کسی بھی ملک کا کھانا اس کی تہذیبی روایات کی پہچان ہوتا ہے خاص طور پر گلی کوچوں میں بکنے والا کھانا اپنے شہر یا علاقے کی پہچان بن جاتا ہے کیونکہ یہ کھانا با آسانی ہر کسی کی پہنچ میں ہوتا ہے۔ سستا اور مزیدار ہونے کے باعث ہر کوئی اس کھانے سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔ جب آپ کسی ملک میں گھومنے پھرنے کے لئے جاتے ہیں اور آپ کے پاس خرچ کرنے کے لئے محدود رقم ہو تو ایسے میں گلی کوچوں میں بکنے والے عوامی کھانے آپ کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ ایسے کھانوں کی ایک بڑی تعداد آپ کی منتظر ہوتی ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ سارے نہیں تو ان میں سے کم از کم کچھ مشہور و معروف کھانوں کو تو ضرور چکھ کر دیکھیں۔ ہم نے دنیا کے مختلف ممالک کے شہروں اور گلی کوچوں میں بکنے والے ایسے سستے اور مزیدار کھانوں کی ایک فہرست تیار کی ہے جو ان ممالک کے دورے کے دوران آپ کے بہت کام آئے گی۔
بھارت
اپنے رنگا رنگ، متنوع اور مزے دار کھانوں کے حوالے سے بھارت یقیناً ایک اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر گلی کوچوں میں بکنے والے سستے کھانوں کے حوالےسے بھارت کو ایک الگ پہچان حاصل ہے۔ مغلیہ عہد کی تعیشات اور زروجواہر کے ساتھ ساتھ بھارت کو دنیا بھر میں جو چیز منفرد بناتی ہے وہ اس عہد کے مسالے دار، لذیذ اور میٹھے پکوان بھی ہیں۔ مغلیہ دورِ حکومت سے لے کر آج کے دور تک برصغیر اپنے مسالوں کی پیداوار اور رنگا رنگ متنوع کھانوں کے باعث بھی ایک امتیاز رکھتا ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ہی اپنے چٹخارے دار، کرارے اور لذیذ عوامی کھانوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں، بھارت میں انتہائی مقبول عوامی کھانوں میں وڑا پائو،بٹاٹاوڑا، پانی پوری، بھیل پوری، پائو بھاجی، مسالاپوری، چھولے بھٹورے اور دیگر شامل ہیں۔
امریکا
امریکا میں روز بروز خوانچوں اور فوڈ ٹرکس کے ذریعے بکنے والے کھانوں کی تعداد اور تنوع میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ ان کھانوں میں بڑی تعداد امریکا کے اپنے مقامی کھانوں کی نہیں ہے بلکہ دیگر بہت سی چیزوں کی طرح امریکا نے بہت سے دیگر ممالک کے کھانوں کو بھی اپنایا ہے۔ ان کھانوں کی لذت انگیزی اور سستے داموں کے باعث ان کی طلب و رسد اور مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ ان عوامی کھانوں میں ہاٹ ڈاگ، اریپا، کریپیس اور ٹاکوز شامل ہیں۔
چین
ٹیکنالوجی، تاریخی مقامات اور نت نئی تراش خراش کے مہنگے ملبوسات کے ساتھ ساتھ چین کی ایک اور بڑی پہچان یہاں کے گلی کوچوں اور بازاروں میں ملنے والے سستے اور مزیدار کھانے بھی ہیں۔ ہماری مرتب کردہ فہرست میں چین کے کئی کھانے شامل ہیں جن سے چین کی تیذیبی روایات اور تمدن کا پتہ چلتا ہے۔ یہاں ملنے والے یہ سستے عوامی کھانے صرف چین کے مقامی باشندوں میں ہی مقبول نہیں ہیں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو بھی بہت بھاتے ہیں۔ گلی کوچوں میں بکنے والے ان مشہور کھانوں میں بائوزی، ژیائوزی، ٹنگھولو، لانژو نوڈل سوپ اور چاولوں سے بنی ہوئی ایک ڈش سفان ٹوان شامل ہیں۔
ترکی
گزشتہ کچھ برسوں میں ترکی میں سیر و سیاحت کی غرض سے جانے والے افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث یہاں آنے والے سیاحوں کی خاطر مدارات کے لئے بہترین ریستوران بنائے گئے ہیں۔ تاہم اگر آپ ترکی جائیں اور ان مہنگے ریستورانوں کو دیکھ کر آپ کا دل للچائے تو اندر داخل ہونے سے پہلے اپنی جیب کو ضرور ٹٹول کر دیکھ لیجئے گا کیونکہ یہ بڑے ریستوران جتنے خوبصورت نظر آتے ہیں اتنے ہی مہنگے بھی ہیں۔ سیاحت اور کھانے کے درمیان ترجیحات کا تعین کرتے وقت بہت سے لوگ سیر و سیاحت کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ پیٹ کو تو سستے کھانے سے بھی بھرا جاسکتا ہے مگر ترکی جا کے اگر اس تاریخی اور شاندار تہذیب و تمدن کے حامل ملک کے نادر و حسین مقامات کی سیر نہ کی تو پھر آپ کا یہاں آنا کسی کام کا نہیں۔ اس لئے ہم آپ کو یہاں کے گلی کوچوں میں بکنے والے سستے عوامی کھانوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہیں کھانے سے آپ کی جیب پر بوجھ نہیں پڑے گا اور بچنے والے پیسوں سے آپ اس ملک میں مزید سیر کرسکیں گے، ترکی میں عوامی سطح پر مقبول سستے کھانوں میں مڈائے ڈولما، بوریک اور ڈوروم (گوشت سے بنی ایک ڈش)اور دیگر عوامی کھانے شامل ہیں۔
تھائی لینڈ
قدیم معبدوں، مارشل آرٹس، جزائر اور حسین ساحلوں کی سرزمین کہلانے والا تھائی لینڈ اپنے مزیدار اور پُرلطف کھانوں کی بنا پر بھی بہت مشہور ہے۔ تھائی لینڈ کے کھانے آپ کو ہمیشہ ایک فائدہ مند اور پُرلطف تجربہ فراہم کرتے ہیں۔ آپ کے اردگرد خوبصورت نظارے ہوں، بہترین ماحول ہو اور سامنے شاندار کھانا ہو تو یہ ایک ناقابلِ فراموش تجربہ بن جاتا ہے۔ تھائی لینڈ کے مشہور، عوامی اور سستے کھانوں کی فہرست پیشِ خدمت ہے اگر آپ تھائی لینڈ جائیں تو ان کھانوں کو ضرور چکھیں۔ اس فہرست میں شامل کھانوں میں پیڈ تھائی، کوے ٹیئو بپیٹ، مو پنگ ( گوشت کا ایک پکوان)، گونگ یانڈ، (جھینگے کی ایک ڈش) اور پلاپائو (مچھلی کا ایک پکوان) شامل ہیں۔
جاپان
ٹیکنالوجی اور سخت محنت جاپان کے بارے میں عام طور پر یہ دو چیزیں بہت مشہور ہیں۔ یہ سخت محنت جاپانی کھانوں میں بھی نظر آتی ہے۔ یہاں کے مقامی تہواروں میں اوا اڈوری، گیئون، اوموری نیبوتا اور کشی وارا دنجیتی شامل ہیں جہاں خوشی، سرمستی اور لذیذ کھانوں کی بہتات آپ کو ایک منفرد اور ناقابلِ فراموش تجربے سے گزارتی ہے۔ یہاں کے مشہور ترین کھانوں میں ٹاکویاکی ( تلا ہوا آکٹوپس) کاروکی اور اوکونومی یاکی شامل ہیں جو آپ کو باآسانی ہر شہر کے بازاروں اور گلی کوچوں میں مل جائیں گے۔ اگر آپ جاپان جائیں تو ان کھانوں کو ضرور کھائیں۔
نیدرلینڈز
