لیموں کاٹنے کا طریقہ

(21270 وِیوز)

لیموں ایک ایسی چیز ہے جسے ہر طرح کے کھانوں میں اور لیموں کا جوس بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے مختلف اقسام کے کھانوں نہاری اور دال چاول پر ذائقے کے لیے بھی نچوڑا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ لیموں کو مختلف اقسام کے شربت اور موک ٹیلز کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں

یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ  لیموں کو مختلف انداز اور شکلوں میں کیسے کاٹا جاتا ہے، تاہم اس مرحلے تک پہنچنے سے پہلے ایک  زیادہ اہم چیز لیموں کی خریداری سے متعلق بھی ہے کیونکہ بازار میں ملنے والے لیموں میں سے درست کا انتخاب کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔  اس کے ساتھ ساتھ لیمن اور لائم کا فرق جاننا بھی بہت ضروری ہے۔

لیمن اور لائم کا فرق: 
لیمن اور لائم ایک ہی اسٹرس فیملی کا حصہ ہیں تاہم ان میں بڑا باریک سا فرق ہوتا ہے جسے جاننا انتہائی ضروری ہے، لیموں اپنے سائز میں بڑا اور زرد رنگ کا ہوتا ہے جبکہ لائم سائز میں چھوٹا اور گہرا سبز ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ دونوں ہی اپنے اندر وٹامن سی کا خزانہ اور مختلف فوائد چھپائے ہوئے ہوتے ہیں تاہم ان کے ذائقے میں کھٹاس اور مٹھاس کا فرق ہوتا ہے۔ لیمن کا ذائقہ میٹھا اور ہلکا سا ترشی مائل ہوتا ہے جبکہ لائم میں تیزابیت اور کٹھاس کی مقدار قدرے زیادہ ہوتی ہے۔ 

اگر آپ گھر پر موک ٹیل بنانا چاہتی ہیں تو اس بات کا اطمینان کر لیں کہ آپ کو کون سا زائقہ اجاگر کرنا ہے، لیمن اور لائم کے زائقے میں پائے جانے والے فرق کے بارے میں ہم آپ کو بتاچکے ہیں، اگر آپ کو کٹھاس بھرا جوس بنانا ہے تو لائم استعمال کریں اور اگر آپ کٹھا میٹھا مزے دار جوس بنانا چاہتی ہیں تو اس کے لیے لیموں بہترین ہے۔
خریدنا اور محفوظ کرنا:
لیموں ایک ایسی چیز ہے جو بازار میں باآسانی اور سستے داموں دستیاب ہے، لہٰذا لیموں خریدنا کچھ ایسا مشکل کام نہیں ہے۔ تاہم اس بارے میں ایک چیز کا دھیان رکھنا بہت ضروری ہے کہ لیموں کی جلد پر زرد رنگ کے داغ دھبے نہ ہوں اور نہ ہی اس پر کسی طرح کی جھریاں ہوں۔ شفاف اور چمکدار زرد رنگت والے لیموں نہ صرف تازہ اور رسیلے ہوتے ہیں بلکہ اپنے ذائقے میں بھی اچھے ہوتے ہیں اس لیے ہمیشہ تازہ اور رسیلے لیموں چھانٹ کر خریدنے چاہئیں۔
دوسری چیز ہے لیموں کو محفوظ کرنا یہ بھی کچھ ایسا مشکل کام نہیں ہے، ریفریجریٹر میں لیموں ایک ہفتے سے زائد تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کا رس نکال کر بھی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ برف جمانے والی ٹرے میں لیموں کا رس بھر کر اسے جما دینے سے بھی آپ کو ضرورت کے مطابق لیموں کا تازہ رس حاصل ہوسکے گا جسے آپ کسی بھی موک ٹیل میں استعمال کرسکتی ہیں۔ 

لیموں کو کاٹنے کا بہترین طریقہ:

ذیل میں ہم آپ کو لیموں کاٹنے کے مختلف، بہترین اور دلچسپ طریقے بتا رہے ہیں

گول شکل میں کاٹنا:

لیموں کو گول قتلوں کی شکل میں کاٹنے کے لیے اس کا سر کاٹ کر علیحدہ کردیں پھر اسے ایک ہاتھ سے پکڑ کر رکھیں اور دوسرے ہاتھ سے اس کی قاشیں بناتی جائیں۔

لیموں کے ٹکڑے اور پچر بنانا:

لیموں کے ٹکڑے یا پچر بنانے کے لیے اسے سیدھا رکھ کر بالکل درمیان سے کاٹ لیں، پھر اس کے کٹے ہوئے ٹکڑے کو سیدھا رکھ کر درمیان سے کاٹ لیں یوں اس کے چاند کی شکل کے 4 ٹکڑے بن جائیں گے۔


لیموں کے مزید چھوٹے ٹکڑے:

چاند کی شکل کے ٹکڑوں کو مزید چھوٹے ٹکڑوں میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ٹکڑے کو سیدھا رکھیں اور بالکل درمیان سے کاٹ کر 2 ٹکڑے کرلیں، یہی عمل دیگر ٹکڑوں پر بھی دہرائیں۔
یہ سب کچھ آپ کی مشق پر انحصار کرتا ہے اگر آپ اسی طرح مشق کرتی رہیں تو ایک دن انتہائی کم وقت اور کم محنت کے ساتھ آپ یہ سارا عمل مزے سے کرسکیں گی۔

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں