ایک بڑے مقابلے سے پہلے کیا کھائیں۔

ایک بڑے مقابلے سے پہلے کیا کھائیں۔

ایک بڑے مقابلے سے پہلے کیا کھائیں۔

ورلڈ کپ 2019 میں شامل ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں اور پاکستانیوں کے لئے فتح کی امید بہت قوی ہے، شروع میں کمزور کھیل پیش کرنے اور شکستوں کا سامنا کرنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ایک بڑا مقابلہ جیت کر میدان میں اپنے قدم جمالئے ہیں۔ کرکٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم حیرت انگیز طور پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 


پاکستانی ٹیم کے ابھی بڑے مقابلے ہونا باقی ہیں اور دنیا بھر میں موجود کروڑوں شائقینِ کرکٹ پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لئے اپنے اپنے ٹیلیویژن کی اسکرین سے چپکے ہوئے ہیں۔ کرکٹ کی دنیا کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ یقیناً ایک ایسا مقابلہ ہوتا ہے جسے دیکھنے کے لئے دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے شائقین کو انتظار رہتا ہے۔ ہم پاکستانیوں کے لئے کرکٹ سے محبت کے اظہار کے لئے فقط یہ ایک طریقہ نہیں ہے کہ ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھ لیا اور بات ختم۔ ہم لوگ کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ گرمیوں کے دنوں میں شام کے وقت آپ کو یہاں کی کوئی گلی ایسی نہیں ملے گی جس میں بچے اور نوجوان کرکٹ کھیلتے نظر نہ آئیں، یہاں کرکٹ کا کھیل نہایت عام اور مقبول ہے۔ کرکٹ کھیلنے والوں کے لئے اس سے زیادہ سنجیدہ کوئی چیز نہیں، سڑکوں اور گلیوں میں کرکٹ کھیلتے نوجوان اس کھیل کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں چاہے وہ کرکٹ میچ اسکول کی دو ٹیموں کے درمیان ہو، گلی محلے کی ٹیموں کے درمیان ہو، ٹی 20 ہو یا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے ہوں پاکستانیوں کے لئے کرکٹ اپنے ہر فارمیٹ میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم اس سارے منظر نامے میں ایک چیز نہایت اہمیت کی حامل ہے اور وہ ہے اچھا کھانا۔ ظاہر ہے کھلاڑیوں کو میدن میں سرگرم رہنے کے لئے توانائی اور قوت درکار ہوتی ہے اور اس کے لئے اچھا اور صحت بخش کھانا انتہائی ضروری ہے۔ کسی بھی اہم مقابلے سے قبل آپ کےلئے یہ جاننا اشد ضروری  ہوتا ہے کہ ایسا کیا کھایا جائے جو آپ کو بھرپور توانائی فراہم کرے اور معدے پر بوجھ بھی نہ بنے۔ ہم نے ایسے بہترین اور نفیس کھانوں کی فہرست تیار کی ہے جو صحت مند اجزاٗ سے بھرپور ہیں اور جیتنے کے لئے درکار قوت کی فراہمی کا مزے دار ذریعہ ہیں۔ آیئے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔


سینکا ہوا مرغی کا گوشت:   
ایک بڑے مقابلے میں کامیابی کے لئے آپ کو چاہئے صحت اور توانائی۔۔۔  پروٹین سے بھرا مرغی کا گوشت آپ کے بدن کو ضرورت کے مطابق توانائی فراہم کرتا ہے، لذت اور غذائیت کے حصول کے لئے مرغی کے گوشت کو بے شمار طریقوں سے مسالے لگا کر پکایا اور کھایا جاتا ہے۔ اسے کوئلوں یا سیخوں پر سینک کر بھی کھایا جاسکتا ہے، بھنے ہوئے چکن کی لذت اور غذایئت کے تو کیا ہی کہنے ہیں آپ اسے ایک بار کھائیں تو مدتوں یاد رکھیں گے۔ پاک بھارت ٹاکرے کے دوران آپ مرغی کے گوشت کا مزے دار باربی کیو بھی بناسکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف لذتِ کام و دہن کا اہتمام ہوگا بلکہ آپ کے بدن کو بہترین توانائی بھی ملے گی۔ 
                 


پانی:
اپنے جسم کو پانی کی کمی کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے آپ کو دن بھر میں ایک خاص مقدار تک پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کرکٹ کے ایک بڑے مقابلے کے دوران چکر آنے کے باعث یا جسم میں پانی کی کمی ہونے کے سبب آپ ایک گیند بھی ضائع نہیں کرنا چاہیں گے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ میچ سے دو گھنٹے قبل آپ کو کم از کم آدھا لیٹر پانی پینا چاہئے تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ میچ شروع ہونے کے ساتھ ہی آپ کو پانی نہیں پینا چاہئے کیونکہ آپ کا یہ عمل آپ کو متلی کی کیفیت میں مبتلا کرسکتا ہے جو کہ بالکل بھی مناسب نہیں ہے۔ 