ہم سب ڈچ موسیقی کو سنتے اور سراہتے ہیں مگر ہمارے لئے یقیناً حیرت کا مقام ہوگا جب ہم یہ جانیں گے کہ ڈچ لوگ کھاتے کیا ہیں، یہاں کے حسین و جمیل نظاروں سے لے کر مزے دار کھانوں اور مشروبات تک جمالیات کی ایک شاندار دنیا آباد ہے۔ نیدرلینڈز کے روایتی کھانوں اور خاص طور پر میٹھے پکوانوں کے پیچھے ایک طویل تاریخ اور تہذیب موجود ہے۔ سستے اور عوامی ڈچ کھانوں کی فہرست میں شامل ہیرنگ (مچھلی کی ایک ڈش) کیبلنگ (تلی ہوئی مچھلی) پوفرٹجیس، اسٹیمپوٹ (کچلے ہوئے آلوئوں کی ایک ڈش) اور دیگر کھانے شامل ہیں۔
سعودی عرب
عرب باشندوں کے بارے میں یہ گمان کیا جاتا ہے کہ ان کے روایتی پکوان مسالہ جات اور تیکھے مزے سے محروم ہوتے ہیں اور وہ مسالے دار کھانوں کے مقابلے میں میٹھے کھانوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ سعودی عرب کے گلی کوچوں میں مقبول ترین عوامی کھانوں میں مطاباق (کیک کی ایک شکل) حمس اور کنافا شمال ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں چونکہ سارا سال ہی زائرین، سیاحوں اور دیگر عقیدت مندوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے اس لئے سعودی عرب کے بازاروں اور گلی کوچوں میں مختلف ممالک کے روایتی کھانے بھی دستیاب ہوتے ہیں۔
پاکستان
برصغیر کا حصہ ہونے کے باعث پاکستان ایک عرصے تک مغلیہ دورِ حکومت کے زیراثر رہا ہے اس لئے مغل بادشاہوں کے مطبخ سے نکلنے والی تیکھے مسالوں کی خوشبو اور ذائقے پاکستانی کھانوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی کھانوں میں تیکھے، کرارے، مسالے دار اور میٹھے پکوانوں کی وسیع تعداد اور تنوع پایا جاتا ہے۔ پاکستان میں کھانوں کا شعبہ ایک انتہائی اہم شعبہ مانا جاتا ہے۔ یہاں کے گلی کوچوں اور بازاروں میں ملنے والے کھانوں کی فہرست خاصی طویل ہے۔ یہ سستے اور مزے دار عوامی کھانے آپ کی توجہ کھینچتے ہیں اور ان کی اشتہا انگیز خوشبو آپ کی بھوک کو بڑھاتی ہے۔ ان سستے عوامی کھانوں میں بن کباب، بھٹہ، آلو چھولے، دہی بڑے، چنا چاٹ،نان چھولے، سیخ کباب، چکن تکہ، شوارما، فالودہ اور دیگر مزیدار کھانے شامل ہیں۔
جرمنی
جرمن قوم کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ تہوار مناتی ہے۔ یہاں سارا سال ہی کوئی نہ کوئی تہوار چلتا رہتا ہے۔ لہٰذا تہواروں کے موقع پر رنگا رنگے کھانے نہ ہوں تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا یہان جتنے زیادہ تہوار ہیں اتنے ہی زیادہ کھانے بھی ہیں۔ جرمن باشندے اپنے روایتی کھانوں کے حوالے سے کمال مہارت کے حامل ہیں۔ اس لئے تہواروں کے موقع پر بڑے پیمانے پر جرمنی کے روایتی کھانے تیار کئے جاتے ہیں یہاں یونٹی ڈے، اکتوبر فیسٹ، ورسٹ مارکٹ، ہیفنگ برسٹ سمیت متعدد تہوار منائے جاتے ہیں جن میں جرمنی کی تہذیب و تمدن کے رنگ دکھائے دیتے ہیں۔ ان تہواروں میں جہاں رنگا رنگ کھانے پیش کئے جاتے ہیں وہیں جرمنی کے عوامی مقامات اور گلی کوچوں میں بھی متعدد سستے عوامی کھانے پیش کئے جاتے ہیں جنہیں چلتے پھرتے یا وہیں بیٹھ کر کھایا جاسکتا ہے۔ ان کھانوں میں اسپاٹزل، براٹ ورسٹ، کری ورسٹ اور دیگر انڈے اور گوشت سے بنے پکوان شامل ہیں۔
اپنی رائے دیں