اس بات میں کوئی شک نہیں جب لوگ کہتے ہیں کہ آپ گھر میں موجود زیادہ سے زیادہ اسباب آپ کی زندگی کو آسان بنا دیتے ہیں خاص طور پر جب بات ہو آپ کے گھر کے کچن کی۔ کچن میں زیادہ سے زیادہ برقی آلات اور آسائش کی دیگر اشیا ہونے سے آپ کے لیے مزے مزے کے کھانے بنانا انتہائی آسان ہو جاتا ہے اور آپ کو اس میں مزہ بھی آتا ہے تاہم اس سلسلے میں یہ خیال رکھنا بہت ضروری ہے کہ کچن میں درست آلات و اسباب کی موجودگی آپ کے کھانا پکانے کے عمل کو تیز، آسان اور زندگی سے بھرپور بنادیتی ہے۔
ذیل میں ہم آپ کے کچن کے لیے ضروری کچھ آلات و اسباب کی فہرست دے رہے ہیں جن کے ذریعے آپ کی کچن میں کارکردگی اعلیٰ درجے تک پہنچ جائے گی۔
کافی میکر:
دنیا میں سب سے زیادہ پئے جانے والے مقبول ترین مشروبات میں کافی یقیناً سرِ فہرست ہے۔ کئی لوگوں کے نزدیک کافی پیئے بغیر ان کا ناشتہ مکمل نہیں ہوتا اور کئی لوگوں کی تو کافی کے بغیر صبح ہی نہیں ہوتی۔ کافی میکر ایک ایسی چیز ہے جس کے ذریعے آپ بہت جلدی اور آسانی سے مزیدار کافی بناسکتی ہیں۔ کافی میکر کے ذریعے بنائی جانے والی کافی کا ذائقہ بھی ایسا ہوتا ہے جو آپ کو بازار میں ملنے والی کافی میں آتا ہے۔ کافی میکر کی آپ کے کچن میں موجودگی آپ کی زندگی کو پہلے کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ آسان بنادے گی۔
فوڈ پراسیسر:
کچن میں ہونے والی انتہائی ضروری اشیا میں سے ایک فوڈ پراسیسر بھی ہے۔ اس کے ذریعے آپ بڑی اور بھاری سبزیوں کو انتہائی کم وقت میں کاٹ کر اور چھیل کر قابلِ استعمال بناسکتی ہیں۔ فوڈ پراسیسر کے ساتھ مختلف قسم کے آلات منسلک ہوتے ہیں جنہیں آپ اپنی سہولت اور ضرورت کے مطابق استعمال کرسکتی ہیں۔ فوڈ پراسیسر کی مدد سے آپ بہت کم وقت میں کھانا تیار کرسکتی ہیں۔ آپ کے کچن میں اس زبردست چیز کی موجودگی آپ کی زندگی کو بہت آسان بنادے گی۔
مکسر:
جب آپ ایسی ڈشز کا ذکر کرتے ہیں جس میں بیکنگ کا عمل دخل ہو تو ایسے میں جو چیز سب سے زیادہ ضروری سمجھی جاتی ہے وہ ہے ایک عدد مکسر۔۔۔
آپ کے کچن میں ایک عدد مکسر کی موجودگی آپ کی زندگی میں بہت ساری آسانیاں پیدا کرے گی۔ اس کے ہونے سے آپ کے لیے بیک ہونے والے پکوان بنانا بہت آسان اور خوشگوار ہوجائے گا۔
آپ نے کسی پکوان میں ڈالنے کے لئے مختلف اجزا کو مکس کرنا ہو یا آٹے اور میدے کو گوندھنا ہو یہ مکسر آپ کے لیے ہر چیز کو آسان کردے گا۔
ٹوسٹر:
ناشتے کی تیاری کو آسان بنانے والی انتہائی ضروری چیزوں میں ٹوسٹر بھی شامل ہے۔ آج کے اس جدید دور میں شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جہاں ٹوسٹر کی ضرورت اور اہمیت کو محسوس نہ کیا جاتا ہو۔ ٹوسٹر کی مدد سے آپ صبح صبح اپنے بچوں یا بڑوں کے لیے منٹوں میں ڈبل روٹی سینک سکتی ہیں۔ ٹوسٹ بناسکتی ہیں اور اپنے اسکول جانے والے بچوں کو لنچ کے لیے مزیدار ٹوسٹ بنا کے دے سکتی ہیں۔ توے پر سنکی ہوئی ڈبل روٹی اور ٹوسٹر میں سنکی ہوئی ڈبل روٹی کی رنگت اور ذائقے میں بہت فرق ہوتا ہے۔ ٹوسٹر میں بننے والے زرد سنہری اور خستہ ٹوسٹ دیکھتے ہی آپ کے منہ میں پانی آ جاتا ہے۔
