کیسے کاٹیں فرنچ فرائیز

(17671 وِیوز)

آج کل رمضان کا مہینہ چل رہا ہے اور افطاری میں سبھی کو کچھ نہ کچھ تلا ہوا پکوان چاہئے ہوتا ہے، سموسے، پکوڑے، رولز وغیرہ تو بازار میں مل جاتے ہیں مگر ان کی تیاری میں بعض اوقات حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا جاتا اور پھر ظاہر ہے گھر میں پکے ہوئے کھانے کی تو بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔

ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں

اگر آپ کو افطاری میں گرم گرم، خوشبو دار، خستہ اور مزے دار فرنچ فرائز مل جائیں تو افطاری کا لطف دوبالا ہوجائے اوراگر ساتھ میں آپ کی پسندیدہ چٹنی اور ٹھنڈا مشروب بھی  ہو تو کیا ہی کہنے ہیں۔ مختلف اوقات میں لوگ ہوٹلوں میں جاتے ہیں اور فرنچ فرائیز منگواتے ہیں ظاہر ہے انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ یہ فرائیز باسی بھی ہوسکتی ہیں یا ان میں بہت سارے مضر صحت اجزا شامل ہوسکتے ہیں۔ ریسٹورانٹس میں ظاہر ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں کی طلب زیادہ ہوتی ہے تو وہاں دیگر چیزوں کی طرح فرنچ فرائیز کو بھی بڑی تعداد میں پہلے سے ہی کاٹ کر منجمد کر لیا جاتا ہے۔ جس کے نتیجے میں اس میں موجود نشاستہ شوگر میں تبدیل ہو جاتا ہے اور نہ صرف اس کے ذائقے کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کے توانائی بخش اجزا بھی زائل ہوجاتے ہیں۔ اس لئے ہم آپ کو مشورہ دیں گے کہ گھر پر فرانچ فرائیز بنائیں اور اپنے پیاروں کو کھلائیں، یاد رکھیں اگر آپ نے اپنے گھر پرفرنچ فرائیز بنانا اور پکانا سیکھ لیا تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ ان پر کتنی کم لاگت آتی ہے اور یہ ریسٹورانٹس کے مقابلے میں کتنے مزے کے بنتے ہیں۔ 
کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ لوگوں کو فرنچ فرائیز بنانے کے لئے آلوئوں کو دھونا، چھیلنا، کاٹنا اور فرائی کرنا محنت طلب لگتا ہے جس کی وجہ سے وہ پیسے خرچ کرتے ہیں اور بازاری فرائز کو ترجیح دیتے ہیں، مگر ہم آپ کو یہ بتادیں کہ اگر آپ نے ایک بار یہ جان لیا کہ فرائیز کے لئے آلوئوں کی تیاری کس قدر آسان ہے تو آپ دوبارہ کبھی ہوٹلوں کے ان منجمد اور مصنوعی ذائقوں والے فرائیز کو پسند نہیں کریں گے۔  
 


بہترین آلوئوں کی خریداری:
آلو خریدتے وقت ہمیشہ بہترین کا انتخاب کریں۔ موٹے بھاری اور سخت آلو فرائیز کے لئے بہترین ہوتے ہیں۔ دبانے پر جو آلو نرم یا پلپلے محسوس ہوں انہیں خریدنے سے گریز کریں کیونکہ ایسے آلو باسی ہوسکتے ہیں اور اندر سے خراب نکلیں گے۔ جن آلوئوں کی جلد صاف ستھری اور بے داغ ہوگی وہ پکنے کے بعد خستہ ہوں گے اور ذائقے میں بھی مزے دار ہوں گے۔ 
جن آلوئوں پر کٹ لگے ہوئے ہوں انہیں بھی خریدنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ کٹ والی جگہ پر جراثیم بہت جلدی گھر بنالیتے ہیں لہذا اس قسم کی کوئی بھی سبزی جس پر چھوٹے موٹے کٹ لگے ہوں کھانے میں مضرصحت ثابت ہوسکتی ہے۔ جن آلوئوں پر شاخیں پھوٹ رہی ہوں انہیں زیادہ دیر رکھنے کے بجائے جلدی پکا لینا چاہئے یا آپ کے گھر میں باغیچہ ہے تو ایسے آلوئوں کو اس میں بودیں وہاں سے نئے آلو نکل آئیں گے۔ 
محفوظ کرنا:
آلوئوں کو ہمیشہ کھلی اور ہوا دار جگہ پر رکھنا چاہئے۔ کوئی ہوادار ٹوکری یا جالی دار تھیلا اس کام کے لئے مناسب رہے گا۔ آلوئوں کو سورج کی براہ راست روشنی سے بچانا چاہئے اور ایسی جگہ پر رکھنا چاہئے جو ٹھنڈی اور خشک ہو کیونکہ گرمی اور پانی لگنے سے آلو بہت جلد خراب ہوجاتے ہیں۔  
کچے آلوئوں کو فریج میں رکھنا مناسب نہیں کیونکہ اس سے آلوئوں میں موجود نشاستہ شوگر میں تبدیل ہوجاتا ہے اور کھاتے وقت آلو میٹھے محسوس ہوتے ہیں۔ اسی طرح انہیں فریزر میں رکھنے سے بھی پرہیز کرنا چاہئے کیونکہ فریز کرنے پر یہ بہت جلد برائون ہوجاتے ہیں اور پکنے پر اچھا ذائقہ نہیں دیتے۔ 
اگر آپ آلوئوں کو فریج میں محفوظ کرنا چاہتی ہیں تو انہیں کاٹ کر ایک پانی بھرے پیالے میں رکھیں اور گھنٹے بھر کے لئے فریج میں محفوظ کرلیں اس سے آلو برائون نہیں ہوں گے اور پکنے پر ان کا ذائقہ بھی متاثر نہیں ہوگا۔ پکنے کے بعد آلوئون کو زیادہ سے زیادہ 2 دن کے لئے فریج میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔  
 

فرینچ فرائیز کی کٹائی:
پہلا قدم۔ ایک ہاتھ سے آلو کو مضبوطی سے پکڑیں اور دوسرے ہاتھ سے اسے چھیلیں۔


دوسرا قدم۔ آلو کے دونوں سروں کو کاٹ کر علیحدہ کردیں۔ 


تیسرا قدم: آلو کو لمبائی میں کاٹیں اور پتلے پتلے لمبے ٹکڑے کرلیں۔


چوتھا قدم۔ ہر ٹکڑے کو اوپر سے نیچے کی طرف اچھی طرح صاف کرلیں۔ 


پانچواں قدم: اب ان ٹکڑوں کو ایک ہاتھ میں پکڑیں اور دوسرے ہاتھ سے کاٹ کر اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق لمبے اور پتلے قتلے بنالیں تاکہ فرائی کرنے میں آسانی رہے۔ 


چھٹا قدم۔ اب ان لمبے اور پتلے قتلوں کو کچھ دیرکے لئے ٹھنڈے پانی میں رکھ دیں، اس طرح پکنے کے بعد آپ کے فرائیز نہایت خستہ ہوجائیں گے۔ 


ساتواں قدم۔ اب ان قتلوں کو ایک ٹرے میں پیپر ٹاول پر نکالیں اور ایک دوسرا پیپر ٹاول ان کے اوپر رکھ کر اچھی طرح دبائیں تاکہ اضافی پانی جذب ہوجائے اور آلو اچھی طرح خشک ہوجائیں۔ 


آٹھواں قدم۔ جب آلو کے یہ لمبے اور پتلے قتلے اچھی طرح خشک ہوجائیں تو انہیں فرائی کرلیں۔  

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں