اگر آپ مشہورِ زمانہ ٹی وی سیریل فرینڈز کے کردار جوئے کے مداح ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ اس کی فطرت اور عادات سے بھی واقف ہوں گے، اس کی شخصیت کا سب سے اہم جزو یہ ہے کہ جوئے اپنا کھانا کسی کے ساتھ بانٹتا نہیں۔ یہ کردار کھانے کا اس قدر شوقین ہے کہ ایک قسط میں اپنے فرائیز بچانے کے لیے اس نے سارہ کے ساتھ ملاقات ہی ملتوی کردی۔
فرینڈز کے اس مشہورِ زمانہ کردار کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ پیٹو اور چٹورا جوئے اس دنیا میں فقط کھانا کھانے کے لیے آیا ہے، اس کے چٹورے پن اور مزیدار کھانوں سے محبت کا یہ عالم ہے کہ وہ اکیلا ہی 18 پائونڈ وزنی ٹرکی ہڑپ کرسکتا ہے۔
یوں تو کھانا پینا ہر انسان کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے اور کوئی شخص کھانے کو انکار نہیں کرتا مگر جوئے کی کھانے سے محبت اپنی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے۔ پہلی نظر میں اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ ایک ایسا شخص ہے جو ہم سب سے زیادہ بھوکا اور حریص ہے۔ اس ٹی وی ڈرامے میں جوئے کا کردار ایک درمیانی عمر کا دوستانہ فطرت رکھنے والا ہنس مکھ شخص ہے جو مزیدار اور چٹ پٹے کھانوں کا دیوانہ ہے۔
اس ڈرامے میں چاہے کوئی بھی صورت حال ہو جوئے ہمیشہ اپنے حقیقی کردار اور سچی فطرت کے ساتھ نظر آتا ہے اس پر کسی منافقت کا پردا نہیں ہے اور وہ دوسروں کے لیے خود کو بدلتا بھی نہیں ہے۔ صورت حال چاہے کسی طرح کی شرمندگی یا مضحکہ خیزی پر ہی مبنی کیوں نہ ہو جوئے نے نہ تو خود کو بدلنا ہے اور نہ اپنی روش تبدیل کرنی ہے، وہ جیسا ہے کھلم کھلا سب کے سامنے ہے۔ مگر اس وقت وہ سب کے دل جیت لیتا ہے جب اپنے دوست کے ساتھ اپنا کھانا بانٹتا ہے اس وقت وہ ایک حساس دل رکھنے والا، اپنے دوستوں کا خیال رکھنے والا اور محبت کرنے والا شخص بن جاتا ہے اور اس وقت ٹی وی دیکھنے والے ناظرین بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے ہیں کیونکہ جوئے وہ شخص ہے جو کسی خاتون سے ملاقات محض اس لیے ملتوی کردیتا ہے کہ وہ اپنا کھانا کسی اجنبی کے ساتھ بانٹنا نہیں چاہتا۔ جوئے ایک ایسے کردار کی مکمل تصویر ہے جو ایک تنہا اور خوش انسان ہے اور اس کی ساری زندگی صرف اور صرف کھانے کے گرد گھومتی ہے۔
جوئے کے بارے میں لوگ جو بھی کہیں مگر وہ ایک ایسا شخص ہے جو کسی طور پر بھی منافق نہیں ہے، وہ ایک سیدھا سچا اور کھرا آدمی ہے جو کھانے کے بارے میں اپنی محبت کو کسی سے چھپاتا نہیں کیونکہ وہ جیسا اندر سے ہے ویسا ہی باہر بھی ہے اس طرح اس پل پل رنگ بدلنے والی دنیا میں وہ ایک حیرت انگیز کردار بن کر سامنے آتا ہے جو چٹورا ہے، پیٹو ہے اور کھانے کا دیوانہ ہے۔ اس کے اندازواطوار میں پائی جانے والی، سادگی، بے فکری اور بے نیازی کہیں کہیں مزاحیہ صورت حال بھی اختیار کرلیتی ہے۔ آپ کی زندگی میں بھی جب چیزیں آپ کی مرضی سے نہ ہورہی ہوں یا درست سمت میں نہ جارہی ہوں تو ایسے میں آپ کو چاہیے کہ جوئے جیسے بن جائیں کھاتے پیتے تفریح کرتے اور مزے اڑاتے ہوئے ایک ایسے آدمی جس کے لیے زندگی زندہ دلی کا نام ہے اور کھانا اس زندگی کو مزیدار بناتا ہے۔
اپنی رائے دیں