کراچی کے باشندوں اور لاہوریوں کا ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ ہورہا ہے کہ ملک میں سب سے بہترین پکوان کس کے حصے میں آتے ہیں۔ تاہم، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کسی بحث کی طرف جارہے ہیں، ایک بات تو یقینی طور پر طے ہے کہ دونوں شہروں میں کچھ نمایاں اور روایتی کھانے ہیں جنہیں آپ کو ضرور آزمانا چاہیے۔
اس بات کے ساتھ ہم یہ بھی کہنا چاہتے ہیں کہ اگر آپ لاہور میں ہیں تو آپ کو اس شہر کے کچھ منتخب پکوانوں کو ضرور کھانا چاہیے جن کے شاندار ہونے کے بارے میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے۔
سلطان پورہ میں منو سری پائے کے پائے ضرور آزمائیں:
لاہوریوں سے اگر پوچھا جائے کہ بہترین پائے کہاں ملتے ہیں تو وہ ضرور منو کے پائے کے بارے میں بتائیں گے جن کے لاجواب ہونے کے بارے میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے۔
لاہور میں کھانوں کے شوقین افراد کو کسی بھی وقت کھانے کے موقع پر تازہ پکے ہوئے گرما گرم نان کے ساتھ مزیدار پائے سے لطف اندوز ہوتے پایا جاسکتا ہے۔ مگر یہ وبائی بیماری یعنی کورونا سے پہلے کی بات ہے۔
مسلم ٹاؤن میں بابا جی قلفی والے کا فالودہ:
لاہور کے علاقے مسلم ٹائون میں یہ مشہور باباجی قلفی والے کافی عرصے سے مقیم ہیں اور مستقل طور پر مزیدار ربڑی، قلفی اور فالودہ سے لاہوریوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ اگر آپ لاہور جائیں تو باباجی کا فالودہ ضرور ٹرائی کریں۔
مزنگ میں واقع بشیر دارالماہی کی بیسن فرائیڈ راہو:
ہمیں اچھی طرح سے تلی ہوئی دیسی مچھلی ہمیشہ سے پسند رہی ہے، خاص طور پر جب یہ تازہ ہو۔ اگر آپ بھی تازہ اور تلی ہوئی دیسی مچھلی کھانے کے شوقین ہیں اور اتفاق سے لاہور میں ہی موجود ہیں تو آپ کو بشیر کی بیسن میں تلی ہوئی راہو مچھلی سے زیادہ تازہ، لذیذ اور لاجواب مچھلی نہیں ملے گی، جسے مزیدار آلو بخارا چٹنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، یہ سردیوں کی خنک شاموں میں لطف اندوز ہونے کے لیے ایک بہترین ڈش ہے۔
سمن آباد میں واقع کیفے ریاض کا مزیدار ٹکا ٹک:
اگر آپ نہیں جانتے کہ ٹکا ٹک کیا ہے تو آپ اس کے بارے میں جان کر تھوڑی دیر کے لیے حیرت میں ضرور پڑ جائیں گے۔
یہ ایک خاص لاہوری اسٹائل پر مشتمل مزیدار پکوان ہے، جس میں بکرے کا بھیجا اور دل، گردے، کلیجی وغیرہ شامل ہوتے ہیں اور اس کا ذائقہ بڑھانے کے لیے ساتھ میں کچھ سبزیوں کی آمیزش بھی کی جاتی ہے۔
یہ سب کچھ ایک بڑے توے پر ڈال کر اس کا قیمہ بنایا جاتا ہے اور اسے کچلنے کے دوران جو مسلسل ٹکا ٹک کی آواز آتی ہے اسی کی مناسبت سے اس ڈش کو یہ منفرد نام ملا ہے۔
اگر آپ لاہور میں ہیں اور آپ نے ابھی تک کیفے ریاض کا مشہور ٹکا ٹک نہیں چکھا تو ضرور ٹرائی کریں کیونکہ یہ بہترین ہے۔
انارکلی کے وارث نہاری ہاؤس کی لذیذ نہاری:
نہاری، لاہوری ناشتے کا ایک اہم اور بنیادی حصہ ہے۔
ہمیں غلط نہ سمجھیں، ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ لاہور میں رہنے والا ہر شخص روزانہ ناشتے میں نہاری ہی کھاتا ہے بلکہ اس کا معاملہ یہ ہے کہ آئوٹ ڈور ناشتے سے لطف اندوز ہونے کے لیے جب کوئی اپنے اہلخانہ کے ساتھ باہر نکلتا ہے تو اس کی پہلی ترجیح وارث کی نہاری ہوتی ہے۔
جہاں بچے، بڑے اور خواتین و حضرات نہایت ذوق و شوق سے نہاری اور گرما گرم نان کے ناشتے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
لکشمی چوک کے بٹ کڑاہی کی لاجواب کڑاہی:
اگر ہم سے لاہوری کھانوں کے بارے میں ہماری ذاتی پسند پوچھی جائے تو بلا مبالغہ یہ ہماری اولین پسندد ہوگی اور ہمیں یہ کہنے میں بھی کوئی عار نہیں کہ کوئی بھی ان کی طرح کی مٹن کڑاہی نہیں بناتا۔
لاہور میں گھومنے پھرنے والے سیاح اور مقامی لوگ روزانہ اس کڑاہی سے یکساں طور پر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اس جگہ کے بارے میں حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہاں پیش کی جانے والی کڑاھی کو آخری تڑکہ مکھن کا لگایا جاتا ہے جو اس کی لذت میں بے پناہ اضافہ کردیتا ہے، لیکن اگر آپ ابتدا ہی سے اس عمل کا حصہ بنیں گے تو آپ کو زیادہ مزہ آئے گا کیونکہ یہاں آپ کو خود ہی گوشت کا انتخاب کرنے اور اسے کاٹتے، بناتے ہوئے دیکھنے کی ترغیب دی جاتی ہے جس کے بعد کڑاھی کے مکمل تیار ہونے تک سارا عمل آپ کی آنکھوں کے سامنے ہی وقوع پذیر ہوتا ہے۔
شاد باغ امیر روڈ کے جیلا چنے والا کے مزیدار چنے:
چاہے آپ سادہ چنے کھانے کا ارادہ رکھتے ہوں یا مرغ چنے یا مٹن چنے کا آرڈر دیں جیلا چنے والا ہر بار آپ کو بہترین کھانا پیش کرتا ہے۔
یوں تو چنے عام طور پر ہر جگہ مل جاتے ہیں مگر جیلا چنے والا کا کمال اس کے چنوں اور مسالوں کا بہترین امتزاج ہے اور پھر اس میں چکن (مرغ) یا مٹن بھی ملالیا جائے تو یہ آپ کو انگلیاں چاٹنے پر مجبور کردیتا ہے اور بظاہر یہ سادہ سا پکوان ایک خاص اہمیت اختیار کرلیتا ہے۔
بیڈن روڈ پر واقع چمن کی پستہ بادام آئس کریم:
اگر آپ لاہور سے ہیں تو آپ یقیناً اس کی گواہی دیں گے کہ بیڈن روڈ کی چمن آئسکریم کس قدر لاجواب ہے اور اگر آپ لاہور کے شہری نہیں ہیں تو آپ کو چمن کی پستہ بادام والی آئسکریم کو آزمانے کی ضرورت ہے۔
یہ آئس کریم پارلر گذشتہ کئی دہائیوں سے لاہوریوں کو مزیدار آئسکریم پیش کررہا ہے اور یقیناً یہ شہر کا ایسا محبوب مقام ہے جہاں لوگ شوق سے جانا پسند کرتے ہیں۔ اگر ہم سے رائے طلب کی جائے تو ہم ان کے پستہ بادام فلیور کو آزمانے کی سفارش کرتے ہیں۔
مین مال روڈ پر واقع رنگیلا برگر کے انڈا شامی:
آئیے اس سوال کا جواب ڈھونڈیں جس کو پڑھنے والے تمام کراچی والے سوچ رہے ہیں۔ جی ہاں، ایک انڈا شامی ایک بن کباب جیسا ہی ہے جسے عام طور پر برگر یا بن کباب میں شامی کباب کی طرح رکھ کر کھایا جاتا ہے مگر لاہور کے اس انڈا شامی کا منفرد ذائقہ اسے اہم بناتا ہے اور اسے حاصل کرنے کا بہترین مقام مین مال روڈ پر واقع رنگیلا برگر ہے۔
غالب مارکیٹ میں واقع بیسٹ سموسہ شاپ کے مزیدار سموسہ چھولے:
جب ہم نے پہلی بار اس کے بارے میں سنا تو ہمیں یہ عجیب سا لگا کیونکہ کراچی والے سموسے اور چھولوں کو دو الگ الگ پکوان سمجھتے ہیں اور انہیں ملا کر کھانا واقعی ایک عجیب سی چیز ہے مگر آپ یقین کریں کہ اسے ٹرائی کرنے کے بعد ہم نے اپنا ذہن بدل لیا۔
ایک سموسہ اپنے طور پر بہت اچھا ہے لیکن اس کو کچل کر اس میں کچھ چنے (چھولے) اور چٹنی شامل کرنے سے اس کا ذائقہ آپ کو پوری طرح ایک نئے لیول تک لے جاتا ہے۔
سبزی منڈی کے ٹرک اڈہ پر الیاس دُنبہ کڑاہی کی مزیدار دُنبہ کڑاہی:
یہ جگہ اتنی مشہور ہے کہ اگر آپ سبزی منڈی میں اپنی گاڑی سے نکلیں اور صرف لفظ دُنبہ کہیں تو کوئی بھی راہ چلتا شخص آپ کو صحیح سمت کی طرف گامزن کر
دے گا۔
بالکل، یہ کوئی مذاق نہیں ہے، لاہور کی سبزی منڈی میں واقع ٹرک اڈا کی یہ دُنبہ کڑاہی پورے شہر میں اتنی مشہور ہے کہ آپ کسی سے بھی دنبہ کڑاہی کا ذکر کریں تو لوگ آپ کو الیاس دُنبہ کڑاہی کا ہی رستہ بتائیں گے۔
گراٹو جلیبی کی گرما گرم لاجواب جلیبی:
لاہور کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں سردیوں کی کوئی شام گرما گرم جلیبی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، نہ صرف کسی عام جلیبی کے بلکہ خاص طور پر گراٹو جلیبی کی مزیدار جلیبیوں کے ساتھ آپ اپنی شام کو یادگار بناسکتے ہیں۔
گراٹو جلیبی آپ کو جو جلیبی پیش کرتا ہے وہ ریگولر جلیبی سے دُگنے سائز کی ہوتی ہے اور اس کے اوپر کچھ اضافی چینی بھی ڈالی جاتی ہے یہی چیز گراٹو جلیبی کو خاص بناتی ہے۔
چوبرجی کے خان بابا ریسٹورانٹ کے لاجواب قیمے والے نان:
اگر آپ کو قیمے والا نان پسند ہے تو آپ خان بابا ریسٹورانٹ میں پکے ہوئے اس لاجواب قیمے والے نان کو ضرور پسند کریں گے۔ یہ واقعی لاہور کے بہترین بھرے ہوئے نان ہیں۔
ٹکسالی گیٹ کے تاج محل کی حلوہ پوری:
اگر ہم ایمانداری سے کہیں تو شہر میں تقریباً ہر جگہ ملنے والی حلوہ پوری بہت مزے کی ہوتی ہے مگر تاج محل میں پیش کی جانے والی حلوہ، پوری اور چنے شہر کے باقی حصوں میں ملنے والی حلوہ پوری سے بالکل الگ اور منفرد ہیں، لہٰذا آپ کو اسے ضرور چکھنا ہوگا۔
ٹاؤن شپ کے شیخ جی سموسے کی مزیدار سموسہ چاٹ:
ٹاؤن شپ کے قلب میں واقع ایک پوشیدہ جوہر شیخ جی سموسے ہیں، اسے ضرور ٹرائی کریں۔ ایک چھوٹی مگر ٹھیک ٹھاک دکان کے ساتھ شیخ جی سموسے ایک ایسی جگہ ہے جس پر آپ شاید توجہ نہیں دیتے اور وہاں سے کوئی نوٹس لیے بغیر گزر جاتے ہیں، مگر ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نہ ہو، کیونکہ اس سے آپ بہترین سموسے اور سموسہ چاٹ سے محروم ہوجائیں گے اس کا ائقہ ایسا نرالا اور منفرد ہے کہ آپ نے پہلے کبھی نہیں چکھا ہوگا۔
کیا لاہور میں کھانوں کے ٹھکانوں سے متعلق کچھ اور بھی پوشیدہ جواہرات ہیں جن کا ہم نے ذکر نہیں کیا؟ اگر ایسا ہے تو براہ کرم ہمیں ذیل میں دیئے گئے تبصرہ سیکشن میں ضرور بتائیں۔
اپنی رائے دیں