مزے مزے کے کھانے کھانا تو سبھی کو پسند ہے مگر لذیذ کھانے پکانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ اگر آپ کھانا پکانا پسند کرتے ہیں یا کھانے پکانے کی مہارت حاصل کرنے کے لیے تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ کھانے پکانے کی تراکیب پر مبنی کتابیں آپ کی بہترین دوست ثابت ہوسکتی ہیں۔ کھانا پکانا ایک فن ہے اور اس فن میں مہارت رکھنے والے بہت سارے مشہور و معروف شیفس نے متعدد کتابیں لکھی ہیں جو آپ کو بہت کچھ سِکھا سکتی ہیں۔ ہم یہاں ایسی مقبول ترین کتابوں کی فہرست دے رہے ہیں جو دنیا بھر میں پڑھی جاتی ہیں اور انہیں ماہر شیفس نے اپنے تجربات کی روشنی میں تحریر کِیا ہے۔
کھانا پکانے کی مہارت کو چار چاند لگانے کے لیے کُکنگ پر مبنی کتابیں پڑھنا ایک بہترین عمل ہے۔ جب آپ مسالوں، برتنوں اور کھانے سے جُڑی دیگر چیزوں کے بارے میں پڑھتے ہیں تو آپ کا سیکھنے کا عمل مزید تیز ہوجاتا ہے اور اگر آپ دنیا کے مشہور و معروف اور مستند شیفس کی لکھی ہوئی کتابیں پڑھیں گے تو ظاہر ہے آپ ان شیفس کی بہترین تکنیکس سے واقف ہو جائیں گے جو آپ کو کھانا پکانے کے فن میں استاد کے درجے تک پہنچنے میں مدد دیں گی۔
یہاں کچھ کتابوں کی فہرست درج ہے جنہیں آپ اپنے کُکنگ اسکلز میں اضافہ کرنے کی غرض سے ضرور پڑھنا چاہیں گے۔
ریچل رے 50 :
امریکہ کی مشہورِ زمانہ شیف ریچل رے کی لکھی ہوئی یہ کتاب دنیا بھر میں انتہائی مشہور ہے، کھانا پکانے کے فن سے محبت کرنے والا شاید ہی کوئی شخص ہوگا جو اس کتاب اور اس کی مصنفہ کے بارے میں نہ جانتا ہو۔ ریچل رے وہ حیرت انگیز شیف ہیں جنہوں نے کھانا پکانے کی مہارت از خود حاصل کی اور اس سفر کے دوران انہوں نے جو کچھ سیکھا وہ اپنے قارئین تک پہنچانے کے لیے اپنی کتاب میں لکھ دیا ہے۔ کتاب کا مکمل نام۔۔۔۔۔ ریچل رے 50، میموریز اینڈ میِلز فرام آ سویٹ اینڈ سیوری لائف،، ہے۔ جسے آپ ریچل رے کی کٹھی میٹھی زندگی سے کچھ یادیں،، بھی کہہ سکتے ہیں۔ مصنفہ نے اس کتاب میں 125 ریسیپیز دی ہیں جو سب کی سب ان کی آزمودہ ہیں اور کٹھے میٹھے ذائقوں کی ایک انوکھی دنیا میں لے جاتی ہیں۔
ریچل نے یہ کتاب اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر شائع کی ہے اور کھانے پکانے کے اپنے شوق اور جذبے کی تکمیل کے ایک طویل سفر سے لطف اندوز ہونے کی یاد داشتیں بھی شیئر کی ہیں۔ اس کتاب میں کھانے پکانے، سجانے اور پیش کرنے کے حوالے سے 25 پُرمغز مضامین شامل ہیں جبکہ منہ میں پانی لانے والی مزیدار ڈشز بنانے کی 125 ریسیپیز اس کتاب کو اہم بناتی ہیں۔
فائیو انگریڈیئنٹس بائے جیمی اولیور:
اگر ہم دنیا کی سب سے مشہور کُک بُک کی بات کریں تو بلاشبہ یہ جیمی اولیور کی کتاب فائیو انگریڈیئنٹس بائے جیمی اولیور،، ہو سکتی ہے۔ اس کتاب کا حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ جیمی اولیور فقط پانچ اجزا سے مزیدار اور لذیذ کھانے بنانے میں مہارت رکھتے ہیں اور اپنی اس مہارت کو انہوں نے کتاب میں درج کردیا ہے تاکہ آپ بھی ان کی استادی سے فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے کھانا پکانے کے ہُنر کو نئی جہات سے روشناس کرایا ہے اور اس فن میں نت نئی اختراعات کی ہیں۔ اس کتاب کی مقبولیت کے باعث دنیا بھر کی کُک بُکس میں فائیو انگریڈیئنٹس بائے جیمی اولیور ہمیشہ سرِ فہرست رہتی آئی ہے۔ اس کتاب کے ہر صفحے پر جیمی اولیور کے کھانا پکانے کے اصول اور ہدایات درج ہیں جن کی روشنی میں کوئی بھی شخص مزے مزے کے کھانے با آسانی بنا سکتا ہے۔ ایک چیز پر جیمی اپنی کتاب میں زور دیتے نظر آتے ہیں اور وہ یہ کہ کوئی بھی کھانا پکاتے وقت ہمیشہ تازہ اجزا استعمال کریں اور معیار پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں کیونکہ آپ کی ذرا سی بد احتیاطی سارے کھانے کا مزہ کرکرا کرسکتی ہے۔
کریونگس بائے کرِیسی ٹیگین:
امریکہ کی مشہور ترین سپر ماڈل جو اپنے طنزیہ ٹوئیٹس اور اپنی خوش طبع شخصیت کے باعث دنیا بھر میں جانی پہچانی جاتی ہیں وہ ہیں کرِیسی ٹیگین۔ کرِیسی کی شہرت کی صرف یہی دو وجوہات نہیں ہیں بلکہ انہیں ان کی مشہورِ زمانہ کتاب کریونگس کے باعث بھی جانا جاتا ہے۔ اگر آپ فٹافٹ تیار ہونے والے اسنیکس میں دلچسپی رکھتے ہیں تو یہ کتاب آپ کے لیے بہت کار آمد ثابت ہوسکتی ہے اس کے علاوہ اگر آپ تین کورس پر مشتمل کھانے پکانے میں ماسٹر بننے کے خواہش مند ہیں تو بھی یہ کتاب آپ کے بہت کام آئے گی۔
ہوم کوکنگ بائے گورڈون رامسے:
جب ہم مزے مزے کے کھانے پکانے کی مہارت رکھنے والے افراد اور کُکنگ پر مبنی کتابوں کی بات کرتے ہیں تو ہمیں کُکنگ لیجنڈ گورڈن رامسے اور ان کی مشہورِ عالم کتاب ہوم کُکنگ کو نہیں بھولنا چاہیے۔ یوں تو رامسے نے کئی کتابیں لکھی ہیں مگر ان کی سب سے زیادہ مشہور کتاب ہوم کُکنگ ہے جس میں انہوں نے کھانا پکانے کی مہارت کے کئی راز افشا کیے ہیں۔ رامسے نے اپنی کتاب میں بتایا ہے کہ کوئی بھی شخص یہ استادانہ گُر اپنا کر ماسٹر شیف بن سکتا ہے۔ اپنے قارئین کی سہولت کے لیے انہوں نے اپنی اس کتاب میں اپنی مشہور تراکیب بھی درج کردی ہیں جو سادہ بھی ہیں اور ممتاز بھی۔
گورڈن رامسے نے انڈیا سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور دنیا گھومنے کے بعد مشرقی لاس اینجلس کو اپنا مسکن بنایا جہاں انہوں نے ایک طویل عرصہ گزارا۔ کھانے پکانے کی مہارت حاصل کرنے کے لیے انہوں نے جو بھی جتن کئے وہ سب تجربات انہوں ںے اپنی کتاب میں اپنے قارئین کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ کتاب کے ٹائٹل پر بھی آپ دیکھ سکتے ہیں ایک فقرہ لکھا ہے کہ مشہور کھانے بنانے کے لیے وہ سب کچھ جو آپ جاننا چاہتے ہیں اس کتاب میں درج ہے، تو گورڈن رامسے کی کتاب پڑھیں اور مزے مزے کے نئے نئے کھانے ٹرائی کریں۔
نیرڈی نمیز بائے روزانا پانسینو:
انٹرنیٹ سے شہرت حاصل کرنے والی روزانا پانسینو کی مشہورِ زمانہ کتاب نیرڈی نمیز بھی ہماری اس فہرست میں موجود ہے۔ اس کتاب میں پانسینو کی پسندیدہ ڈشز کی تراکیب درج ہیں جنہیں پڑھ کر آپ بھی مزے مزے کے میٹھے پکوان اور دیگر ڈشز بناسکتے ہیں۔ خاص طور پر ڈیزرٹس پسند کرنے والے افراد کے لیے یہ کتاب انتہائی اہم ہے۔ نیرڈی نمیز عام طور پر دستیاب کُک بُکس سے اس لیے منفرد ہے کہ اس میں منہ میں پانی لانے والی مزے دار ڈشز کی رنگا رنگ تصاویر بھی ہر صفحے پر موجود ہیں۔ جنہیں دیکھتے ہی آپ چاہیں گے کہ اس کتاب میں موجود ہر ڈش کو ٹرائی کیا جائے۔ یہ کتاب پانسینو کی خوش طبع شخصیت کو بھی عمدگی سے آپ کے سامنے پیش کرتی ہے اور ان کی میٹھے پکوانوں اور ڈیزرٹس سے محبت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
اگر آپ کو بھی مزیدار کھانے پکانے کا شوق ہے تو آپ کو یہ کتابیں ضرور پڑھنی چاہئیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کتابوں کا مطالعہ آپ کی کھانے پکانے کی مہارت اور صلاحیت کو چار چاند لگادے گا۔
اپنی رائے دیں