اپنے باورچی خانے کو منظم کریں۔۔۔

اپنے باورچی خانے کو منظم کریں۔۔۔

اپنے باورچی خانے کو منظم کریں۔۔۔

آپ کے گھر کا اہم ترین حصہ آپ کا باورچی خانہ ہوتا ہے۔ آپ چاہیں تو اسے ایسی جگہ بنا سکتی ہیں جہاں کام کرتے ہوئے آپ کو ہمیشہ لطف آئے۔ اگر آپ کا کچن منظم ہے اور صاف ستھرا ہے تو اس کے چھوٹا یا بڑا ہونے سے فرق نہیں پڑتا اصل اہمیت تمام چیزوں کے منظم اور کارآمد ہونے کی ہے تاکہ جب اور جس وقت جس چیز کی ضرورت ہو وہ بروقت دستیاب ہو اور کام آ سکے۔ اس وقت آپ کے کچن میں جتنی بھی جگہ ہے اسے بہترین اور قابلِ استعمال ہونا چاہیے تاکہ آپ اطمینان اور سکون سے اپنے امورِ خانہ داری کو انجام دے سکیں۔ پھوہڑ پن سے کیا گیا ہر کام خرابی پیدا کرتا ہے اور آپ کے مزاج میں بگاڑ کا بھی سبب بنتا ہے۔ اس لئے آپ کو اپنا اور اپنے کچن کا بغور جائزہ لینا ہوگا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ ڈیپ فریزر ہر وقت کھلا ہوا ہے، کھانا چولہے پر چڑھا رکھا ہے اور کوئی چیز اپنی جگہ پر نہیں ہے جبکہ آپ کھانے میں ڈالنے کے لئے مسالے والے ڈبے، لہسن، ادرک اور پیاز ڈھونڈتی پھر رہی ہیں اگر واقعی ایسی صورت حال ہے تو پھر آپ کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو اور اپنے کچن کو منظم کرنا ہوگا۔ لہذا اپنے ربر کے دستانے چڑھالیں اور چیزوں کو ٹھیک کرنے میں جُت جائیں۔ 
 

1.تمام چیزوں کو ایک جگہ جمع کرلیں
یہ انتہائی اہم قدم ہے، اس کے بغیر آپ کے کچن کا انتظام و انصرام ممکن ہی نہیں ہے اس لئے اسے نظر انداز کئے بغیر آگے بڑھیں اور تمام درازیں کھول کر سارے ڈبے، برنیاں، چھوٹی بڑی پُڑیاں، پلیٹیں، برتن، پیالیاں اور دیگر چھوٹی موٹی چیزیں نکال کر ایک جگہ رکھ لیں۔ جب آپ ان تمام چیزوں کو ایک جگہ رکھ کر ان کا جائزہ لیں گی تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ کے پاس کیا کیا چیز ہے جو کام میں لائی جاسکتی ہے۔ اب ان تمام چیزوں کو تین مختلف سائز کے انباروں میں تقسیم کرلیں، تمام کنٹینرز کو چھان پھٹک کر دیکھ لیں۔ ڈبوں کا جائزہ لے لیں۔ جو چیزیں کارآمد نہیں رہیں انہیں بلا وجہ رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں اس لئے فالتو چیزوں کو نکال باہر کریں اور کام کی چیزوں کو سنبھال کر رکھ لیں تاکہ بوقتِ ضرورت استعمال میں لائی جاسکیں۔ جو چیزیں آپ کے کام کی نہیں ہیں مگر کسی اور کے کام آسکتی ہیں انہیں دوسروں میں بانٹ دیں اس سے آپ کو ایک طرح کی روحانی خوشی کا بھی احساس ہوگا اور اضافی چیزیں بھی ٹھکانے لگ جائیں گی۔ جس سے آپ کا کچن صاف ستھرا، سنبھلا ہوا اور منظم نظر آئے گا۔ 

2. صفائی ستھرائی کا وقت
اب جب کہ آپ نے تمام درازوں اور خانوں سے سب چیزیں نکال کر انہیں مکمل خالی کر دیا ہے تو یہی وہ وقت ہے کہ لگے ہاتھوں ان کی اچھی طرح صفائی ستھرائی بھی کرلی جائے۔ تمام درازوں اور کپ بورڈز کو اچھی طرح سرف ملے پانی سے دھولیں، جہاں جھاڑ پونچھ کی ضرورت ہو وہاں اچھے سے جھاڑ پونچھ کرلیں۔ اسی طرح چولہے کے نیچے، اردگرد، کائونٹر کے اطراف، ریفریجریٹر یا ڈیپ فریزر کے اندر باہر، اردگرد اچھی طرح صفائی ستھرائی کرلیں۔ ریفریجریٹر کی تمام شیلفوں کو خالی کردیں اور جو چیزیں استعمال کے قابل نہیں رہیں انہیں پھینک دیں۔ اوپر کے خانے میں اگر برف جمی ہوئی ہے تو اسے بھی کھرچ کر صاف کردیں۔ جب یہ سارا عمل مکمل ہو جائے گا تو آپ کو خود اپنا کچن صاف ستھرا نکھرا ہوا اور اچھا لگے گا۔

 
3. تمام اجزا کو ترتیب سے رکھیں
اپنے کچن کو صاف ستھرا اور منظم رکھنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ گندے اور بدہیئت ڈبوں اور کنٹینرز کو نکال باہر کریں ان کی جگہ شیشے کے ایسے جار استعمال کریں جس میں رکھی چیز باہر سے بھی واضح نظر آئے تاکہ کھانا پکاتے ہوئے کسی چیز کو ڈھونڈنے کے لئے بار بار سارے ڈبے کھول کر نہ دیکھنا پڑے۔ تمام مرچ، مسالوں کو ایسے شفاف ڈبوں میں رکھنے سے آپ کا وقت  بھی بچے گا اور ذہنی کوفت بھی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ان ڈبوں اور کنٹینرز پر ایسی کاغذی چٹیں لگالیں جن پر ڈبے میں موجود نمک، مرچ یا مسالے کا نام لکھا ہو اس سے بھی آپ ذہنی کوفت اور بار بارچیزوں کو ڈھونڈنے کی مشقت سے بچیں گی۔ ان تمام چیزوں کو چولہے کے قریب اور اپنی نظر کے سامنے رکھیں  تاکہ جب بھی ضرورت ہو آپ ہاتھ بڑھا کر اسے اٹھا سکیں۔ اس ساری تگ و دو سے آپ کا کچن سمٹا ہوا، صاف ستھرا اور منظم نظر آئے گا۔ 
 


اب ان کار آمد مشوروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے باورچے خانے کو صاف ستھرا، کارآمد اور منظم کریں تاکہ آپ ویسا ہی کچن بناسکیں جیسا ایک اچھے اور خوبصورت کچن کے بارے میں آپ کا تصور ہے۔ 

null

بطور پاکستانی، اچھا کھانا میرے لیے ہمیشہ سے تسلی بخش رہا ہے۔ کیا یہ میں ہی ہوں جو اچھا کھانا کھا کے خوش ہوتی ہوں یا میرے ابو جو خود مجھے اسکول جانے پر ٹوفی کی آفر کرتے تھے۔۔۔کھانے کا تعلق ہم لوگوں کے لیے کچھ اور ہی ہے۔اس سے ہمارے جذبات بھی جڑے ہوئے ہیں ۔یہ لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔میں نے فوڈ ٹریبیون کیلئے لکھنا ہی کھانے کی محبت میں شروع کیا۔

 

اپنی رائے دیں

 

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں