لہسن ایک چھوٹی سی حیرت انگیز چیز ہے جو اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتی ہے اس کے بغیر کوئی کھانا مکمل نہیں ہوتا۔ اپنی مہک اور ذائقے کی بنا پر لہسن دنیا بھر میں مقبول ہے، پیاز کے خاندان سے تعلق رکھنے والے لہسن کو کھیتوں میں اُگایا جاتا ہے، لہسن کی ایک گانٹھ میں عموماً 10 سے 20 جووے ہوتے ہیں، بہت سے لوگوں کے لئے لہسن کاٹنا ایک مشکل امر ہے کیونکہ یہ ایک پیچدار گانٹھ کی شکل میں پیدا ہونے والی سبزی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ لہسن کا بنا بنایا پیسٹ خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
خریداری:
لہسن کی خریداری کرتے وقت کچھ چیزوں کا دھیان رکھنا بہت ضروری ہے، مثلاٍ اس کے جووے لمبے، بڑے اور صاف ہونے چاہئیں، اس کی جلد کہیں سے پھٹی ہوئی نہیں ہونی چاہئے اور نا ہی اس پر بھورے رنگ کے داغ ہونے چاہئیں، اگر لہسن کے جووے دبانے پر پلپلے محسوس ہوں تو اسے مت خریدیں کیونکہ وہ اندر سے خراب نکل سکتے ہیں یا باسی اور مضر صحت ہوسکتے ہیں۔ اگر لہسن خرید کر گھر لانے پر آپ کو اس میں سبز رنگ کی جڑیں دکھائی دیں تو انہیں کاٹ کر الگ کردیں کیونکہ وہ پکنے کے بعد کھانے میں کڑواہٹ پیدا کرسکتی ہیں۔
محفوظ کرنا:
لہسن کو محفوظ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے کاٹے بغیر کسی جالی دار تھیلے میں رکھیں یا ہوا دار ٹوکری میں رکھیں ساتھ میں یہ بھی دھیان رہے کہ لہسن کو ہمیشہ خشک اور ٹھنڈی جگہ پر رکھیں کیونکہ نمی اور گرمی سے لہسن بہت جلدی خراب ہوجاتا ہے۔ عموماً ہمارے باورچی خانوں میں آلو رکھنے کے لئے ریک بنے ہوتے ہیں آپ وہاں لہسن کو بھی سنبھال کر رکھ سکتی ہیں جہاں وہ ہفتوں تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اگر آپ دیکھیں کہ لہسن کے جووے پھٹ رہے ہیں اور ان کی شاخیں نکل رہی ہیں تو انہیں فوراً کسی کھانے میں استعمال کرلیں یا انہیں زمین میں بو دیں اس سے لہسن کے نئے گھٹے نکل آئیں گے۔
کاٹنے اور پیسنے کے بعد لہسن کو کسی منہ بند جار میں بند کرکے دو ہفتے سے زائد عرصے کے لئے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ بہت اچھی تجویز نہیں ہے اگر آپ کو لمبے عرصے تک لہسن کو محفوظ کرنا ہے تو اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے بلینڈ کرکے پیسٹ بنالیں اور کسی بوتل یا جار میں بند کرکے فریز کردیں اس سے آپ اسے دو ماہ سے زائد عرصے تک محفوظ کرسکتی ہیں۔
کاٹنا:
پہلا قدم
لہسن کے ڈنٹھل کو مضبوطی سے پکڑیں اور اس کا چھلکا اتار دیں
دوسرا قدم
لہسن کے جووں کو ایک دوسرے سے الگ کرلیں
تیسرا قدم
جووے کو پکڑ کر نیچے رکھیں اور تیز چھری کی مدد سے اس کا سرا کاٹ دیں
چوتھا قدم
لہسن کے جووے پر چڑھے باریک چھلکے کو کھینچ کر اتار دیں
پانچواں قدم
اب اسے باریک کاٹ لیں
چھٹا قدم
اب اسے اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق جتنا چھوٹا کاٹنا چاہیں کاٹ لیں
ساتواں قدم
اب اسے مزید باریک کاٹنے یا قیمہ کرنے کے لئے مزید چھوٹے ٹکڑے کرتی جائیں۔
اب آپ لہسن کاٹنے میں ماہر ہوچکی ہیں لہٰذا کھانا پکانے کی ایسی تراکیب کی طرف دھیان کریں جن میں لہسن استعمال ہوتا ہے۔