بلینڈر:
مشروبات اور ملک شیک سے محبت کرنے والے گھرانے میں ایک عدد بلینڈر کی موجودگی کسی نعمت سے کم نہیں۔ مختلف قسم کے ٹھنڈے میٹھے اور مزیدار مشروبات بنانے کے لیے بلینڈر سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ دودھ اور پھلوں کے امتزاج سے آپ اس میں بہترین شیک بناسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اجزا کو ملانے یا چٹنیاں بنانے کے لیے بھی بلینڈر بڑی کار آمد چیز ہے۔ مختلف قسم کے ساس اور سوپ بنانے کے لیے بھی آپ بلینڈر سے کام لے سکتی ہیں۔ بلینڈر اگرچہ فوڈ پراسیسر کی طرح ہی کام کرتا ہے تاہم اس میں بجلی کم خرچ ہوتی ہے اور یہ فوڈ پراسیسر جتنا طاقتور نہیں ہوتا۔ اس لیے اس میں زیادہ تر سیال چیزیں بنانے کو ہی ترجیح دی جاتی ہے۔
الیکٹرک گرل:
الیکٹرک گرل یا بجلی سے چلنے والی انگیٹھی آج کل ہر گھر کی ضرورت بن چکی ہے اور بیشتر گھرانے اس کے فوائد سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ بجلی کی انگیٹھی پر آپ بہت آسانی سے کھانا بنا بھی سکتی ہیں اور بہت ساری چیزوں کو بھون بھی سکتی ہیں۔ مکئی کے بھٹے، شکرقندی یا گوشت کی ایسی بہت ساری ڈشز جو پہلے کوئلوں پر بھونی جاتی تھیں اب ان کے لیے بازار میں الیکٹرک گرل دستیاب ہے جس پر آپ منٹوں میں تکے، کباب اور بھُٹے بھون سکتی ہیں بجلی کی انگیٹھی پر بھوننے سے ان کا ذائقہ بھی محفوظ رہتا ہے اور غذائیت بھی۔
الیکٹرک گرل پر آپ اپنے دوپہر کے یا رات کے کھانے میں کھائے جانے والے پکوان بنا سکتی ہیں فرائنگ پین میں پکے ہوئے کھانوں کے مقابلے میں الیکٹرک گرل پر بنے ہوئے پکوان زیادہ صحت مند اور لذیذ ہوتے ہیں۔
سلو کوکر:
آپ کی مصروف زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے والی ایک اور چیز جو بازار میں دستیاب ہے وہ سلو کوکر ہے اسے کراک پوٹس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اس میں آپ ایسے پکوان بناسکتی ہیں جن کو گلنے اور پکنے میں بہت زیادہ وقت لگتا ہے۔ سلو کوکر میں پکنے والے کھانوں کی لذت اور غذائیت قطعی متاثر نہیں ہوتی اس لیے دنیا بھر میں خواتین اس چھوٹی سی چیز پر بہت زیادہ اعتماد کررہی ہیں۔
آپ کے کھانا پکانے کے عمل کو آسان اور خوشگوار بنانے والی چند چیزوں کے بارے میں ہم نے آپ کو بتایا۔ آج کے اس جدید عہد میں یہ چیزیں ہر گھر کی ضرورت بن چکی ہیں بلکہ ہم تو کہتے ہیں کہ اگر یہ چند چیزیں آپ کے گھر میں نہیں ہیں تو گویا آپ کا کچن ادھورا ہے۔ ان چیزوں کی موجودگی سے نہ صرف آپ کا کھانے پکانے پر خرچ ہونے والا وقت آدھا رہ جائے گا بلکہ آپ کو ہر بار نئے سے نئے کھانے پکانے میں لطف بھی آئے گا۔
اپنی رائے دیں