شیف کمالے کے نام سے جانے پہچانے جانے والے اطالوی طباخ وِٹوریو کاسٹیلانی کو اطالوی کھانے پکانے میں جو مہارت حاصل ہے وہ کسی اور کے پاس نہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز آج سے کئی برس قبل پرنٹ انڈسٹری میں ایک فوڈ رائٹر اور جرنلسٹ کے طور پر کیا تھا۔ جیسے جیسے زمانے نے ترقی کی انہوں نے بھی پرنٹ انڈسٹری کی دنیا سے نکل کر سوشل میڈیا پر اپنی توجہ مرکوز کی اور کھانے پکانے کی نت نئی تراکیب کے بارے میں پڑھنے، لکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی معلومات کو مختلف افراد کے ساتھ بانٹنا شروع کیا۔
حال ہی میں شیف کمالے نے انٹرنیشنل پکوانوں میں اپنی دلچسپی کو بڑھایا ہے اور مختلف ممالک کے مقامی پکوانوں کے بارے میں جاننے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کا سفر شروع کیا ہے۔ شیف کمالے کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کے مشہور مقامی پکوانوں کو اٹلی کے لوگوں میں متعارف کرائیں گے اور اس سلسلے میں حاصل ہونے والی معلومات کو اٹلی کے مقامی افراد کے ساتھ شیئر کریں گے۔
غیر ممالک کے سفر کے سلسلے میں شیف کمالے نے نومبر کے مہینے میں پاکستان کا سفر اختیار کیا اور کراچی آ کر یہاں کے مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے یہاں کی تاریخ اور کلچر کو جاننے کے لیے خوب سیرسپاٹا کیا اور کراچی میں واقع قدیم مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کراچی کے قدیم مسالا بازار کا بھی دورہ کیا اور یہاں کے منفرد پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ کراچی میں مختلف مقامات کے دورے کے دوران انہوں نے اپنی کھانے پکانے کی مہارت کا بھی مظاہرہ کیا اور کراچی کے لوگوں کو مشہور اطالوی کھانوں سمیت دنیا کے مختلف ذائقوں سے روشناس کرایا۔ کراچی میں اپنے دورے کے پہلے ہی دن شیف کمالے نے ہسٹری، فوڈ اور کلچر کو ایک ہی جگہ پانے کے لیے بولٹن مارکیٹ، میسن لاج اور قائد اعظم کے جائے پیدائش وزیر مینشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہوٹل آواری کے شیف نعیم نے انہیں پاکستانی پکوانوں سے متعارف کرایا جبکہ ان کی خوبصورت اور یادگار شام کا اختتام طارق روڈ پر مزیدار کھانوں کے ساتھ ہوا۔
کراچی میں دیسی کھانوں سے متعارف ہونے کے ساتھ ساتھ شیف کمالے نے دو مختلف مواقع پر اپنی منفرد پکوان پکانے کی مہارت دکھائی۔
پہلا موقع ہوٹل آواری میں تھا جہاں فوڈ بلاگرز اور خوش خوراک افراد کی بڑی تعداد شیف کمالے کی مہارت دیکھنے کی منتظر تھی۔ انہوں نے وہاں مختلف اطالوی پکوان پکائے اور حاضرین کو پیش کیے جنہوں نے ان کی فنی چابکدستی کو خوب سراہا۔
شیف کمالے کے بنائے گئے چار پکوان اٹلی کے انتہائی مقبول پکوان تھے جنہیں پاکستانی فوڈ لورز نے بہت پسند کیا۔
ہوٹل آواری میں تین گھنٹے کی ورکشاپ کے بعد شیف کمالے نے اپنے اطالوی سفارت خانے کے کولیگز کے ہمراہ کراچی کے دو دریا پر واقع مشہور و مقبول کولاچی ریسٹورانٹ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے شام کی خوشگوار ہوا کا مزہ لیا اور کولاچی ریسٹورانٹ کے مقبول پکوانوں سے لطف اندوز ہوئے۔
اس کے اگلے روز شیف کمالے کے تجربات اور مہارت سے فیض یاب ہونے کے خواہش مند افراد نے انہیں گھیرے رکھا۔ کولیگ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینیجمنٹ سے تعلق رکھنے والے مستقبل کے شیفس کی خواہش تھی کہ شیف کمالے کے تجربات اور کاری گری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔ اس لیے انہوں نے ورکشاپ میں بھر پور شرکت کی اور شیف کمالے کی گفتگو کو توجہ سے سنا۔ یہ ورکشاپ اس لحاظ سے بھی .منفرد تھی کہ اس میں شامل نو آموز شیفس کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ شیف کمالے کی بنائی ہوئی ریسیپی کو دوبارہ سب کے سامنے بنائیں اور دیکھیں کہ کون شیف کمالے جیسا ذائقہ پیدا کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔ اس عمل میں مستقبل کے شیفس نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور اٹالین ریسیپی کو بالکل شیف کمالے کے انداز میں بنانے کی
شیف کمالے کے دورے کا تیسرا دن بھی خوب گہماگہمی میں گزرا۔ انہوں نے اپنی صبح کا آغاز بوٹ بیسن کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ کیا جہاں ان کی مزیدار ناشتے سے تواضع کی گئی۔ اس کے بعد وہ ایمپریس مارکیٹ روانہ ہوئے جہاں انہوں نے قدیم ایمپریس مارکیٹ سمیت ارد گرد کے بازاروں کا بھی دورہ کیا۔ شام کو آواری ہوٹل میں ایک یادگار شام منعقد کی گئی جہاں شیف کمالے اور ان کے ساتھیوں کی ہائی ٹی سے تواضع کی گئی۔
اس رنگا رنگ اور خوبصورت شام کا انعقاد اٹالین ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کیٹرنگ کے کاروبار اور فوڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شیف کمالے سے بات چیت میں فوڈ انڈسٹری کے افراد نے اپنے تجربات شیئر کیے اور شیف کمالے کے گوناگوں تجربات سے فیض یاب ہوئے۔
اپنے دورے کے اختتام سے قبل شیف کمالے کراچی کی قدیم، مشہور اور شاندار فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پہنچے جہاں انہوں نے قدیم اور جدید پکوانوں کا جائزہ لیا اور یہاں کی رنگا رنگی سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
کراچی میں اپنے دورے کے دوران شیف کمالے نے تاریخی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں، فوڈ اسٹریٹس کی گہماگہمی سے حظ اٹھایا اور کھانے پکانے کے بارے میں ہونے والی ورکشاپ کے شرکا کو اپنے تجربات سے فائدہ پہنچایا۔ کراچی میں تاریخی اور خوبصورت مقامات کی سیر کرنے اور مزیدار کھانے کھانے کے بعد شیف کمالے کھابوں کے شہر لاہور روانہ ہوگئے۔ جہاں کے کھانے، کلچر اور تاریخی مقامات کراچی سے بالکل مختلف اور بے مثال ہیں۔
اپنی رائے دیں