چیز بھری مرغی

(12158 وِیوز)

تلی ہوئی مرغی کے بے شمار پکوانوں میں ایک منفرد اور لذیذ اضافہ۔ مرغی کے نرم و ملائم اور مزے دار گوشت میں چیز بھر کر اسے ایسے تلا جاتا ہے کہ اس کی سوندھی خوشبو آپ کی اشتہا کو عروج پر پہنچادے۔ اس مزے دار پکوان کو اپنی پسندیدہ چٹنی یا ساس کے ساتھ کھائیں۔ خاص طور پر رات کے وقت کوئی فلم دیکھتے ہوئے یا ٹی وی پر اپنا پسندیدہ کھیل دیکھنے کے دوران اس کا مزہ اڑائیں۔ یہ لاجواب پکوان بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے۔

  • درمیانی
  • 2 افراد
  • 20 Min
  • 5 Likes

اجزاء

    • مرغی کا سینہ ایک عدد
    • موزریلا چیز کے پارچے حسبِ ضرورت
    • سیخیں حسبِ ضرورت
    • سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ
    • لال مرچ کُٹی ہوئی آدھا چائے کا چمچ
    • ثابت زیرہ آدھا چائے کا چمچ
    • نمک حسبِ ذائقہ
    • کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ
    • خشک میتھی آدھا چائے کا چمچ
    • سرکہ ایک چائے کا چمچ
    • لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ
    • لیموں ایک عدد
    • دھنیا ایک چوتھائی گٹھی
    • تیل دو کھانے کے چمچ
    • ڈبل روٹی کا چُورا حسبِ ضرورت
    • لال مرچ کُٹی ہوئی ایک چائے کا چمچ
    • نمک حسبِ ضرورت
    • کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ
    • میتھی آدھا چائے کا چمچ
    • انڈے، پھینٹے ہوئے دو عدد
    • تیل حسبِ ضرورت

ترکیب

  • سب سے پہلے مرغی کے سینے کے گوشت کا ٹکرا لیں اس میں اندر کی جانب ایک گہرا شگاف ڈالیں تاکہ اس میں چیز کو بھرا جا سکے۔
  • اب اس شگاف کو چیز کے پارچوں سے بھر لیں اور تنکوں یا سیخوں کی مدد سے اسے اچھی طرح بند کرلیں۔
  • اب ایک بڑے پیالے میں پسی ہوئی کالی مرچ، کُٹی ہوئی لال مرچ، ثابت زیرہ، نمک، پسی ہوئی خشک میتھی، سرکہ، لہسن کا پیسٹ، لیموں، دھنیا اور تیل ڈال کر اچھی طرح ملائیں تاکہ تمام اجزا یکجان ہو جائیں۔
  • اب مرغی کے گوشت کو اس آمیزے میں لتھیڑ کر اچھی طرح تہہ چڑھالیں اور 20 منٹ تک میرینیٹ ہونے کے لئے رکھ دیں۔
  • اب ایک طشتری میں ڈبل روٹی کا چورا لیں اس میں کُٹی ہوئی لال مرچ، نمک، کالی مرچ اور خشک میتھی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔
  • مرغی کے گوشت کو پھینٹے ہوئے انڈوں کے آمیزے میں اچھی طرح ڈبوئیں تاکہ اس پر اس کی تہہ چڑھ جائے۔
  • اب اس گوشت کو ڈبل روٹی کے چورے میں اچھی طرح لتھیڑ لیں، اس عمل کو دوہرائیں تاکہ مرغی کے گوشت پر دونوں طرح کے آمیزے کی اچھی تہہ چڑھ جائے۔ اس کے بعد اسے ایک الگ پلیٹ میں رکھ لیں۔
  • اب پہلے سے گرم کئے ہوئے تیل میں اسے اچھی طرح تل لیں جب زردی مائل سنہری ہوجائے تو نکال لیں۔
  • مزیدار چیز بھری مرغی تیار ہے۔ خوب مزے سے کھائیں۔ نیچے دیئے گئے خانے میں ہمیں اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کرنا نہ بھولیں۔
 
اس ترکیب کو پسند کریں؟

آپکو کیسا لگا؟