بلاگ ایک ڈیجیٹل اسکول ہے جہاں آپ اپنے تاثرات اور سوچ دوسروں تک بڑی آسانی سے پہنچاسکتے ہیں۔
اپنے بلاگ کے ذریعے آپ کسی کو بھی تعلیم دے سکتے ہیں۔ یہ ہر طرح کی تہذیب کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جیسے مزیدار پکوان، صحت، تعلیم، بیوٹی، سفر، ادب و تہذیب اور مہم جوئی وغیرہ شیئر کرنے کا آسان طریقہ بلاگنگ ہے۔
بلاگنگ نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی جڑیں پھیلا لی ہیں۔، چاہے ریئلٹی سیکٹرہو، یا سیاحت یا پھر کاروبار،بلاگنگ کہاں نہیں ہے۔۔؟
آج کے دور میں لذیذ کھانوں کی بلاگنگ ایک نئی چیز ہے اور بہت سارے لوگ اس سے جڑے ہوئے اور اسکی طرف مائل دکھائی دیتے ہیں۔۔ فوڈ بلاگ وہ پلیٹ فارم ہے جہاں آپ کو کھانے کی تراکیب، ان پر تاثرات، کچھ مشورے اور تدابیر کے ساتھ ساتھ خوشنما کھانوں کی اشیاء کی بہت ساری تصاویر بھی مل سکتی ہیں۔ پاکستان کی بات کریں تو یہاں بہت سارے بلاگرز ہیں، جو پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ نہ صرف اپنے کھانوں کے بلاگز کے لئے جانے جاتے ہیں بلکہ میزبانی اور مہمان نوازی کے شعبے میں بھی ان کا حصہ ہے۔
کچھ لوگ صرف بھوک مٹانے کیلئے کھانا کھاتے ہیں، مگر کچھ لوگوں کو کھانے میں اس حد تک دلچسپی ہوتی ہے کہ وہ طرح طرح کی ڈشز ٹرائی کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے آپ کو "فوڈی" کہتے ہیں۔
شروع شروع میں زیادہ تر فوڈ بلاگرز پیشہ ور نہیں تھے۔ انہوں نے صرف اپنے اہلخانہ کے لیے اور ذہنی تنائو سے چھٹکارا پانے کے لیے کھانے پکانے کا آغاز کیا۔ مگر بعد میں ان کے کھانا پکانے کی انوکھی صلاحیتوں اور زبردست فوڈ ریسیپیز نے انہیں بلا گرز کی فہرست میں شامل کردیا۔
یہاں پر پاکستان میں مشہور فوڈ بلاگرز کی فہرست دی جارہی ہے، جنہیں مختلف مزیدار کھانوں کی وسیع اقسام کا تجربہ ہے اور انکی اپنی بنائی ہوئی تراکیب بھی عوام میں بے حد مقبول ہیں۔۔
1۔ اسپائس اسپون:
شائمہ سادات ایوارڈ یافتہ فوڈ بلاگ دی "اسپائس اسپون" کی بانی اور مصنفہ ہیں۔ اس بلاگ کو 2011 میں دی انڈپینڈنٹ کی طرف سے عالمی سطح پر پچاس بہترین فوڈ سائٹس میں شامل کیا گیا تھا۔ اس بلاگ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ بہت سارے پاکستانی ، ایرانی اور افغانی پکوانوں کا تڑکا لیے ہوئے ہے۔ یہ بہترین فوڈ بلاگ میں سے ایک ہے۔ کیونکہ اس میں بلاگر اپنے روایتی خاندانی کھانوں کو دنیا بھر کے ساتھ شیئر کرتی ہیں جس سے دنیا کو نسل در نسل چلتے اور ورثے میں ملنے والے لذیذ کھانوں کے بارے میں آگاہی ملتی ہے۔
شائمہ سعادت نوسال کی عمر سے ہی کھانا پکانے اور باورچی خانے میں نت نئے تجربات کرنے میں دلچسپی لیتی رہی ہیں۔ ان کے کھانے کی مہم جوئی ان کے راستے کا پتہ دیتی ہے جسے انہوں نے "سلک روٹ" کا نام دیا ہے۔۔
2. سعدیہ سعید:
سعدیہ فیصل آباد کی ایک ابھرتی ہوئی فوڈ بلاگر ہیں،جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کھانے سے متعلق ہر چیز کا احاطہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ وہ کھانے پینے کی تقریبات بھی کور کرتی ہیں اور اپنے فالوورز کو لاہور اور فیصل آباد کے ریستوران میں بنائی گئی بہترین، شانداراور لذیذ ڈشز کے بارے میں بھی آگاہ کرتی ہیں۔
