پاکستان میں مشہور اور مقبول ترین شیفس میں سے ایک شیف محبوب خان نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران توقعات سے بڑھ کر اپنے شعبے میں مہارت کا ثبوت دیا ہے۔ یہ سدا بہار شیف اپنے کام میں حیرت انگیز مہارت کے حامل ہیں مگر ان کا مسلسل جدوجہد کا سفر دیگر کامیاب افراد کی مانند اتنا آسان اور سہل نہیں ہے۔ آئیے ان کے کوکنگ کے اس طویل سفر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ کراچی میں پیدا ہونے والے شیف محبوب ایک پٹھان فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ نوجوانی سے ہی انہیں کھانے پکانے اور اس میں نت نئی اختراعات کرنے کا شوق تھا، ہائر ایجوکیشن کمیشن سے امتحان پاس کرنے کے بعد انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ کے کورس میں داخلہ لیا اس سے پہلے شیف محبوب میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہے تھے مگر شعبہٗ طب میں جانے کے بجائے انہوں نے کھانے پکانے کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کو پسند کیا اور اس میں خوب محنت کی کیونکہ ان کا شروع سے ہی مقصد کوکنگ کی دنیا میں نام اور پہچان کمانے کا تھا۔ اسی محنت اور لگن کے باعث آج شیف محبوب پاکستان کے بہترین اور اعلیٰ ترین شیفس میں شمار کیے جاتے ہیں۔ شیف محبوب کئی بڑی بڑی تنظیموں کے برانڈ ایمبیسڈر رہ چکے ہیں اور انہوں نے اپنی فوڈ چین بھی شروع کررکھی ہے۔ جس کے تحت یہ مختلف خریداروں کو صاف ستھرا اور صحت مند کھانا فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ شیف محبوب پاکستان کے مہنگے ترین شیفس میں بھی شمار کیے جاتے ہیں۔ حالیہ کچھ برسوں میں اگرچہ کوکنگ انڈسٹری نے خاطر خواہ ترقی کی ہے اور اس میں کئی نئی راہیں کھلی ہیں مگر شیف محبوب کا کہنا ہے کہ جذبے اور جنون کا کسی چیز سے کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ اگر آپ اس میدان میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو آپ کے شوق اور لگن کے آگے کوئی بند نہیں باندھ سکتا۔