کوئی بھی عظیم باورچی پیدا نہیں ہوتا، یہ ساری مہارت سیکھنے سے آتی ہے،، جولیا چائلڈ
اگر آپ نت نئے کھانے کھانے کی شوقین ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کھانا پکانے کے بارے میں بنیادی نکات سے آگاہی رکھتی ہیں لہٰذا آپ جب چاہیں کسی دوسرے پر اںحصار کئے بغیر اپنے لئے اپنے پسندیدہ کھانے پکا سکتی ہیں۔ کھانا پکانے کے عمل کو آسان اور پُرلطف بنانے کے لئے آپ کے باورچی خانے کو ایسے ضروری آلات اور لوازمات کی ضرورت ہے جن کی مدد سے آپ کے لئے نت نئے کھانے پکانے کا عمل نہ صرف آسان ہوجائے بلکہ آپ کو اس سارے عمل کے دوران مزہ بھی آئے اور ظاہر ہے زندگی میں آسانی اسی وقت آتی ہے جب آپ کے پاس کام کرنے کے لئے ضروری آلات موجود ہوں، یہی معاملہ کچن کا ہے۔ اسی کے پیشِ نظر ہم نے آپ کے لئے کچن کے ضروری آلات کی ایک فہرست مرتب کی ہے جو یقیناً آپ کے بہت کام آئے گی۔
بلینڈر
ایک بلینڈر کا کام کھانے کے ضروری اجزا کو مکس کرنا، پارہ پارہ کرنا، پیسنا اور گودا یا چٹنی بنانا ہوتا ہے۔ زیادہ تر کھانوں میں ٹماٹر کا گودا استعمال کیا جاتا ہے اور کئی مسالوں کو پیس کر ان کا مرکب بنایا جاتا ہے۔ اس لئے آپ کے کچن میں ایک عدد بلینڈر کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اگر آپ مسالوں اور نباتات کو اپنے ہاتھ سے پیسنے لگیں تو اس میں آپ کو 20 منٹ سے زیادہ وقت لگ جائے گا مگر آپ کے پاس ایک عدد بلینڈر ہو تو یہی کام آپ چند منٹ میں کرکے باقی بچنے والے دیگر وقت کو کسی اور کام میں صرف کرسکتی ہیں یا ٹی وی پر اپنا پسندیدہ کوکنگ شو دیکھ سکتی ہیں۔ بلینڈر کو کسی چیز کو مکس کرنے میں 2 سے 3 منٹ کا وقت لگتا ہے۔ یہ ٹھیک ہے کہ بلینڈر ایک مہنگی چیز ہے مگر یہ آپ کے لئے فائدہ مند بھی تو ہے۔ آپ مسالے پیسنے پر بیس منٹ صرف کرتی ہیں مگر یہی کام ایک بلینڈر کی مدد سے 3 منٹ میں ہو جاتا ہے تو آپ کے قیمتی 17 منٹ بچ جاتے ہیں اور یہ تو آپ جانتی ہی ہیں کہ دنیا میں سب سے زیادہ قیمتی چیز آپ کا وقت ہے۔ اس لئے اپنے وقت کو بچانے کے لئے بلینڈر کی قیمت پر نہ جائیں اور اپنے کچن کے کام کو آسان بنائیں۔
شیف کی چھری
شیف کی مخصوص چھری سے متعدد کام لئے جاتے ہیں مثلاً گوشت کے پارچے اور بوٹیاں بنانا، بڑے جوڑوں کو کاٹنا، سبزیوں کو کاٹنا۔ اس سے آپ کے کام میں ایک طرح کی مہارت پیدا ہوتی ہے اور آپ کا کام پہلے کے مقابلے میں قدرے آسان ہو جاتا ہے۔ شیف کی یہ چھری نہ صرف گوشت اور سبزیوں کے پارچے، قتلے اور ٹکڑے بنانے کے کام آتی ہے بلکہ اس سے آپ کے کام میں ایک طرح کی دلچسپی اور کشش پیدا ہو جاتی ہے۔ اگر کھانا پکانے کا عمل آپ کے لئے ایک دلچسپ مصروفیت ہے تو اپنے لئے شیف کی ایک مخصوص چھری خرید لیں اور اپنے کھانا پکانے کے عمل کو آسان ترین بنائیں۔
کٹنگ بورڈ
آج کا زمانہ نت نئی جدتوں اور تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہو چکا ہے اور کھانا پکانے کے طریقوں میں بھی جدت نے گھر بنالیا ہے اسی جدت میں ایک بہترین چیز کا اضافہ ہوا ہے جسے کٹنگ بورڈ کہا جاتا ہے اس کے آنے سے پہلے کے مقابلے میں کھانا بنانے کا عمل اب بہت زیادہ آسان اور دلچسپ ہو گیا ہے۔ سبزیوں، پھلوں اور گوشت کو کاٹنے کے لئے پتھر یا شیشے کے کٹنگ بورڈز کے مقابلے میں لکڑی کے تختے کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ لکڑی کے تختے سے چیزیں پھسلتی نہیں ہیں اور آسانی سے گرفت میں آ جاتی ہیں جبکہ شیشے یا پتھر کے کٹنگ بورڈ سے چیزوں کے پھسلنے کا احتمال زیادہ ہوتا ہے اور ان پر کھرچنے کے نشانات بھی زیادہ پڑتے ہیں۔ اگر آپ لکڑی کا ایک اچھا سا کٹنگ بورڈ خرید لیں تو آپ کو طویل عرصے تک اسے بدلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور آپ کے بہت سارے کام آسان ہوتے جائیں گے۔
پیمائش کے لئے پیالے اور چمچ
اگر آپ نے نیا نیا کھانا پکانا سیکھا ہے تو آپ کے لئے از حد ضروری ہے کہ کھانے میں مسالوں اور دیگر اجزا کے تعین کے لئے پیمائش کے چمچ اور پیالے آپ کے پاس موجود ہوں تاکہ کھانے میں اجزا کی مقدار بقدرِ ضرورت ہی رہے اور کم یا زیادہ نہ ہوجائے۔ جب آپ کا ناپ تول اور اجزا کی مقدار کی پیمائش مناسب ترین ہوگی تو آپ کا کھانا اچھا بنے گا جس سے آپ کے اعتماد میں بیش بہا اضافہ ہوگا۔ ان چیزوں کے آنے سے یہ فائدہ بھی ہوگا کہ آپ ناپ تول کے دوران اندازے لگانے سے بچ جائیں گی اور ہر چیز کی مقدار اس کے اصل پیمانے کے مطابق ہوگی جس سے نہ صرف کھانا آسانی سے بنے گا بلکہ مزیدار اور پُر لطف بھی ہوگا۔
چوڑے پھل کے بڑے چمچ
چوڑے پھل والے لکڑی یا پلاسٹک کے کفگیر نما بڑے چمچ مختلف کام کرتے ہیں ان کی مدد سے آپ کھانے کو الٹنے پلٹنے، اٹھانے، چپٹا کرنے اور پھیلانے کا کام لے سکتی ہیں۔ بازار میں ان کی متعدد اقسام دستیاب ہیں جو مختلف کاموں کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ کا کام فقط کھانے کو الٹنا پلٹنا اور پکانا ہے کچھ کا کام کھانے کو برتن سے پلیٹ یا طشتری میں نکالنا ہوتا ہے۔ آپ اپنی سہولت کے مطابق اپنے کچن کو ان سے آراستہ کرسکتی ہیں تاکہ وقتاً فوقتاً ان سے مختلف کام لئے جاسکیں۔
اپنے کچن میں ان تمام چیزوں کو لے آنے سے آپ کے لئے کھانا پکانے کا عمل نہایت آسان اور پُرلطف ہوجائے گا تو کیا خیال ہے پھر آج سے ہی اپنے کچن کو جدت سے ہم آہنگ کیوں نہ کیا جائے۔
اپنی رائے دیں