ڈانیلا-سوتو اینیس

ڈانیلا سوتو اینیس

Mexico City, Mexico

میکسیکو سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ باصلاحیت شیف کو حال ہی میں دنیا کے 50 بڑے اور اہم شیفس کے ساتھ ۔شامل کیا گیا ہے ڈانیلا کا کہنا ہے کہ جب آپ کا شوق، جذبہ اور لگن عروج پر ہو تو آپ کی عمر سوائے اعداد و شمار اور ہندسوں کے ہیر پھیر کے اور کچھ نہیں رہتی، کیونکہ انسان کا کام ہی اس کی پہچان بنتا ہے۔ فقط 28 سال کی عمر میں عالمی سطح پر شہرت اور نام کمانے والی ڈانیلا غضب کی قوتِ عمل اور نت نئی ایجادات کی خواہش رکھتی ہیں اور کھانے پکانے کی دنیا میں نئے سے نئے تجربات کرنے کے لیے پُرجوش رہتی ہیں۔ اپنے اسی شوق، جذبے اور لگن کے باعث ان کا نام کھانے پکانے کی دنیا کے بڑے اور اہم ناموں کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ ڈانیلا میکسیکو سٹی میں ایک وکیل جوڑے کے گھر پیدا ہوئیں، نہایت کم عمری سے ہی انہیں کھانے پکانے میں دلچسپی پیدا ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ اپنے گھرانے کے لیے مزے مزے کے کھانے بنانے میں ماہر ہوگئیں۔ جس کے بعد ان کا سفر آگے ہی آگے بڑھتا چلا گیا اور آج ان کا نام دنیا کے مشہور ترین اور بہترین شیفس کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ ڈانیلا کا کہنا ہے کہ یہ عزت شہرت اور نام انہوں نے اپنی لگن اور ان تھک محنت کے باعث کمایا ہے۔ بچپن میں تیراکی سے شغٖف رکھنے والی ڈنیلا نے ہمیشہ شیف بننا چاہا تھا اور اپنی روز و شب کی محنت کے باعث آج فقط 28 سال کی عمر میں ہی وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ ڈانیلا دوسروں کو عزت دینے اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے میں بھی پیش پیش رہتی ہیں۔ ڈانیلا میکسیکو سٹی میں ایک ریسٹورانٹ چلاتی ہیں جو اپنے رنگا رنگ اور انواع و اقسام کے کھانوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ان کی کھانا پکانے کی مہارت اور صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ایک انٹر نیشنل آرگنائزیشن نے ان کے ریسٹورانٹ کو دنیا کے 50 بہترین ریسٹورانٹس میں شامل کیا ہے۔ ڈانیلا کا کہنا ہے کہ وہ ہر وقت نئی سے نئی چیزیں سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے کے لیے تیار رہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھانے پکانے کی دنیا بہت بڑی ہے اور اس میں ہر روز نئی سے نئی چیزیں سیکھنے کو ملتی ہیں، اب یہ آپ کی ذاتی لگن اور شوق پر منحصر ہے کہ آپ کیا کیا سیکھنا چاہتے ہیں۔ خود مختار اور بااختیار خواتین کی جب بات کی جائے گی تو ڈانیلا کے نام کو ایک شاندار مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا کیونکہ کھانے پکانے کی صنعت میں جہاں دنیا بھر میں مسابقت بڑھتی جارہی ہے وہاں ایک نوجوان خاتون کا اتنی تیزی سے نام اور پہچان کمانا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