3۔ فلور اینڈ اسپائس:
سارہ کے بلاگ کا نام ہے فلور اینڈ اسپائس جہاں آپ کو ملے گی کھانوں کی بھرپور ورائٹی۔۔۔ سارہ اپنی پسند کے برعکس حالات کے باعث شیف بنیں۔ سارہ پاکستانی نژاد کینیڈین مدر ہیں۔ جو بیکنگ کا شوق رکھتی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ کھانا پکانے سے بھی لطف اندوز ہوتی ہیں۔ چھوٹی بچی کی یہ ماں پہلے بطور فائنینشل ایڈوائزر کام کررہی تھیں مگر اب وہ اپنے اس نئے کام کو بہت پسند کرتی ہیں اور اپنے مداحوں کے ساتھ اپنے کھانے پکانے کے تجربے کو شیئر کر کے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
4۔ کم کون ایلا:
مہرالنساء یوسف کے انسٹاگرام بلاگ کم کان ایلا کی بڑھتی مقبولیت نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔۔ مہرالنساء کا یہ بلاگ نہ صرف اس کے خوبصورت ڈیزائن کے لئے مشہور ہے بلکہ ان کی ماہرانہ صلاحیتوں پر مبنی تراکیب، روایتی اور عالمی کچن کے لیے بڑے آرام سے لذیذ ڈشز بنانے کے انداز نے ان کے بلاگ کو نئی زینت بخشی ہے۔ وہ اپنی غیر معمولی صلاحیت سے تاریخی اور ورثے میں ملے کھانوں میں چھپے احساس کو ہر ڈش کے پیچھے پینٹ کرسکتی ہیں۔
ان کے پاس تصویری یادوں کی بھرمار ہے اسی لیئے وہ خود کو ویژول نوٹ ٹیکر کہنا پسند کرتی ہیں۔
5۔ مائی ہیپی چائوٹک کچن:
یہ بلاگ فوڈ بلاگر اثنا چلاتی ہیں، جو ایک پاکستانی نژاد امریکی ہیں۔ یہ مقامی اور بین الاقوامی ڈشز سے متاثرہ تراکیب تیار کرتی ہیں۔ اثنا زندگی کے بارے میں پُرامید رویہ رکھتی ہیں اور ان کی چیزیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ وہ زندگی کو جو ہے جیسا ہے کہ بنیاد پر گزارنا پسند کرتی ہیں۔ امیدوں سے بھرپور اثنا زندگی کے ہر اتار چڑھائو کو خوش دلی سے قبول کرتی ہیں۔۔ وہ زندگی کی تمام تر نعمتوں اور کوتاہیوں سے پیار کرتی ہیں۔
کھانوں کو سجانے سنوارنے اور خوبصورت بنا کر پیش کرنے کے خواہش مند فوڈ بلاگر اثنا سے کھانے کی پریزنٹیشن کے بارے میں معلومات اور ٹرینڈز بھی جان سکتے ہیں۔ کھانے کی پریزنٹیشن سے متعلق کیا چیز فیشن میں اِن ہے اور کون سا ٹرینڈ ہوگیا ہے پرانا۔۔۔۔ یہ تمام معلومات بھی ان سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
یہ ملک بھر کے مشہور چند فوڈ بلاگرز کی فہرست ہے۔ متعدد شہروں کے کچھ مزید بلاگرز کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔
- دی فوڈ لورز فرام کیپیٹل کچن/کوکنگ
-اسلام آباد فوڈیز
-ساراز ٹیک آوٹ
-آمنہ سیز
-سمیعہ عثمانی
-شیفلنگ ٹیلز
-گرل گاٹ آ ایٹ
فوڈ بلاگرز کا اپنا ایک چارم ہے اور ہمارے ملک میں فوڈ بلاگنگ کا مستقبل بہت روشن ہے۔ جہاں بہت سارے ہوٹلز اور ریسٹورانٹس لوگوں کو اپنے لذیذ اور شاندار ذائقوں کی طرف متوجہ کرنے کے لیے بڑی رقم خرچ کررہے ہیں۔۔ پاکستانی شہری بڑی دل چسپی کے ساتھ بین الاقوامی کھانا بھی پسند کررہے ہیں جس میں چائنیز، تھائی، لیبانیز اور میکسیکن کھانے شامل ہیں۔ فوڈ بلاگرز جو اس کام سے جڑے ہوئے ہیں اور خود کو منوا چکے ہیں وہ دوسروں کیلئے بھی مشعلِ راہ ہیں۔۔
اگر آپ کو بھی کھانا پکانے کا شوق ہے اور آپ بھی نت نئے کھانے پکانے کے طریقوں پر تجربات کرنا چاہتے ہیں تو اپنی یہ صلاحیت دنیا کو بتانے کی کوشش کیوں نہیں کرتے؟
اپنی رائے دیں