اٹلی فقط اپنے پیزا کی رنگا رنگی اور ذائقہ داری کے لیے ہی مشہور نہیں ہے بلکہ یہاں کی ایک اور مشہور ڈش پاستہ بھی دنیا کے متعدد ممالک میں یکساں مقبولیت کی حامل ہے۔ اٹلی کا یہ مشہور پاستہ دو چار دن میں دنیا بھر میں مقبول نہیں ہوا بلکہ اس کے پیچھے اس کے ذائقے اور لذت کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ اٹلی میں پہلی بار پاستہ کو 1292 میں متعارف کرایا گیا۔ جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے فقط چند ہی برسوں میں اپنے ذائقے، لذت اور غذایئت کے باعث پاستہ نے عالمی سطح پر فوڈ انڈسٹری میں مقبولیت کی نئی تاریخ رقم کردی اور ہم سب یہ جانتے ہیں کہ پاستہ کے اتنے مشہور ہونے کے پیچھے کیا عوامل تھے۔
پینی:
چھوٹے چھوٹے سلینڈرز کی شکل کے یہ پاستہ بھی اٹلی میں بے حد مقبول ہیں۔ یہ تو آپ کو پتہ ہی ہوگا کہ پاستہ اطالوی باورچیوں کی مہارت کا ہی ایک مزیدار نمونہ ہے جو اٹلی سے نکل کر دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا چکا ہے۔ عام طور پر اطالوی باشندے دو طرح کے پینی پاستہ پسند کرتے ہیں جن میں پینی لسکا اور پینی ریگاٹو شامل ہیں۔ پاستہ کی ان دونوں اقسام کو اٹلی میں سب سے زیادہ کھائے جانے والے پکوانوں میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اپنی لذتت، غذایئت اور منفرد مزے کی بنا پر یہ اطالوی پاستہ دنیا بھر میں مقبول ہیں۔
اسپاگیٹی:
سویوں کی شکل کی یہ لمبی لمبی اسپاگیٹی دیکھنے میں تو خوبصورت ہیں ہی کھانے میں بھی بہت مزے دار ہیں اور غذایئت میں بھی اپنا جواب نہیں رکھتیں۔ اٹلی کے روایتی کھانوں میں شامل اسپاگیٹی یہاں کی مشہور ترین ڈش ہے۔ اٹلی کے بعد سب سے زیادہ اسپاگیٹی جس ملک میں کھائی جاتی ہے وہ بھارت ہے جہاں سبزی خور افراد اسپاگیٹی کو چٹنی اور ساس کے ساتھ بہت ذوق و شوق سے کھاتے ہیں۔ گوشت خور افراد کے لیے اسپاگیٹی کو عموماً ٹماٹر کی چٹنی اور کوفتوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اگر آپ اسپاگیٹی کے ساتھ کوفتوں کا امتزاج پسند نہیں تو آپ اس میں گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بھی شامل کرسکتے ہیں۔ پاستہ کے خاندان میں شامل اسپاگیٹی بلونگنیس بھی دنیا بھر میں انتہائی مقبول پکوان ہے۔
میکرونی:
کہنی کی شکل کی یہ چھوٹی پاستہ جنہیں میکرونی کہا جاتا ہے اٹلی کے بعد سب سے زیادہ امریکہ میں کھائی جاتی ہے۔ ویسے تو پاستہ کی تمام اقسام اور سبھی شکلیں مقبول ہیں مگر پاستہ کی اس شکل کو سب سے زیادہ بچے پسند کرتے ہیں اس میں پنیر کی آمیزش سے اس کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ انگریزی کھانوں کے شوقین افراد میں بھی میکرونی بہت مقبول ہے جسے چھوٹے، بڑےافراد اور خواتین و مرد حضرات شوق سے کھاتے ہیں۔
:فیٹوسن
پاستہ کی ایک اور منفرد اور مزیدار شکل فیٹوسن کہلاتی ہے جو کہ رومن اور ٹسکن کھانوں میں انتہائی مقبول ہے۔ یہ سیدھی اور ٹھوس شکل کی فیٹوسن عام طور پر میدے اور انڈے سے بنائی جاتی ہے۔ پاستہ کی یہ شکل اٹلی کے بعد سب سے زیادہ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے۔ جسے بھنی ہوئی مرغی کی بوٹیوں اور وائٹ ساس کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ ہسپانیہ میں بننے والی فیٹوسن بھی دنیا کے متعدد ممالک میں مقبول ہے جسے اٹلی میں بھی خوب ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔
لاسانیا:
پاستہ کی یہ قدیم ترین شکل بھی دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہ قدرے چوڑی شکل کی سویوں کی طرح کے آٹے کے لچھے ہوتے ہیں جنہیں عموماً قیمے، پنیر اور ساس وغیرہ کے ساتھ مِلا کر کھایا جاتا ہے۔ لاسانیا
اپنی انوکھی لذت اور غذایئت کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہے جسے چھوٹے بڑے سبھی افراد شوق سے کھاتے ہیں۔ آپ چاہے دنیا کے کسی بھی ملک میں ہوں وہاں کے مشہور ریسٹورانٹس میں آپ کو لاسانیا آسانی سے مل سکتا ہے۔
پاستہ سے محبت کرنے والوں کے لیے ہم نے دنیا بھر میں مقبول ترین پاستہ کی جدید اور قدیم اشکال یہاں پیش کردی ہیں۔ صدیوں پرانے پاستہ کو مختلف انداز میں پکایا جا سکتا ہے اس کی ہر صورت اپنے اندر لذت، غذایئت اور توانائی کا خزانہ رکھتی ہے۔ آپ چاہیں تو ان مزیدار پکوانوں کو گھر پر بھی بنا سکتے ہیں۔ ان مشہور اور مزے دار پکوانوں کو کھانا یقیناً آپ کے لیے ایک شاندار اور ناقابلِ فراموش تجربہ ہوگا۔
اپنی رائے دیں