سعادت-صدیقی

سعادت صدیقی

لاہور, پاکستا ن

پاکستان میں نت نئے کھانے پکانے کی ماہرانہ صلاحیتوں کے حامل شیفس کا جب بھی ذکر ہوگا اس میں شیف سعادت صدیقی کا نام بھی شامل ہوگا۔ انہوں نے اے آر وائی کے ذوق ٹی وی پر چلنے والے اپنے مشہورِ زمانہ کوکنگ شو سے ملکی و غیر ملکی سطح پر شہرت حاصل کی۔ سعادت صدیقی نے اگرچہ کمپیوٹر سافٹ ویئر میں تعلیم اور ڈگری حاصل کی تاہم انہوں نے اس شعبے میں اپنا مقام و مرتبہ بنانے کے بجائے اپنے کوکنگ کے شوق کو ہی کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے آسٹریلیا میں واقع ایک لوکل ریسٹورانٹ سے نت نئے کھانے پکانے کی تعلیم، تربیت اور تجربہ حاصل کیا۔ آسٹریلیا میں قیام کے دوران انہوں نے مختلف انسٹی ٹیوٹس سے تربیت اور کئی ڈگریاں حاصل کیں۔ اپنے شاندار اور زندگی سے بھرے میزبانی کے انداز کے باعث انہیں پاکستان کا مقبول ترین شیف ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان میں اور ملک سے باہر بھی ان کے مداحوں اور پرستاروں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔ ایک ریسٹورانٹ کھولنا اور وہاں نامیاتی غذائوں پر مبنی کھانے بنا کر لوگوں کو پیش کرنا ان کا خواب ہے۔ اے آر وائی ذوق پر ان کے ریکارڈڈ اور لائیو شو روایتوں کی لذت سے انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوئی جہاں انہیں دیکھنے اور سراہنے والوں میں ہر عمر اور ہر طبقے کے افراد موجود ہیں۔ اپنے شوق، جذبے، لگن اور شاندار کھانے پکانے کی مہارت کے باعث سعادت صدیقی کا نام پاکستان کے کونے کونے میں جانا پہچانا جاتا ہے۔ ان کا نام دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے شیفس میں احترام سے لیا جاتا ہے۔