سردیوں کے موسم میں صحت بخش کھانوں کے بارے میں کچھ کار آمد تراکیب۔

سردیوں کے موسم میں صحت بخش کھانوں کے بارے میں کچھ کار آمد تراکیب۔

سردیوں کے موسم میں صحت بخش کھانوں کے بارے میں کچھ کار آمد تراکیب۔

سردیوں کا موسم اپنی لمبی لمبی ٹھنڈی میٹھی راتوں کے ساتھ نمودار ہوچکا ہے اور اس موسم میں ہم میں سے کئی لوگوں کا وزن معمول سے بڑھ جاتا ہے کیونکہ سردیوں کے موسم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کھانے پینے اور پہننے اوڑھنے کے لیے سردیوں کا موسم بہترین ہے۔ تاہم اس موسم میں بار بار طبیعت کا خراب ہونا، بخار چڑھنا، نزلہ، زکام، کھانسی اور سردی لگنا جیسے مسائل بھی سامنے آتے ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں اس موسم میں اپنی کھانے پینے کی عادات کا ازسرِ نو جائزہ لینا ہوگا۔ ہمارے لیے صرف سردیوں کے موسم میں ہی نہیں بلکہ سارا سال ہی صحت مند، چست اور چاق و چوبند رہنا بہت ضروری ہے۔
سردیوں کی لمبی اور ٹھنڈی راتوں میں اچھی اور راحت بخش غذائیں کھانا بہت مفید ہے تاہم اس بارے میں پہلے اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ہمیں کس وقت، کیا کھانا چاہیے۔ 
 موسم سرما ایک ایسا وقت ہوتا ہے جس میں آپ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ آپ اپنی صحت مند کھانے کی عادات پر قائم رہیں اور اپنے آپ کو چاق و چوبند رکھیں۔
ذیل میں کچھ ایسے کار آمد طریقے دیئے جارہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ نہ صرف اپنی پسندیدہ غذائوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں بلکہ خود کو صحت مند اور توانا بھی رکھ سکتے ہیں۔

 
 
پھل اور سبزیاں کھائیں:
اس موسم میں خود کو صحت مند اور توانا رکھنے کے لیے سب سے پہلا کام جو آپ کرسکتے ہیں وہ پھل اور سبزیاں کھانا ہے کیونکہ پھلوں اور سبزیوں میں وٹامنز اور غذائیت کی بڑی مقدار ہوتی ہے جو آپ کے بدن میں موسم کے اثرات سے لڑنے کے لیے قوتِ مدافعت پیدا کرتی ہے۔ پھل اور سبزیاں آپ کے لیے فقط صحت بخش ہی نہیں ہیں بلکہ اپنے ذائقے میں بھی شاندار ہیں جو لذتِ کام و دہن کا سامان پیدا کرتی ہیں، لہٰذا سردیوں کا موسم مزے مزے کے پھل اور سبزیاں کھانے کے لیے بہترین ہے۔  
دوسری جانب پھلوں سے ہٹ کر اگر صرف سبزیوں کی بات کی جائے تو سبزیاں غذایئت سے بھر پور ہوتی ہیں اور ان میں صحت مند اجزا کی بہتات ہوتی ہے جو انسانی جسم کے لیے ہر طرح سے فائدہ مند ہیں۔ سبزیوں میں ایسے اجزا بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں جن کی سردیوں کے ٹھنڈے اور سخت موسم سے نبرد آزما ہونے کے لیے انسانی جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔ آپ چاہیں تو صرف پھلوں کی مکس چاٹ بنا کر بھی کھا سکتے ہیں اور اگر موڈ ہو تو صرف سبزیوں کو یکجا کرکے بھی ان کے سلاد سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ سردیوں کے موسم میں گریپ فروٹ، کیوی، لیموں، کینو، انار، امرود، بروکلی، گاجر اور اس موسم میں دستیاب دیگر پھلوں اور سبزیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور انہیں اپنی ونٹر ڈائیٹ میں ضرور شامل کریں۔ 

 
وٹامن ڈی بہت ضروری ہے:
یوں تو وٹامن ڈی آپ کے لیے سارا سال ہی ضروری ہے مگر سردیوں کے موسم میں انسانی جسم کو اور خاص طور پر آپ کی ہڈیوں کو وٹامن ڈی کی اشد ضرورت پڑتی ہے، وٹامن ڈی کی کمی کے باعث سردیوں کے موسم میں جسم اور خاص طور پر ہڈیوں میں درد ہونا عام شکایت ہے اور اس کی بڑی وجہ وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے۔ سورج کی براہ راست دھوپ وٹامن ڈی کی فراہمی کا سب سے بڑا اور قدرتی ذریعہ ہے، سردیوں کی دھوپ ویسے بھی بہت مزیدار ہوتی ہے۔ صبح کے وقت دھوپ میں بیٹھ کر کینو، امرود، انار، کیلے یا سیب کھانا بے حد فائدہ مند ہے۔ 
پھلوں، سبزیوں کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت سی قدرتی چیزیں ہیں جن میں وٹامن ڈی پایا جاتا ہے آپ چاہیں تو ان سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ذیل میں ایسی ہی کچھ چیزوں کی فہرست دی جارہی ہے جو آپ کے لیے وٹامن ڈی کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہیں۔
سامن اور ٹونا مچھلی، اورنج جوس، مٹر کی چٹنی، دودھ، مکھن، پنیر، بیف، انڈے کی زردی کو وٹامن ڈی کے حصول کے لیے سردیوں کے موسم میں خوب استعمال کریں۔