                      
سلاد کا پیالہ:
سلاد سے بھرا پیالہ کسی بھی طرح کی صورتحال کے لئےغیرمناسب نہیں ہے۔ کیونکہ اس میں ہری سبزیوں کی ایک بڑی مقدار شامل ہوتی ہے، اس میں کچھ گاجریں، مکئی، ٹماٹر، سلاد کے پتے اور آپ کے ذوق کے مطابق دیگر چیزیں شامل ہوتی ہیں۔ آپ چاہیں تو اس میں چیز، چکن اور انڈوں کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں کیونکہ پروٹین سے بھرے انڈے، چیز اور چکن آپ کے جسم کو توانائی  کی بہترین مقدار فراہم کرتے ہیں۔ اس میں نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ کی آمیزش سے لذت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ آپ چاہیں تو اس میں مزید اپنی پسند کی کوئی سبزی بھی شامل کرسکتے ہیں۔ کیونکہ سبزیاں آپ کو لذت اور غذایئت کا بہترین امتزاج فراہم کرتی ہیں۔


                       
انڈے:
اگر آپ کا میچ صبح سویرے رکھا گیا ہے تو اس کے لئے آپ کے بدن کو چاہئے پروٹین اور توانائی کا بہترین ذخیرہ، اس لئے اچھا ہے کہ ناشتے میں کچھ انڈے لیں کیونکہ انڈوں میں پروٹین کا بہت بڑا ذخیرہ ہوتا ہے جو آپ کے جسم کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ انڈے کھانے کے بھی کئی طریقے ہیں یہ تو ظاہر ہے کہ ہر کسی کو ہر چیز اچھی نہیں لگتی اور انڈوں کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے اس لئے آپ چاہیں تو انڈوں کو اُبال کر کھائیں، آملیٹ کھائیں یا تلے ہوئے انڈے کھا کر اپنے بدن کی توانائی کی ضروریات کو پورا کریں۔ 


                        
پھلوں کا پیالہ:
آئرن، وٹامن، کیلشئم اور پروٹین وہ مرکزی اجزا ہیں جن کی آپ کے جسم کو بہت ضرورت رہتی ہے خاص طور پر کسی کرکٹ میچ سے قبل آپ کو چاہئے کہ ایسی چیزیں کھائیں جن میں یہ چاروں اجزا شامل ہوں۔ سیب، کینو، کیلا، آم، ناشپاتی، چیکو اور دیگر پھلوں میں ان چاروں اجزا کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو آپ کے جسم کو توانائی کی مطلوبہ مقدار فراہم کرکے آپ کی طبیعت کو ہشاش بشاش کردیتی ہے۔ اس لئے ہم آپ کو تجویز کریں گے کہ کسی بھی میچ کو جیتنے کے لئے آپ بھرپور توانائی حاصل کریں۔ اس کے لئے آپ کو کرنا یہ ہے کہ چند پھلوں کو چھیل کر اور کاٹ کر ایک بڑے پیالے میں ڈالیں اس پر چاہیں تو نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ ڈال لیں، خوب اچھی طرح مکس کرکے کھائیں اور بہترین غذائیت حاصل کریں۔ میچ میں  یقیناً فتح آپ کی ہی ہوگی جو کہ آپ کی بھی تمنا ہے۔ 

                
ملک شیکس:
ہم سب یہ جانتے ہیں کہ قدرت نے دودھ میں ہمارے لئے کتنے خواص رکھ چھوڑے ہیں، دودھ توانائی کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے اور اگر آپ اس توانائی کی مقدار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں تو اس میں کچھ پھلوں اور کریم کو ملالیں اور پھر دیکھیں قدرت کی ان نعمتوں کا کمال۔ یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ دودھ میں ملا کر بہت سارے پھلوں کا مزے دار شیک بنایا جاتا ہے اس میں کھجور، آم، کیلا، چیکو اور دیگر میٹھے پھل شامل ہیں، ایک بلینڈر میں دودھ، چینی، کریم اور اپنے پسندیدہ پھل کے چند ٹکڑے ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں اور گلاس بھر کر پئیں، آپ کے بدن کو توانائی کا بہترین مقدار حاصل ہوگی جو کھیل کے میدان میں آپ کو چست اور توانا رکھے گی۔


                                    
تو چلئے جناب اب آپ یہ ساری مزے مزے کی چیزیں کھا پی کر خوب چُست اور توانا ہوچکے ہیں لہذا میدان سنبھالیں اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

null

بطور پاکستانی، اچھا کھانا میرے لیے ہمیشہ سے تسلی بخش رہا ہے۔ کیا یہ میں ہی ہوں جو اچھا کھانا کھا کے خوش ہوتی ہوں یا میرے ابو جو خود مجھے اسکول جانے پر ٹوفی کی آفر کرتے تھے۔۔۔کھانے کا تعلق ہم لوگوں کے لیے کچھ اور ہی ہے۔اس سے ہمارے جذبات بھی جڑے ہوئے ہیں ۔یہ لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔میں نے فوڈ ٹریبیون کیلئے لکھنا ہی کھانے کی محبت میں شروع کیا۔

 

اپنی رائے دیں

 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں