ہم یہاں لذیذ اور مزے دار کھانوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اور ریسٹورانٹ کے ساتھ حاضر ہیں جس کا نام ہے گارڈن بسٹرو۔
یہ ریسٹورانٹ ڈی ایچ اے کراچی کے مرکز میں واقع ہے۔ اس ریسٹورانٹ میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے، صحت مند اور مزیدار کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ وہ تازہ پکا ہُوا کھانا پیش کریں جس میں غیر ضروری کیلوریز بھی نہ ہوں۔ اس کے ساتھ ہی وہی کھانا ذائقہ دار بھی ہو اور گاہگ اس سے بھر پور انداز میں لطف اندوز ہوسکیں۔
اصفر اس ریسٹورانٹ کے مالکان میں سے ایک ہے ( جو اپنے دوسرے پارٹنرز کے ساتھ بھی یہی نام شیئر کرتا ہے) کے ساتھ گفتگو کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گارڈن بسٹرو یہ امید کرتا ہے کہ لوگوں کو اس بات کا احساس ہوجائے کہ "صحتمند کھانا ہمیشہ بورنگ نہیں ہوتا" –
اور ہم اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں۔
مینیو اور ماحول:
اپنے نام کی طرح، گارڈن بسٹرو کا خوبصورت ماحول دیکھ کر بالکل کسی باغ کا گمان ہوتا ہے۔ یہ ایک چھوٹی سی، مگر آرام دہ اور پرسکون جگہ ہے جہاں جا کر آپ کو گھر کا سا احساس ہوگا ۔ ان کے انٹیرئیر سے شروع کرتے ہوئے ، ان کے فرنیچر اور کٹلری تک، ہر چیز کی تھیم کی مانسبت سے سجاوٹ نہایت خوشگوار تاثر دیتی ہے اور اس جگہ کو مجموعی طور پر راحت کا احساس فراہم کرتی ہے۔ اگر ہمیں ان کے ماحول کے مطابق ریٹنگ دینی ہو تو ہم انہیں کسی صورت بھی دس سے کم اسکور نہیں دیں گے۔
گارڈن بسٹرو کے مینیو کی فہرست طویل اور شاندار ہے۔ ایپیٹائزرز سے لے کر ڈیزیرٹس تک ان کے پاس آپ کے انتخاب کے لیے وسیع اقسام موجود ہیں۔ یہاں برگر سے لے کر پاستا اور سی فوڈ تک ہر چیز سرو کی جاتی ہے۔ جبکہ سبزیوں کے شوقین افراد کے لیے بھی متعدد لذیذ ڈشز کی ورائٹی موجود ہے۔ صرف یہی نہیں ان کے پاس ناشتے کے مینیو کی بھی زبردست ورائٹی موجود ہے۔ جس میں سے فرنچ ٹوسٹ ایک کلاسک اور مجموعی طور پر مقبول ڈش ہے۔ جس نے بھی گارڈن بسٹرو کا فرنچ ٹوسٹ کھایا ہے وہ اس کے ذائقے کا دیوانہ ہوگیا ہے۔ جب بات مشروبات کی ہو تو ان میں سے انتخاب کرنے کے لیے بھی وسیع آپشنز موجود ہیں۔ آرگینک کافی کے ساتھ ساتھ اس کی ایک منفرد قسم بھی پیش کی جاتی ہے جو شہر میں کہیں بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہے۔
کیا آرڈر کریں:
گارڈن بسٹرو ان تمام ریسٹورانٹس میں سے ایک ضرور ہے جواپنی مزیدار اور منہ میں پانی لانے والی ڈشز چکھنے کے لیے لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ جب آرڈر کرنے کی بات آتی ہے تو ، مینیو میں سے ہر ایک ڈش کے نیچے موجود مختصر تفصیل ہمارے لیے یہ فیصلہ کرنے میں بہت مدد گار ثابت ہوتی ہیں کہ ہم کیا کھانے کے موڈ میں ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہاں کا عملہ انتہائی خوش اخلاق اور پُرجوش تھا اور اپنے گاہکوں کی ضروریات سے باخبر تھا تاکہ آسانی کے ساتھ فیصلہ کرنے میں ان کی مدد کرسکے۔
1۔ ہنی سراچا اسکن اسٹرپس:
چونکہ ہم کچھ تیکھا کھانے کے موڈ میں تھے لہٰذا ویٹرز میں سے ایک نے ہمیں یہ ٹرائی کرنے کا مشورہ دیا۔ یہ اسٹرپس یقیناً ہمارے لیے ایک بہترین انتخاب ثابت ہوئیں کیونکہ چکن رسیلی تھی اور ساسز کی صحیح مقدار میں بنائی گئی تھی۔ اس میں تیکھے مسالوں کے ساتھ ساتھ مٹھاس بھی موجود تھی۔ جس نے مجموعی طور پر اسکے کھٹے میٹھے ذائقے میں اضافہ کیا۔
2۔ میکسیکن چکن پاستا:
اس مسالہ آمیز ڈش میں میکسیکن مسالوں کا ذائقہ محسوس کیا گیا۔ ہول وِیٹ (whole wheat) اسپاگیٹی کو ٹماٹر کی چٹنی، گرلڈ چکن اور لال شملہ مرچ کے شاندار امتزاج سے تیار کیا گیا تھا۔ صحتمند تھیم کو برقرار رکھنے کے لئے اسے ہری پھلیوں کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔
ہول ویٹ پاستا کا آئیڈیا ابتدائی طور پر سمجھ میں نہیں آیا مگر مسالوں اور ساسز کے شاندار ملاپ نے ہماری رائے بالکل ہی تبدیل کردی۔
مجموعی طور پر یہ ڈش کسی ایسے شخص کے لیے مثالی ہے جو اپنے مسالے دار پلیٹر میں کچھ اضافی ذائقوں کی تلاش کر رہا ہو۔
3- اسٹفڈ چکن ود ٹیراگون ساس :
یہ ڈش بھی ہمارے منہ کے ذائقے کے لیے بہترین تھی۔۔ اس میں مزیدار چار گرلڈ چکن بریسٹ کو پالک، مشروم، گاجر اور پنیر بھر کر بنایا جاتا ہے۔ ٹیراگون ساس کی ٹاپنگ کریمی تھی اور ڈش میں موجود تمام سبزیوں کے ساتھ مزہ دوبالا کر رہی تھی۔ یہ یقینی طور پر آپ کا پیٹ بھردے گی اور ہماری نظر میں بھی یہ ڈش جیت گئی ہے۔
4 ۔ موروکن چکن:
کلاسک ٹچ کے لیے، اس ڈش میں چارگرلڈ چکن فلٹ کو مسالے دار موروکن ساس کی ٹاپنگ اور چاولوں کے ساتھ سرو کیا گیا۔۔
ساس میں شامل منفرد مسالے اس کے ذائقے کو چار چاند لگا رہے تھے۔ اگر آپ معمول کے مطابق لنچ کے لیے جارہے ہیں تو، یہ ڈش یقیناً آپ کی فہرست میں پہلے نمبر پر آئے گی۔
5- بلیک سالٹ لیمونیڈ /کالے نمک والا لمکا :
یہ ان مشروبات میں سے ایک ہے جن کی کام کے طویل اور تھکا دینے والے دن کے بعد سب کو ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کیا گیا تھا جس کا صرف ایک گھونٹ پیتے ہی فرحت اور تازگی کا احساس ہوا۔
تاہم، ہم یہ ضرور کہیں گے کہ اس میں کالا نمک تھوڑی زیادہ مقدار میں چھڑکا گیا تھا اور اس کا ذائقہ پورے لیمونیڈ پر چھایا ہوا تھا۔
6- موکاچینو :
جب ریسٹورانٹ کے مالک نے ہمیں بتایا کہ ان کی کافی منفرد ہے تو ہمیں یقین نہیں آیا۔۔ مگر اس گرم مشروب میں چاکلیٹ کی مٹھاس اور کافی کی تلخی کا بہترین توازن موجود تھا۔
گرما گرم سرو کی گئی کافی کا ذائقہ ان چند مزیدار اور منفرد کافی میں سے ایک تھا جو دو بالکل الگ ذائقوں کے امتزاج سے ایک نیا بہترین ذائقہ حاصل کر کے سب کی پسندیدہ بن جاتی ہیں۔
7 ۔ ہاٹ چاکلیٹ:
اس گرم مشروب نے بھی مٹھاس کو اپنے ایک الگ انداز میں پیش کیا۔
کوکو کی دھیمی دھیمی خوشبو کو کوئی بھی شخص دور ہی سے پکڑ سکتا ہے جو کہ بہت اچھی لگتی ہے۔ اور جسکا صرف تصور ہی سردی کے دنوں کو مزید شاندار بنا دیتا ہے۔ اگرچہ ہماری ذاتی پسند کے مطابق یہ قدرے میٹھی تھی، مگر پھر بھی ہم اس کی تازگی اور راحت سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
آخری رائے :
ہم سمجھ نہیں پا رہے کہ گارڈن بسٹرو کا اس قدر زبردست دعوت کے لیے شکریہ کیسے ادا کریں۔ ان کی سروس ، کھانے کا معیار اور ماحول کی خوشگواریت مجموعی طور پر تمام چیزیں تعریف کے قابل تھیں۔ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ایک دفعہ تو اس جگہ ضرور جائیں اور ان کے لذیذ مینیو سے لطف اندوز ہوں۔
اپنی رائے دیں