ہم چاہیں گے کہ اچھے اور مزیدار کھانے کھانے کے شوقین افراد اس لاجواب ڈش کو ضرور ٹرائی کریں۔
اس کی قیمت صرف 420 روپے ہے اور یہ دو افراد کے لیے کافی ہے۔ فوڈ ٹریبیون نے اسے 10 میں سے 8 نمبر دیئے ہیں۔

 
نوڈل بار کی تیار کردہ یہ تمام انوکھی ڈشز چکھنے کے بعد فوڈ ٹریبیون آپ کو مشورہ دے گا کہ اگر آپ کم خرچ، بہترین اور صاف ستھرے کھانے کھانے کے خواہش مند ہیں تو نوڈل بار کی ان ڈشز کو ضرور ٹرائی کریں۔   
 

null

بطور پاکستانی، اچھا کھانا میرے لیے ہمیشہ سے تسلی بخش رہا ہے۔ کیا یہ میں ہی ہوں جو اچھا کھانا کھا کے خوش ہوتی ہوں یا میرے ابو جو خود مجھے اسکول جانے پر ٹوفی کی آفر کرتے تھے۔۔۔کھانے کا تعلق ہم لوگوں کے لیے کچھ اور ہی ہے۔اس سے ہمارے جذبات بھی جڑے ہوئے ہیں ۔یہ لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔میں نے فوڈ ٹریبیون کیلئے لکھنا ہی کھانے کی محبت میں شروع کیا۔

 

اپنی رائے دیں

 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں