شائی-قاضی

شائی قاضی

Quetta, پاکستان

پاکستان سے تعلق رکھنے والے شیف شائی قاضی سیکڑوں اقسام کے دیسی اور غیر ملکی کھانے پکانے کی صلاحیت کے باعث عالمی سطح پر مقبول ہیں اور ان کے اس ہُنر کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے۔ شائی قاضی کو پاکستان کے دیسی کھانوں کے ساتھ ساتھ فرانسیسی، اطالوی، ایشیائی، میڈیٹرانین اور انڈین کھانے پکانے میں خوب مہارت حاصل ہے۔ مسالا ٹی وی پر مقبول ترین کوکنگ شو سمپلی شائی سے عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والی شائی قاضی کے شو کو نہ صرف دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے بلکہ انہیں لاکھوں ناظرین کی پسندیدگی بھی حاصل ہے۔ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پیدا ہونے والی شائی قاضی نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ ہی سے حاصل کی اور باٹنی کے شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تاہم بعد میں انہوں نے کوکنگ کو اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کی اور اسی شعبے میں دنیا بھر میں نام کمایا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں کھانے پکانے میں نئے نئے تجربے کرنے کا شوق ہے اور ان کے زیادہ تر تجربے کامیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے کھانا پکانے کی نت نئی تراکیب سیکھنے اور اس ہُنر میں مہارت حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر کا سفر کیا ہے اور ہر جگہ سے نئی سے نئی چیزیں سیکھی ہیں جنہیں وہ اپنے کوکنگ شو میں اپنے ناظرین کے ساتھ ڈسکس بھی کرتی رہتی ہیں۔ شائی قاضی امریکی شیفس کو ان کی ہُنر مندی اور شاندار کھانے پکانے کی صلاحیتوں کے باعث بہت پسند کرتی ہیں جن میں ٹیلر فلورینس اور میری سو ملیکین شامل ہیں۔ شائی قاضی انہیں اپنی انسپریشن قرار دیتی ہیں۔ شائی قاضی اپنی ہُنر مندی اور کھانے پکانے کی مہارت کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہیں ان کا ماننا ہے کہ کھانے پکانے اور لذتِ کام و دہن کی دنیا بہت بڑی ہے، کھانا پینا انسنا کی بنیادی ضرورت ہے اور یہ شعبہ اتنا وسیع ہے کہ رہتی دنیا تک اس میں نت نئے تجربات ہوتے رہیں گے۔ شائی قاضی چاہتی ہیں کہ وہ نئی آنے والی خواتین شیفس کے لیے انسپریشن اور ایک روشن مثال بنیں۔