جولیا-چائلڈ

جولیا چائلڈ

California, United States

دنیا کے اہم اور بڑے شیفس میں شامل جولیا کیرولین ایم سی ولیمز1912 میں زمینوں کی دیکھ بھال کرنے والے ایک خوشحال گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ وہ امریکا کی ایک مشہور شیف اور ٹی وی کی مشہور شخصیت تھیں جنہوں نے پہلی بار فرانسیسی کھانوں کو امریکا میں متعارف کرایا۔ جولیا کو شروع میں کھانے پکانے یا فوڈ انڈسٹری میں نام کمانے کا کوئی شوق نہیں تھا یہ شوق انہیں پائول نامی شخص سے ملنے کے بعد ہوا جو بعد میں ان کا شریکِ حیات بنا۔ پائول کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے تھا جو کھانے پینے کا عمدہ ذوق رکھتا تھا اسی کی وجہ سے جولیا کے دل میں بھی کھانے پکانے کی مہارت حاصل کرنے کا شوق بیدار ہوا اور انہوں نے اسی صنعت میں دنیا بھر میں نام کمایا۔ جولیا چائلڈ نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد کوکنگ شوز کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے جن میں کوکنگ ود ماسٹر شیفس اور بیکنگ ود جولیا شامل ہیں۔ 12 ستمبر 1983 کو ان کی کھانے پکانے کی تراکیب اور مہارت کے حوالے سے پہلی کتاب ماسٹرنگ دا آرٹ آف فرینچ کوکنگ شائع ہوئی جو کہ نصف صدی سے زائد عرصہ تک بیسٹ سیلر رہی۔ 1983 سے لے کر 2000 تک ان کی متعدد کتابیں شائع ہوئیں جن میں انہوں نے اپنے کھانے پکانے کا ہُنر سیکھنے سے لے کر ایک مشہور شخصیت بننے تک کے عروج و زوال کی داستان، مزیدار کھانے پکانے کی تراکیب اور نسخہ جات کو شامل کیا۔ ان کی کتابیں پڑھنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد دنیا بھر میں پائی جاتی ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جولیا چائلڈ کی کتابیں پڑھ پڑھ کر کھانے پکانے کی مہارت حاصل کی۔ ان کی چند مشہور کتابوں میں جولیا چائلڈ اینڈ کمپنی اور فرام جولیا چائلڈ کچن شامل ہیں۔ ان کے مشہور کوکنگ شوز اور کتابوں کے زریعے امریکی لوگوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے فرانسیسی کھانے پکانا انتہائی آسان ہوگیا۔ انہوں نے اپنی کتابوں اور کوکنگ شوز میں کھانے پکانے کی اپنی بنائی ہوئی تراکیب اور نسخہ جات بھی پیش کئے جن کی دنیا بھر میں لوگوں نے پیروی کی۔ برسوں تک کوکنگ کی دنیا پر راج کرنے والی جولیا چائلڈ کا انتقال 91 برس کی عمر میں گردے ناکارہ ہونے کے باعث 2004 میں کیلی فورنیا میں ہوا۔ تاہم وہ اپنے پیچھے مزے مزے کے شاندار اور لذیذ کھانے پکانے کی ماہرانہ تراکیب اور آزمودہ نسخے چھوڑ گئی ہیں۔ نت نئے کھانے پکانے کے شوقین افراد اور کوکنگ کی صلاحیتوں کو پیشہ بنانے والے لوگ بھی ان کی لاجواب کتابوں کو انتہائی ذوق و شوق سے پڑھتے ہیں اور ان کی مدد سے اپنے ہنر میں اضافہ کرتے ہیں۔