   
بہترین حصے:
 ہمارے خیال میں سردیوں کا موسم ہی ایسا بہترین وقت ہے جس میں آپ کو اپنے کھانے میں شامل بہترین غذائی حصوں کے بارے میں دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے خاص طور پر چاول، پاستہ، آلو وغیرہ جو ہر کھانے کے ساتھ مناسب انداز میں پیش کئے جا سکتے ہیں۔ کھانے کی میز پر اپنی پلیٹ بھرتے وقت خیال رکھیں کہ مختلف کھانوں کا تھوڑا تھوڑا حصہ پلیٹ میں ڈالیں تاکہ آپ کے جسم کو ایک وقت کے کھانے میں مختلف غذائی اجزا حاصل ہوں۔ 
یاد رکھیں، سردیوں کے موسم میں وزن بڑھانا بہت آسان ہوتا ہے کیونکہ سردیوں کے موسم میں معمول سے زیادہ کھایا جاتا ہے اور سردیوں میں کچھ ایسے کھانے بھی آپ کھاتے ہیں جن میں غذائی اجزا زیادہ ہوتے ہیں جو آپ کا وزن بڑھا کر آپ کے جسم کو فربہی کی جانب مائل کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ اگر آپ ہر بار کھانے کے وقت اپنی پلیٹ کو مختلف کھانوں کے تھوڑے تھوڑے حصے سے بھریں گے تو آپ کے جسم کی غذائی ضرورت بھی پوری ہوجائے گی اور آپ کا وزن بھی قابو میں رہے گا۔


 
آئرن سے بھرے کھانے آپ کے بہترین دوست:
کوئی مانے یا نہ مانے مگر یہ سچ ہے کہ سردیوں کے موسم میں آئرن سے بھرے کھانے کھانا انسانی جسم کے لیے بہترین ہے۔
یہ یقینی بنانے کے لیے کہ آپ کے جسم میں آئرن کی سطح بالکل وہیں ہے جہاں سمجھا جاتا ہے آپ جو سب سے اچھی چیز کر سکتے ہیں کہ وہ یہ ہے کہ آپ اپنی غذا میں زیادہ سے زیادہ کھانے کی ایسی اشیاء لیں جو آئرن سے مالا مال ہیں۔ ایسی غذائوں میں دالیں، سرخ گوشت، ہری سبزیاں، بیج، چنے اور ڈرائی فروٹس یعنی میوہ جات شامل ہیں۔


                                                                                                                                                                                                                                       
خشک میوہ جات ناشتے میں کھائیں:
ہم سب یہ جانتے ہیں کہ سردیوں کا موسم خشک میوہ جات سے لطف اندوز ہونے کا موسم ہے اور سردیوں کے اس ٹھنڈے موسم میں ان میوہ جات کا بھرپور مزہ لینے کا بہترین وقت ناشتے کا ہے۔ یوں تو آپ ان مزیدار میوہ جات سے کسی وقت بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں، چلتے پھرتے یا ٹی وی دیکھتے ہوئے، میوزک سنتے ہوئے یا کوئی کتاب پڑھتے ہوئے آپ مٹھی بھر خشک میوہ جات کا مزہ لے سکتے ہیں، قدرت کا یہ انمول تحفہ اپنے اندر توانائی کی بھرپور مقدار رکھتا ہے۔ یہ آپ کے لیے انتہائی صحت بخش ہیں اور ان کا لاجواب مزہ آپ کو خوب راحت اور سکون بخشتا ہے۔ جب آپ بھوک محسوس کررہے ہوں تو اس وقت بھی کھانے کے لیے ڈرائی فروٹس بہترین انتخاب ہیں۔


  
سردیوں کے موسم میں صحت مند اور توانا رہنے کے لیے یہ کچھ تراکیب ہیں جو ہم نے آپ کے گوش گزار کی ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ جب آپ اپنا اگلا ڈائیٹ پلان بنائیں گے تو یہ مٹھی بھر چیزیں آپ کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گی۔ 
آپ اوپر دیئے گئے ان تمام اقدامات پر غور کرسکتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سردیوں کے اس موسم میں آپ کے لیے ترجیحات کی فہرست میں آپ کی صحت سب سے اوپر ہوگی۔ 
 

null

ایسا شخص جسے کھانوں سے بہت محبت ہے،مجھے لکھنا بھی نا قابل بیان حد تک پسند ہے۔ یہاں آپ سے ان بلاگز کے ذریعے اپنے کچھ ذاتی خیالات شیئر کر رہی ہوں۔

 

اپنی رائے دیں

 

رائے (1)

اپنے ان باکس میں ترکیبیں، تجاویز اور خصوصی پیشکشیں حاصل کریں